Inquilab Logo Happiest Places to Work

مانخورد: مکان سے بجلی کاتار ٹکرانے پرزوردار دھماکہ کے ساتھ بھیانک آتشزدگی

Updated: March 01, 2021, 8:47 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

گھرکاسارا سامان خاکستر ۔ اندوہناک حادثہ کے بعد مکینوں نےراستہ روکوآندولن کیا ۔ بجلی کے تار کے نیچے واقع گھروں کے لوگ خوفزدہ ہوکردیگر علاقے میں منتقل ہوگئے ۔ پولیس نے حادثہ کا معاملہ درج کرلیا۔اسی علاقے میں۳؍ دن قبل بھی ایسا ہی واقعہ ہوا تھا

Mankhurd Fire - Pic : Inquilab
وہ مکان جہاں آگ لگ گئی تھی ، اس کا تمام سامان تباہ نظر آرہا ہے۔ (تصویر: انقلاب

یہاں  کے رہائشی علاقوںسے گزرنے والا  ہائی پاور بجلی کیبل  ( ہائی ٹینشن وائر)ڈھیلا  پڑجانے پر  وہ ایک منزلہ مکان سے چھو گیا جس کے بعد زور دار دھماکہ  ہوا اور   آگ لگ گئی  جس میں  مکان کا سارا سامان خاکستر ہوگیا۔ اس اندوہناک  حادثہ میں  ۳؍ افراد  زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال داخل کیا گیا ہے ۔ اس حادثہ  کو ٹاٹا   الیکٹرک سپلائی  کے اہلکاروں کی لاپروائی قرار دیتے ہوئے مقامی افراد نے مانخورد- گھاٹ کوپر لنک روڈ پر راستہ  روکو آندولن کیا ۔  پولیس اور ٹاٹا کمپنی کے افسران کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین  سڑک سے ہٹ گئے ۔ 
 مانخورد کے علاقے منڈالہ  کے ایکتا نگر میں اتوار کو دوپہر تقریباً ایک بجے  مکانوں کے اوپر سے گزرنے والا بجلی کا ہائی پاور  تار اچانک ڈھیلا ہوجانے سے ایک مکان کی چھت سے ٹکرا گیا جس کے بعد زوردار دھماکہ ہوا اور چھت کے پرخچے اڑگئے۔  بعدازیں  مکان میں آگ لگ گئی  جس کی زد میں آکر گھر کی  تمام اشیاء خاکستر ہوگئیں ۔ اس مکان کے نیچے والے حصے میں رہنے والے ۳؍ افراد زخمی ہوگئے  ۔ ایک زخمی کو نجی اسپتال میںجبکہ ۲؍ زخمیوں کوشتابدی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔ تینوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے ۔ جس مکان میں حادثہ  ہوا ہے، اس میں رہنے والے نبی شیخ کا کہنا ہے کہ ’’چندروز  پہلے اسی طرح کے  حادثہ کے بعد ہم لوگ خوف کی وجہ سے  نوی ممبئی کے علاقے میں منتقل ہو چکے ہیں ۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’حادثہ کے بعد علاقے کی مقامی تنظیموں کے ساتھ مکینوں نے مانخورد گھاٹ کوپر لنک روڈ  پر   راستہ روکو آندولن کیا جس کے سبب کافی دیر تک ٹریفک نظام درہم برہم رہا  ۔‘‘
  پولیس اور ٹاٹا کمپنی کے اہلکاروں نے کہا کہ حالیہ دنوں ٹاٹا پاور کے نئے وائر لگائے گئے ہیں اور وہ کسی وجہ سے نیچے لٹک جاتے ہیں ۔ انھوں نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ  پیر تک وہاں سے گزرنے والے الیکٹرک وائر کو کھینچ کر اوپر کردیا جائے گا ۔ فی الحال  بجلی سپلائی منقطع کردی گئی ہے ۔ 
 مانخورد پولیس اسٹیشن کے ایک  اہلکار کے مطابق ایسا بتایا جارہا ہے کہ ٹاٹا پاور کے ہائی ٹینشن وائر کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیاہے ۔  مکان میں ہونے والے حادثہ کی وجہ سے   علاقے میں بجلی کا کیبل بھی متاثر ہوا ہے اور اس کی وجہ سے  علاقے میں اندھیرا  چھایا ہوا ہے ۔   پولیس نے حادثاتی معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK