Inquilab Logo Happiest Places to Work

خوردنی تیلوں کے اسٹاک کی حد طے کرنے والی یوپی پہلی ریاست

Updated: October 28, 2021, 11:57 AM IST | Agency | Lucknow

تیلوں کی جمع خوری پر نکیل کسنے کے لئے ریاستی حکومت نے بدھ کو اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کردیا،تہواروں کے موسم میں شہریوں کو راحت ملنے کی امید

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

خوردنی تیلوں کی قیمتوں میں اضافہ کو کنٹرول کرنے کے مقصد سے اترپردیش  نے خردہ اور تھوک تیل فروخت کرنے والوں کے اسٹاک کی حد طے کردی ہے۔خوردنی تیلوں کی جمع خوری پر نکیل کسنے کے لئے ریاستی حکومت نے بدھ کو اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ اس کے ساتھ ہی اترپردیش خوردنی تیلوں کے ارتکاز کی حد طے کرنے والا ملک کاپہلا صوبہ بن گیا ہے۔ مرکزی حکومت کے محکمہ خوراک اور شہر ی تقسیم  کے سیکریٹری سدھانشو پانڈے نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ `مرکزی حکومت کے بعد ریاستی حکومت نے خوردنی تیلوں کی اسٹاک کی حد طے کرنا شروع کردیا ہے ۔ اس قدم سے تہواروں کے موسم میں لوگوں کو راحت مل سکتی ہے۔ ہم نے اس بارے میں۲۳؍ریاستوں سے تبادلہ خیال کیا تھا۔ ان میں اترپردیش ایسا پہلا صوبہ ہے جس نے خوردنی تیلوں کے اسٹاک کی حد طے کرنے کا لئے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے گزشتہ ہفتہ منافع خوروں اور جمع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت  دی تھی تاکہ تہواروں کے موقع پر لوگوں کو مہنگائی سے کچھ راحت مل سکے۔ پانڈے نے بتایا کہ ہریانہ اور گجرات بھی اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کرنے کی تیاری کرچکے ہیں جس کی اتباع دیگر۹؍ریاستیں کررہی ہیں۔ اترپردیش حکومت نے مختلف  اسٹاک ہولڈروں کے لئے ایک سے۲۵؍ٹن کے اندر اسٹاک کی حد طے کی ہے۔ اس تعلق سے گزشتہ۱۲؍اکتوبر کو نوٹیفکیشن جاری کیا جاچکا ہے۔ سدھانشو پانڈے نےاس توقع کا اظہار کیا کہ کھانے کے تیلوں کے اسٹاک کی حد طے کرنے کا اثر بازارمیں جلد دکھائی دے گا۔ انہوں نےکہاکہ کورونا بحران کے دوران تیل کے پروڈکشن میں کمی آئی تھی لیکن اب حالات معمول پر آرہے ہیں۔ توقع ہے کہ جلد ہی کھانے کی تیلوں کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔ اس سے پہلے مرکزی حکومت نے گھریلو بازار میں خوردنی تیلوں کے اسٹاک کی بھی حد اگلے سال۳۱؍مارچ تک طے کرنے کا حکم دیا تھا۔ مہاراشٹر،کیرالا ،آندھرا پردیش ،تمل ناڈو،چھتیس گڑھ  اورجھارکھنڈ جیسی ریاستوں نے بھی تیل کے اسٹاک کی حد متعین  کرنے کی کارروائی شروع کردی ہےاور اس سلسلے میںمختلف زمروںکے تعلق سے مختلف نوٹیفکیشن جلد ہی جاری کئے جائیں گے۔  بتایا جارہا ہےکہ نئی فصل کی آمد اور عالمی سطح  پرقیمتوں میں ممکنہ کمی کے ساتھ ملک میں ریٹیل خوردنی تیلوں کی قیمتیں دسمبر سے نرم ہونا شروع ہو جائیں گی۔ سدھانشو پانڈے نے یہ بات گزشتہ مہینے کہی تھی لیکن اس کے ساتھ ہی ریاستوںکو اسٹاک کی حد طے کرنے کی تجویز بھی زیر غور تھی ۔ واضح رہے کہ ہندوستان اپنے خوردنی تیل کا۶۰؍ فیصد درآمد کرتا ہے۔ فیوچر مارکیٹ میں دسمبر میں ڈیلیوری کے لیے خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی کے رجحان کو دیکھتے ہوئے، ایسا لگتا ہے کہ  ریٹیل قیمتیں کم ہونا شروع ہو جائیں گی، لیکن کوئی ڈرامائی کمی نہیں ہوگی کیونکہ  قیمتوں پر عالمی دباؤ تو برقرار رہے گا ۔ان دونوں بین الاقوامی مارکیٹ پامولین تیل کی قیمت میں۵۰ ؍ فیصد تک اضافہ  ہوچکا  ہے۔

oil prices Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK