EPAPER
Updated: September 18, 2021, 7:38 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں لیکن لاکھوں کا مال جل کر راکھ۔اسی مارکیٹ میں پہلے بھی آگ لگ چکی ہے
: مانخورد میں واقع منڈالا اسکریپ مارکیٹ میں جمعہ کی علی الصباح تقریباً ۴؍ بجے اچانک آگ لگ گئی ۔ دیکھتے ہی دیکھتے یہ آگ ۷؍ ۸؍ گوداموں میں پھیل گئی اور بھیانک رخ اختیار کر لیا جس سے علاقے میں دھواں پھیل گیا ۔ آگ کی اطلاع ملنے پر ممبئی فائر بریگیڈ کا عملہ جائے حادثہ پر پہنچا اور تقریباً ۴؍ گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ حادثہ میں گوداموں میں رکھا ہوالاکھوں روپے کا سامان خاکستر ہو گیا البتہ کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
فائر بریگیڈ کے ایک افسر کے مطابق ویر جیجاماتا بھوسلے مارگ پر واقع منڈالا اسکریپ مارکیٹ میں جن گوداموں میں آگ لگی تھی جہاں اسکریپ میٹریل ( بھنگار کا سامان)اور الیکٹرانک آلات کے گودام موجود ہیں۔ فائر بریگیڈ کی ۱۰؍ ٹینکر اور فائر انجن کی مدد سے صبح ۷؍ بجکر ۳۷ ؍ منٹ پر آگ پر قابو پایا گیااور صبح ۸؍ بجکر ۴۲؍ منٹ پر آگ بجھا دی گئی۔
یہ مارکیٹ تقریباً ایک ایکڑ قطعہ اراضی پر پھیلا ہوا ہے جہاں ہزار سے زیادہ گودام ہے۔ اسے کرلا یارڈ بھی کہا جاتا ہے جسے ریاستی حکومت نے اسکریپ یارڈ، میٹل اور پیپر مارٹ کو کرایہ پر دیا ہے۔اس سے قبل بھی یہاں امسال فروری میں اور اس سے قبل ۲۰۱۸ ء میں اسی طرح بھیانک آگ لگی تھی ۔ ممبئی کی میئر کشوری پیڈنیکر نے پہلے ہی یہ الزام عائد کیا ہے کہ ان گوداموں میں غیر قانونی طو رپر کیمیکل اور خود سوز گیس کے ڈرم بھی رکھے جاتے ہیں اوریہ گنجائش سے زیادہ بھی ہوتے ہیں اور اسی لئے آگ لگنے پر یہ بھیانک ہو جاتی ہے۔پولیس نے حادثہ کا معاملہ درج کر لیا ہے۔ فی الحال آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے لیکن پولیس وجہ معلوم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ علاقے میں بھنگار اور دیگر طرح کے گودام ہیں اور آگ لگنے کا خدشہ لگا رہتا ہے۔