EPAPER
Updated: November 27, 2021, 7:44 AM IST | thane
کورونا کے مریضوں کی کم ہوتی تعداد کے سبب تھانے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ساکیت میں گلوبل کورونا اسپتال بند کر دیا گیا ہے۔
کورونا کے مریضوں کی کم ہوتی تعداد کے سبب تھانے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ساکیت میں گلوبل کورونا اسپتال بند کر دیا گیا ہے۔ یہاں منگل کو کورونا کا ایک بھی مریض نہیں تھا اور اس لئے شہری انتظامیہ نے اسے بند کرنے کا فیصلہ لیا ہے ۔ اس کورونا اسپتال کی جگہ پر کینسر کے مریضوں کے لیے اسپتال شروع کرنے کی تجویز تیا رکی جارہی ہے۔
تھانے میونسپل کارپوریشن نے جون ۲۰۲۰ء میں ایک ہزار ۷۶؍ بیڈ پر مشتمل اس ’تھانے کووڈ اسپتال ’کو شروع کیا تھا۔ کورونا کی پہلی اور دوسری لہر میں متعدد مریض اس اسپتال میں زیر علاج تھے۔ اس وقت صرف میونسپل ایریا میں روزانہ۳۰؍ تا ۴۰؍ کورونا کے مریض پائے جا رہے تھے۔ چند روز قبل اس اسپتال سے کچھ مریضوں کو پارکنگ پلازہ کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ پیر کو یہاں آخری مریض کا بھی علاج کیا گیا اور اسے ڈسچارج کر دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ شہری انتظامیہ نے جنرل باڈی کو مطلع کیا تھا کہ اس اسپتال کو بند کرنا ہے اس لئے اب یہاں کسی مریض کو داخل نہیںکیا جائے گا۔
میونسپل کارپوریشن نے یہاں کے ٹھیکیدار کو بھی خط لکھا ہے۔ چونکہ اس اسپتال کی مدت۳۰؍ نومبر تک ہے اسلئےاس کے بعد اسپتال مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔ میونسپل کارپوریشن نے اب اس جگہ کینسر اسپتال شروع کرنے کی کارروائی شروع کردی ہے۔
کنٹریکٹ ملازمین کا احتجاج
گلوبل کورونا اسپتال مستقل طور پر بند کردینے سے کنٹریکٹ سٹاف کم کر دیا جائے گا اسی لئے کنٹریکٹر کے ملازمین نے اس کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ انہیں دوسری کسی سینٹر یا محکمہ میں منتقل کیا جائے تاکہ وہ بے روزگار نہ ہو۔
تھانے ضلع میں۱۰۸؍ نئے کورونا متاثرین!
تھانے ضلع میں کورونا سے ۱۰۸؍ نئے متاثرین پائے گئے ہیں جس کے ساتھ ہی ان کی تعداد بڑھ کر ۵؍ لاکھ ۶۸؍ ہزار ۷۲۴؍ ہو گئی ہے۔ اس دوران ایک مریض کی موت بھی ہوئی ہے۔اب تک ضلع میں کل ۱۱؍ ہزار ۵۷۹؍ مریض کورونا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ضلع میں مہلوکین کی شرح ۲ء۰۳؍ فیصد ہے۔تھانے ضلع کے محکمہ صحت نے یہ اطلاع دی ہے۔