EPAPER
Updated: February 11, 2022, 9:52 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
کسی طرح کی فیس میں بھی اضافہ نہیں ، میونسپل اسکولوں کی عمارتوں کو مضبوط بنانے ، پانی کی وافرمقدار میں فراہمی اور کینسراسپتال شروع کرنے کی تجاویز ، کلسٹراسکیم کیلئے ۱۴۹؍ کروڑ روپے مختص
: تھانے میونسپل کمشنر ڈاکٹر ویپن شرما نے جمعرات کو تھانے میونسپل کارپوریشن ( ٹی ایم سی ) کا منافع کا بجٹ پیش کیا۔ ۳؍ ہزار ۲۹۹؍ کروڑ روپے کا بجٹ اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین سنجے بھویئر کو پیش کیاگیا جس میں کسی ٹیکس میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ البتہ میونسپل کارپوریشن کی آمدنی کے نئے ذرائع تلاش کرنے پر زور دیاگیا ہے ، خصوصی طو رپر شہری ترقیاتی پروجیکٹوں سے آمدنی حاصل ہونے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔میونسپل کمشنر ڈاکٹر ویپن شرما نے بتایا کہ ’’سال ۲۲-۲۰۲۱ء کا اصل بجٹ۲؍ ہزار ۷۵۵؍ کروڑ ۳۲؍ لاکھ روپے تھا لیکن کورونا کے سبب کچھ محکموں سے متوقع آمدنی حاصل نہیں ہوسکی۔
بجٹ میں میونسپل کمشنر نے جو اعلانات کئے ہیں، وہ درج ذیل ہیں:
صاف پانی کی فراہمی
تمام ڈویژن میں تھانے کے شہریوں کو صاف اور خاطرخواہ پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے درج ذیل اسکیمیں شروع کی جائیں گی:
(۱) تھانے شہر میں پانی کی فراہمی بڑھانے کی منصوبہ بندی:پانی سپلائی کے محکمے نے تھانے شہر کی بڑھتی آبادی کیلئے درکار اضافی پانی کی فراہمی کیلئے پِسے پمپنگ اسٹیشن پر اضافی صلاحیت کے پمپ لگانے کا کام شروع کیا ہےجس کے نتیجے میں تھانے شہر کو اضافی۱۰۰؍ ایم ایل ڈی پانی دستیاب ہو گا۔ (۲) تقسیم کے نظام کی توسیع اور مضبوطی: تھانے شہر کےگھوڑبندر روڈعلاقے میں ریماڈلنگ اسکیم کے تحت نئی پائپ لائن بچھانے،۳؍ تالاب اور۲؍ سمپ پمپ ہاؤس اور ڈسٹری بیوشن لائنوں کو بچھانے کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ دیوا اور ممبرا وارڈوں کے لئے واٹر ری ماڈلنگ کے کام کے تحت نئی ٹرانسمیشن لائنیں بچھانے، واٹر ٹینک اور سمپ ہاؤس کی تعمیر نیزر ڈسٹری بیوشن لائن بچھانے کا کام جاری ہے۔ بقیہ محکموں کیلئے نئے سرے سے کام شروع کرنے کیلئے مرکزی حکومت کے امرت ۲؍ سے فنڈز حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
کینسر اسپتال شروع کرنے کی تجویز
ٹاٹا کینسراسپتال کے ساتھ مل کر کینسر اسپتال قائم کیا جائے گا۔ وہاں نرسنگ کالج کے ساتھ پیرا میڈیکل کورس کی سہولت فراہم کرنے کی بھی تجویز ہے۔
میونسپل اسکولوں کی عمارتوں کو مضبوط بنانے کی تجویز
میونسپل اسکولوں کی عمارتوں کی مضبوطی اور مرمت کیلئے ۲۳-۲۰۲۲ء کے بجٹ میں ۲۰؍ کروڑ روپے مختص کرنے تجویز ہے۔چھترپتی شیواجی مہاراج اسپتال اور اس سے ملحقہ راجیو گاندھی میڈیکل کالج کو بااختیار بنانے کیلئے مجوزہ بجٹ میں۱۰؍ کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔
تھانے شہر میں بھاری ٹریفک کو منظم کرنے کیلئے نجکاری کے ذریعے کھارے گاؤں میں ٹرک ٹرمنس تیار کرنے کا منصوبہ ہے۔
کلسٹرا سکیم کے لئے ۱۴۹؍ کروڑ روپے
تھانے میں کلسٹرا سکیم نافذ کرنے کیلئے معاہدہ ( ایم او یو) کے تحت مختلف کاموں کیلئے ۱۴۹؍ کروڑ روپے فراہم کئے جارہے ہیں۔اس سلسلے میں تھانے میونسپل کارپوریشن اور سڈکو کے درمیان معاہدہ پر دستخط کئے گئے ہیں۔ٹریفک ریگولیشن کے اقدامات کیلئے : ۱۰؍ کروڑ روپے
سڑکوں کی ازسرنوتعمیرکیلئے ۲۵۰؍ کروڑ روپے
تھانے میں مختلف علاقو ںکی سڑکوں کی از سر نو تعمیر کیلئے ۲۵۰؍ کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ مزید ۱۰ ؍ کروڑ روپے سڑکوں کو گڑھوں سے پاک کرنے کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔
پارکنگ پلازہ میں ملٹی اسپیشلٹی اسپتال کا قیام
اس وقت پارکنگ پلازہ میں۵۰؍ بستروں پر مشتمل پڈیاٹرک انٹینسیو کیئر یونٹ( پی آئی سی یو) جاری ہے جس میں پہلی مرتبہ این آئی سی یو بیڈ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے ۳۰؍ بیڈ دستیاب کرائے جائیں گے۔ اس وقت پارکنگ پلازہ میں ۱۱۰۰؍ بیڈ پر مشتمل کووِڈ مریضوں کے علاج کیلئے ڈی سی ایچ شروع کیا گیا ہے۔ شہر میں کووڈ۱۹؍ کے پھیلنے کے بعد پرائیویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ/ماہرین کی شراکت سے تھانے شہر میں ایک ملٹی اسپیشلٹی اسپتال شروع کرنے کی تجویز ہے۔