EPAPER
Updated: December 19, 2021, 1:22 AM IST | Lucknow
کولکاتا نائٹ رائیڈرز کیلئے آئی پی ایل کا خطاب ۲؍بار جیتنے والے گمبھیر نے ٹیم انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا
نڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کی نئی فرنچائزی لکھنؤ نے سنیچر کو ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز گوتم گمبھیر کو ٹیم کا مینٹور مقرر کیا۔اس کی تصدیق کرتے ہوئے فرنچائز کے مالک سنجیو گوینکا نے کہا کہ ۲؍ بار کے آئی پی ایل فاتح کپتان گوتم سپورٹ اسٹاف میں بطور مینٹور شامل ہوں گے۔ گوتم کی تقرری گوینکا کے آر پی ایس جی گروپ کا دوسرا بڑا اعلان ہے، جس نے اکتوبر میں لکھنؤ فرنچائز کو۷؍ہزار۹۰؍ کروڑ روپے کی سب سے مہنگی بولی میں خریدا تھا۔
واضح رہے کہ کولکاتہ نائٹ رائیڈرز اور دہلی کیپٹلس کے سابق کپتان گوتم گمبھیر سے پہلے جمعہ کو زمبابوے کے سابق بلے باز اینڈی فلاور کوٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیاتھا۔
گوینکا اور گوتم دونوں کے قریبی لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ اچھے دوست رہے ہیں اور ان کا کرکٹ اسوسی ایشن کا منصوبہ ایک طویل عرصے سے بنایا گیا تھا۔ ورلڈ کپ جیتنے والے دہلی کے کرکٹر گوتم گمبھیر طویل عرصے سےلکھنؤٹیم کی تیاری کا حصہ ہیں۔ دونوں کے ایک دوست نے کہا’’ گوینکا کے ٹیم خریدنے کے بعد، اب دونوں کا رشتہ رسمی اور پیشہ ورانہ ہو گیا ہے۔‘‘سمجھاجاتا ہے کہ گوتم گمبھیر کے ساتھ، ان کے ایک وقت کے دہلی اور کولکاتا ٹیم کےساتھی وجے دہیا بھی فرنچائز میں شامل ہوئے ہیں۔ سابق ہندوستانی وکٹ کیپر وجے کو اسسٹنٹ کوچ کے طور پر شامل کیا گیا ہے، جو اس وقت ریاست اتر پردیش ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں۔
ٹیم میں گوتم گمبھیرکا خیرمقدم کرتے ہوئے، سنجیو گوینکا نے ان کے بے داغ کریئر کی تعریف کی۔ گوینکا نے گوتم گمبھیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا’’گوتم کا ایک شاندار کریئر رہا ہے۔ میں کرکٹ کے تئیں ان کی سوچ اور لگن کا احترام کرتا ہوں اور ان کے ساتھ کام کرنے کے لئے پرجوش ہوں۔‘‘
دوسری طرف گوتم گمبھیر نے اس بارے میں کہا’’ڈاکٹر گوینکا اورآرپی ایس جی گروپ کا بہت شکریہ کہ مجھے ان کے سیٹ اپ میں یہ شاندار موقع فراہم کیا۔ مقابلہ جیتنے کی آگ آج بھی میرے اندر جلتی ہے۔ ایک فاتح کی میراث چھوڑنے کی خواہش اب بھی مجھے۲۴؍ گھنٹے بے چین کرتی ہے۔ میں ڈریسنگ روم کیلئے نہیں بلکہ اتر پردیش کے جذبے اور ہمت کیلئے مقابلہ کروں گا۔ مجھے یہ موقع فراہم کرنے کیلئے ڈاکٹر گوینکا اور آرپی ایس جی گروپ کا بہت شکریہ۔ ‘‘
گوتم گمبھیر کا آئی پی ایل کریئر
گوتم گمبھیر ۱۰؍سیزن آئی پی ایل میں بطور کھلاڑی کھیل چکے ہیں، ۲۰۰۸ءسے ۲۰۱۰ء تک وہ اپنی ہوم ٹیم دہلی ڈیئر ڈیولز کا حصہ تھے۔ اس کے بعد وہ ۲۰۱۱ءمیں کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر)میں شامل ہوئے اور انہیں کپتان کا کردار دیا گیا۔ گمبھیر کی ہی کپتانی میں کے کے آر نے ۲۰۱۲ء اور ۲۰۱۴ءمیں آئی پی ایل کا خطاب جیتا تھا۔ ۲۰۱۸ءسیزن کے پہلے کے کے آرنے انہیں ریلیز کردیا تھا اور پھر دہلی ڈیئرڈیولز کے ساتھ انہوں نے بطورکپتان واپسی کی تھی۔ حالانکہ اس سیزن کے وسط میں گمبھیر نے کپتانی چھوڑ دی تھی اور شریس ایر کو دوبارہ دہلی کا کپتان بنایا گیا تھا۔
بین الاقوامی کریئر پر ایک نظر
گمبھیر کا بین الاقوامی کریئر بھی شاندار رہا ہے جہاں انہوں نے ۵۸؍ٹیسٹ میں۴؍ ہزار ۱۵۴؍رن بنائے ہیں جبکہ۱۴۷؍ ون ڈے میچوں میں ان کے نام۵؍ہزار۲۳۸؍ رن ہیں اور ۳۷؍ ٹی ۔۲۰؍ انٹرنیشنل میں گمبھیر نے ہندوستان کےلئے۹۳۲؍ رن بنائے ہیں۔ انہوں نے دسمبر ۲۰۱۲ءمیں تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیاتھا۔