EPAPER
Updated: October 15, 2021, 8:33 AM IST | saadat khan | Mumbai
مہاراشٹرمیں ہونےوالی بےموسم بارش اور سیلاب کےسبب فصل خراب،شدید گرمی کی وجہ سے بیرون ریاست سے آنے والی سبزیاں خراب ہورہی ہیں، ڈیزل کی قیمت میںہونےوالے اضافہ سے بھی قیمتیں بڑھ گئی ہیں،گھرو ں کا بجٹ متاثر ہورہا ہے،عوام نے ٹماٹر اورپیاز کا استعمال کم کردیا
مہاراشٹرمیں ہونےوالی بےموسم بارش اور متعدد مرتبہ آنے والے سیلاب کے علاوہ شدید گرمی کے سبب سبزیوں اور ترکاریوںکی پیداوار میں کمی آنے اور ڈیزل کی قیمت میںہونےوالے اضافہ سےتقریباً ۴۰؍ قسم کی سبزیوںاورترکاریوں کی قیمتوںمیںاچانک ہونے والے اضافے سے عوام پریشان ہیں۔ ٹماٹر ۸۰؍ ،پیاز ۵۰؍ ،بھنڈی ۶۰؍ اورمٹر ۱۸۰ ؍ روپے کلو جبکہ ہرا دھنیا ۴۰؍ روپے بنڈل فروخت ہورہا ہے۔ تمام سبزیوں اور ترکاریوںکی قیمتوںکے دگنا ہونے سے گھروںکے خرچ کا بجٹ بگڑگیاہے۔ گھرو ںمیں ٹماٹر اورپیاز کا استعمال کم کردیاگیاہے۔
تھوک بیوپاریوں کےمطابق بے موسم بارِ ش اور سیلاب سے سبزیو ں کی پیداوار متاثرہوگئی ہے جس سے ان کی قیمتوں میں اضافہ ہواہے۔ بیرونِ ریاست سے آنےوالی سبزیاں شدید گرمی سے خراب ہورہی ہیں جس سے مال کی کمی ہوگئی ہے۔اے ایم پی سی مارکیٹ ، واشی ( ویجیٹبل )کے ڈائریکٹر نےبتایاکہ سبز یوں کی پیدا وارمیں کمی کے سبب تھوک بازارمیں ایک ہفتہ قبل جن سبزیوںکی قیمت۱۵؍تا ۲۵؍روپے کلو تھی ان کی قیمت اب ۲۵؍ ۴۰؍رو پے کلو ہوگئی ہے۔
مو رلینڈروڈ ،نیانگر کی خاتون خانہ صائمہ انصاری نےبتایاکہ’’گزشتہ ہفتہ جن سبزیوںکی قیمت ۴۰؍ تا ۶۰؍روپے کلوتھی ان کی قیمت اچانک دگنی ہوگئی ہے جس سے گھر کا بجٹ متاثرہوا ہے۔ ایک تو کورونا اور لاک ڈائون کی مار سے لوگ اب بھی پریشا ن ہیں دوسری طرف روزمرہ کے استعمال کی ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہونےوالے اضافہ نےمشکلیں مزیدبڑھا دی ہیں۔ سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ غریب انسان اپنی زندگی کیسے گزارے ۔‘‘
بائیکلہ کے سماجی کارکن الطاف پٹیل نے بتایاکہ ’’ میرے گھر سےبائیکلہ سبزی مارکیٹ قریب ہے۔ اس لئےاکثر مارکیٹ جانا ہوتاہے ۔ ایک ہفتہ قبل تمام سبزیاں مناسب قیمتوں پر دستیاب تھیں لیکن فی الحال ہر سبزی کی قیمت دگنی ہوگئی ہے۔ گزشتہ ہفتہ میں نے عمدہ قسم کی پیاز ۵۰؍روپے میں ڈھائی کلوخریدی تھی۔ جبکہ بدھ کو معمولی قسم کی ڈھائی کلوپیاز کی قیمت ۹۰؍ روپے اداکرنی پڑی ہے۔ اچھی پیاز کی قیمت ۴۰؍ تا ۴۵؍روپے کلوہوگئی ہے ۔ اسی طرح ہرا دھنیا گزشتہ ہفتہ ۱۰؍روپے میں بڑی جوڑی مل رہی تھی ، اس سے آدھی جوزی بدھ کو ۴۰؍روپےمیں خریدنا پڑی ہے۔ سبزی کی قیمتوں میں آگ لگی ہے۔ ‘‘
