Inquilab Logo Happiest Places to Work

تھانے: پروجیکٹ متاثرین کے مکانات میں بدعنوانی کیخلاف بے مدت احتجاج شروع

Updated: January 18, 2022, 9:11 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ٹی ایم سی کے صدردفتر کے سامنے این سی پی کے کارپوریٹروں نے نعرے لگائے۔ بدعنوان میونسپل افسران کے خلاف جانچ اور کارروائی کا مطالبہ

NCP corporators and officials are protesting in front of the TMC headquarters.
ٹی ایم سی صدردفتر کے سامنے این سی پی کے کارپوریٹرس اور عہدیداران احتجاج کرر ہے ہیں۔ (تصویر: انقلاب)

:تھانےمیونسپل کارپوریشن ( ٹی ایم سی) کے صدر دفتر  کےسامنے این سی پی کے کارپوریٹروں نے  پیر کواحتجاج کرتے ہوئے   بدعنوان میونسپل افسران کے خلاف جانچ   اور کارروائی کا مطالبہ کیا۔  ٹی ایم سی  میں  اپوزیشن لیڈر اشرف( شانو) پٹھان   ، این سی پی  تھانے شہرکے  صدر آنند پرانجپے اورپارٹی کے کارپوریٹروں اور عہدیداروں نے’ گھروں کا مہا گھوٹالہ ‘  کا بینر لگا کر  بے مدت احتجاج   شروع کردیا۔ ان میں خاتون لیڈران بھی شامل ہیں۔ مظاہرین بدعنوان افسران کو ایم ایم آر ڈی اے  کے ذریعے ملنے والے پی اے پی کے مکانات میں ہونے والی بدعنوانی میں ملوث میونسپل افسران کوبے نقاب کرنے کیلئے اعلیٰ سطحی ٹیم تشکیل دینے کا مطالبہ کر رہے تھے اورمطالبہ پورا نہ ہونے پر پیر کو رات ۸؍ بجے بھی شانو پٹھان اور دیگر کارپوریٹر دھرنے پر بیٹھے ہوئے تھے۔
 اس سلسلے میں مظاہرین میں شامل آنند پرانجپے نے بتایا کہ ’’ ایم ایم آر ڈی اے  کے ذریعے میونسپل کارپوریشن کو ملنے والے مکانات جو ٹی ایم سی کے مختلف پروجیکٹوں کے متاثرین کو دیئے جانے تھے، ان میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی ہوئی ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے تحت روڈ کی توسیع جیسے پروجیکٹوں  سے متاثر ہو نے والے جن شہریوں کو متبادل مکانات ملنے چاہئے تھے، وہ نہیں ملے ہیں  اسی لئے اپوزیشن لیڈر اشرف (شانو)  پٹھان نے  اور این سی پی کے سبھی کارپوریٹروں اور عہدیداروں نے ٹی ایم سی  صدر دفتر کے سامنے بے مدت چین آندو لن پر بیٹھے ہیں ۔ ہمارا الزام ہے کہ  اس بدعنوانی کا ماسٹر مائنڈ گیارہویں فیل میونسپل افسر مہیش آہیر ہیں۔ انہیں معطل کرنا چاہئے  اور اس معاملے کی اعلیٰ سطحی جانچ کی جانی  چاہئے  لیکن میونسپل کمشنر ڈاکٹر وپن شرما نے کوئی جانچ او رکارروائی نہیں کی ہے جس سے محسوس ہوتا ہے کہ میونسپل کمشنر کی بھی اس بدعنوان افسران کو حمایت حاصل ہے ۔ ‘‘  آنند پرانجپے نے تھانے پولیس سے بھی مطالبہ کیا کہ ’’ کسی سیاسی دباؤ میں آئے بغیر خاطی افسران کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ چونکہ مہیش اہیر کے ٹیبل سے ہی پی اے پی کی فائل  منظور ہوتی ہے اسی لئے انہیں گرفتار کیا جانا چاہئے۔‘‘
 اس ضمن میں اشرف شانو پٹھان نےبتایاکہ ’’این سی پی کے سبھی کارپوریٹروں نے ۴؍ جنوری کو میونسپل کمشنر کے نام مکتوب بھیجا تھا  اور مطالبہ کیا تھا کہ اعلیٰ سطحی کمیٹی  تشکیل دے کر اس معاملے کی جانچ کی جائے اور خاطیوں پر سخت کارروائی کی جائے۔ یہ انتباہ بھی دیا گیاتھا کہ اگر ۸؍ دن میں کمیٹی تشکیل نہیں دی جائے گی تو ہم ٹی ایم سی دفتر کے سامنے احتجاج کریں گے۔ ۳؍ روز قبل میونسپل کمشنر کو یاد دہانی کیلئے  لیٹربھی دیا گیا تھا۔‘‘

thane Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK