EPAPER
Updated: February 05, 2022, 1:00 PM IST | Agency | Olembe
پنالٹی شوٹ آؤٹ میں مصر نے کیمرون کو ۱۔۳؍ سے شکست دے دی ۔فل اورایکسٹرا ٹائم تک اسکور صفر۔ صفر رہا۔ فائنل میں سینیگال سے مقابلہ
افریقہ کپ آف نیشنز کے دوسرے سیمی فائنل میں مصر نے پنالٹی شوٹ آؤٹ پر میزبان ملک کیمرون کو ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔اب فائنل میں مصر کا مقابلہ سینیگال سے ہوگا جس میں انگلش پریمیر لیگ کے معروف فٹبال کلب لیورپول کے۲؍اسٹار محمد صلاح (مصر) اور سادیو مانے (سینیگال ) آمنے سامنے ہوں گے۔ جمعرات کی دیر رات کیمرون میں کھیلے جانے والے افریقہ کپ آف نیشنز کے دوسرے سیمی فائنل میں مصر اور کیمرون آمنے سامنے آئے تھے اور مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ اس کے بعد فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ہوا جہاں مصر کے گول کیپر گباسکی ہیرو ثابت ہوئے، انہوں نے کیمرون کی دوپنالٹی روک کر مقابلہ ایک کے مقابلے ۳؍ گول سے جتا کر اپنی ٹیم کو فائنل تک پہنچا دیا۔ ایونٹ کا فائنل اتوار کو مصر اور سینیگال کے درمیان کھیلا جائے گا۔خیال رہے کہ سینیگال نے دیگر ایک سیمی فائنل میں بُرکینا فاسو کو ایک کے مقابلے ۳؍گول سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں لیورپول کے اسٹار سادیو مانے نے بھی ایک گول کیا تھا۔خیال رہے کہ سنیچر کو افریقہ کپ آف نیشنز میں تیسرے اور چوتھے مقام کیلئے پلے آف میچ کھیلا جائے گا جو کہ بُرکینا فاسو اور کیمرون کے درمیان ہوگا۔ فُل ٹائم تک کیمرون اور مصر کی ٹیموں نے گول کرنے کیلئے پوری کوشش کی، ایکسٹرا ٹائم میں بھی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے زبردست زور لگایا تاہم کوئی گول نہ ہوسکا اور میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ سے کیاگیا۔پنالٹی شوٹ آؤٹ میں پہلا گول کیمرون کیلئے ونسینٹ ابوبکر نے کیا۔ مصر کیلئے برابری کا گول زی زو نے کیا۔ اس کے بعد کیمرون نے یکے بعددیگرے ۳؍پنالٹی شوٹ آؤٹ ضائع کردیئے۔ ایچ ماؤکودی اور جے ایل سیلکی کے شاٹ کو مصر کے گول کیپر محمد ابو جبل جو گباسکی کے نام سے شہرت رکھتے ہیں ، نے روک کر مصر کی فتح یقینی کردی تھی۔ مصر کی جانب سے پنالٹی کے ۲؍ گول ایم عبدالمنیم اور ایم لاشیم نے کئے اور مصر نے یہ اہم میچ ۱۔۳؍ گول کے فرق سے جیت لیا۔ فائنل میں مصر کے ہیڈ کوچ کارلوس کیوروز اسٹیڈیم کے اسٹینڈ سے میچ دیکھیں گے اور وہ ڈگ آؤٹ سے باہر رہیں گے۔ انہیں جمعرات کی رات میچ کے دوران ٹچ لائن کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں ریفری نے میدان سے باہرکردیا تھا۔ خیال رہے کہ مصر نے افریقہ کپ آف نیشنز سب سے زیادہ ۷؍بار جیتا ہے اور اس کے پاس ۸؍ویں بار یہ خطاب جیتنے کا سنہرا موقع ہے۔ دوسری طرف سادیو مانے اپنی ٹیم سینیگال کو پہلی باراس ٹورنامنٹ کا فاتح بنانا چاہتے ہیں۔ ۲۰۱۹ء میں یہ ٹیم فائنل میں الجیریا سے ہار گئی تھی ۔ اس بارسادیو مانے کی کوشش ہوگی کہ ان کی ٹیم فائنل میں محمد صلاح کی ٹیم کو شکست دے کر فاتح بنے۔