میراروڈ کی ایک خاتون نےبتایاکہ ’’ گزشتہ ہفتہ ٹماٹر کی قیمت ۳۰؍تا۴۰؍روپے کلوتھی۔ لیکن اب ٹماٹر کی قیمت ۸۰؍روپے کلو ہوگئی ہے ۔ ٹماٹر کے ساتھ پیازکی قیمت سےبھی آنکھو ںمیںآنسوآرہےہیں۔ ۵۰؍ روپے کلو پیاز فروخت ہورہی ہے ۔ ٹماٹر اورپیاز کی قیمتوںسے پریشان ہوکر ان کا استعمال ہی کم کرنےکافیصلہ کیاہے ۔‘‘
سنت گاڈگے مہاراج بھاجی پالا منڈی بائیکلہ کے جنرل سیکریٹری آصف قریشی نے بتایاکہ ’’سبزیوں کی قیمتوںمیں ہونےوالے اضافے کی سب سےا ہم وجہ بے موسم اوراچانک ہونےوالی بارش ہے ۔ جس کی وجہ سے مہاراشٹر کےمتعدد اضلاع ڈوب گئے تھے۔ اس سے سبزیوںکی فصل خراب ہوگئی ہے۔پیداوار کے کم ہونے سے سبزیوںکی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔دوسری وجہ یہ ہےکہ ان دنوں گرمی بہت پڑ رہی ہے ۔ بیرون ِ ریاست سے آنےوالی سبزیاں گرمی سے خراب ہو جارہی ہیں ۔ اس لئے بھی بیرونِ مہاراشٹر کی سبزیوںکی قیمتوںمیں اضافہ ہواہے۔ تیسرے ڈیزل اورپیٹرول کی بڑھتی قیمت سےٹرانسپورٹ کی شرح بڑھ گئی ہے ۔ یہ بھی ایک وجہ ہے جس سے سبزیوںکی قیمتوںمیں اضافہ ہواہے۔ گرمی کم ہوگی تب ہی بیرونِ مہاراشٹر سےآنے والی سبزیوںکی قیمتوںمیں کمی آئے گی۔ٹماٹر ان دنوں ۵۰؍تا ۵۵؍ روپے کلو تھوک بازار میں فروخت ہورہاہے اس لئے خوردہ بازارمیں اس کی قیمت ۷۰؍تا ۸۰؍روپے تک پہنچ گئی ہے۔ بارش اورسیلاب سے بھاجی پالا مثلاًہرا دھنیا، پودینہ، پالک اور سویا وغیرہ سڑگئے ہیں جس سے ان کی پیداوار کم ہوگئی ہے۔ اس لئے ان تمام سبزیوں کی قیمتیں بڑھ گئی ہے۔ ہمارے مارکیٹ میں روزانہ ۲۵؍تا ۳۰؍ ٹرک مال آتاہے مگر ان دنوں ۵؍تا ۷؍ٹرک ہی مال آرہاہے ۔ مال کے کم ہونے سےقیمتوںمیں اضافہ ہورہاہے۔ہرے دھنئے کی جو جوڑی ۵؍تا۱۰؍روپےمیں فروخت ہوتی تھی وہ اب ۳۰؍تا۴۰؍روپےمیں بک رہی ہے۔‘‘
اے ایم پی سی مارکیٹ واشی ( ویجیٹیل ) کے ڈائریکٹر شنکر پرنگلے نے بتایاکہ ’’بےموسم کی بارش اور شدید گرمی سے سبزی، ترکاری اوربھاجی کی فصل خراب ہوگئی ہے جس سے ان کی قیمتوںمیں اضافہ ہواہے۔ مارکیٹ میں تقریباً ۴۰؍ قسم کی سبزیاں اور ترکاریاں آتی ہیں۔ ان تمام کی فصل کے خراب ہونے سے پیداوارکم ہوئی ہے ۔ مال کم آرہاہے اس لئے ان کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ ۱۰؍تا ۱۲؍دن قبل ان سبزیوںاور ترکاریوںکی تھوک قیمت ۱۵؍تا ۲۵؍روپے کلو تھیں لیکن اب ان کی قیمت ۲۵؍تا ۴۰؍روپےکلو ہوگئی ہے۔ جس سےخوردہ بازار میں سبزیوںکی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔‘‘