EPAPER
Updated: October 24, 2021, 11:08 AM IST | Lucknow
یو پی کے چیف سیکریٹری راجندر کمار تیواری کی صدارت میں میٹنگ،تیوہاروںکے موسم میں لازمی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا
یوگی حکومت نے یوپی میں تیوہاروں کے موسم میں خوردنی تیل ، سبزی اور دال کی قیمتوں میں اضافے کوروکنے پر زور دیا ہے۔ سنیچرکو ریاستی حکومت نے تیو ہار کے موسم میںکو مناسب قیمتوں پر لازمی اشیاء کی فراہمی اور ان کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات دی ہیں۔
ریاست کے چیف سیکریٹری راجندر کمار تیواری کی صدارت میں سنیچر کو منعقدہ میٹنگ میں آئندہ تیوہاروں کے موقع پر لازمی اشیاء مکی کمی نہ ہونے دینے اور ان کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے پر غور کیا گیا ۔
اس دوران راجند کمارتیواری نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تیوہاروں کے دوران مناسب قیمتوں پر لازمی اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے ہفتے میں تین بار جائزہ لیں۔ انہوں نے گزشتہ چند دنوں میں چنا، ارہر دال، اُرد دال، ٹماٹر اور پیاز کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کے پیش نظربازار میں ان اشیاء کی دستیابی اور ا ن کی قیمتوں میں اضافے کے اسباب کا پتہ لگانے کیلئے جائزہ لینےکاحکم دیا ۔
میٹنگ میں راجندرتیواری نے محکمہ زراعت اور محکمہ باغبانی اور منڈی پریشد کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ان اجناس کے تاجروں سے قیمتوں میں اضافے کی وجہ معلوم کریں اور انہیں پروڈیوسر منڈیوں سے سپلائی کرکے ان کی مناسب دستیابی کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر اس پر بھی خصوصی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ تیواری نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ خوردنی تیل کے تاجروں سے بات کرکےتیوہاروں کے دوران مناسب قیمتوں پر خوردنی تیل کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔
چیف سیکریٹری نے اشیائے خورد و نوش کے معیار پر نظر رکھنے اور آنے والے تیوہاروں کے دوران اس کی جانچ کیلئے ایک خصوصی مہم چلانے کی بھی ہدایت دی۔
میٹنگ میں زراعتی پیداوار کمشنر آلوک سنہا اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری(داخلہ) اونیش کمار اوستھی اور دیگر متعلقہ سینئر افسران موجود تھے۔