EPAPER
Updated: December 11, 2021, 9:01 AM IST | Mumbai
ورنہ کچرا لے جانے والے ٹرک روک دیئے جائیں گے : ٹی ایم سی میں اپوزیشن لیڈر اشرف پٹھان کا انتباہ۔ ڈمپنگ گراؤنڈ معاملے میں بدعنوانی کاالزام
تھانے میونسپل کارپوریشن(ٹی ایم سی) میں اپوزیشن لیڈر اشرف (شانو) پٹھان نے جمعہ کو واگلے اسٹیٹ میں واقع سی پی ٹینک ڈمپنگ گراؤنڈ کا دورہ کیا اور الزام عائد کیا کہ میونسپل کارپوریشن کے افسران اور ٹھیکیدار کی ملی بھگت اور بدعنوانی کےسبب اس ڈمپنگ اسٹیشن کو بند نہیںکیاجارہاہے اور اس سے لاکھوں روپے کمائے جارہے ہیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر شہری انتظامیہ نے اس ڈمپنگ گراؤنڈمیں کوڑاکرکٹ پھینکا بند نہیں کیا تو کچرا لے جانے والی گاڑیوں کو احتجاجاً روک دیا جائے گا۔
گزشتہ کئی برسوں سے اس ڈمپنگ گراؤنڈ پر کوڑاکرکٹ ڈالا جاتا رہاہے۔ اگرچہ شہری انتظامیہ یہ کہہ رہا ہے کہ کچرے کو چھانٹا جاتا ہے اور اس کے بعد کوڑا کرکٹ ڈمپنگ گراؤنڈ میں ڈالا جا رہا ہے لیکن ٹی ایم سی ہیڈ آفس کے سامنے بھوک ہڑتال کرنے والے شہریوں کا کہنا ہےکہ یہ زمین صرف ڈمپنگ گراؤنڈ کیلئے استعمال ہو رہی ہے۔ انہوں نے اشرف پٹھان سے ملاقات کی تھی اور اس مسئلہ کا حل نکالنے کی درخواست کی تھی۔ اسی لئے اشرف پٹھان نے میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کے ساتھ اس جگہ کےدورہ کیا ۔ ان کے ساتھ این سی پی یوتھ صدر وکرم کھامکر بھی موجود تھے۔
واگلے اسٹیٹ میں ڈمپنگ گراؤنڈ کا مسئلہ سنگین ہوتا جارہا ہے اور کوڑاکرکٹ کادو منزلے جتنا ڈھیر بن گیا ہے۔
جائزہ لینے کے بعد اشرف شانوپٹھان نے کہا کہ دیوا ڈمپنگ گراؤنڈ کا مسئلہ حل کرنے کیلئے پلاٹ ۲۰؍لاکھ روپے میں لیز پرلیا گیا ہے اور اگر وہیں پر سی پی ٹینک کا بھی کوراکرکٹ ڈمپ کیا جائے تو واگلے اسٹیٹ کے شہریوں کو راحت ملے گی ۔ انہوںنے الزام لگایا کہ ’’ٹھیکیدار کوڑاکرکٹ اٹھانے والوں کے ذریعے اپنی جیبیں بھر رہے ہیں۔ ٹھیکیدار ۱۲؍ روپے میں اسکریپ لے کر لاکھوں روپے کما رہے ہیں۔ اس معاملے میں تھانے کے نگراں وزیر ایکناتھ شندے، وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹرجتیندر اوہاڑ، میئر نریش مہسکے، سینئر کونسلر نجیب ملا، ہیمنت جگدالے اور میونسپل کمشنرسے بات چیت کرکے حل نکالنے کی کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ تاہم ٹھیکیداروں کی ہٹ دھرمی اگر اسی طرح جاری رہی تو این سی پی یوتھ کانگریس کوڑاکرکٹ لے جانے والے کسی ٹرک کو علاقے میں داخل نہیں ہونے دے گی۔