Inquilab Logo Happiest Places to Work

مانخورد گھاٹکوپرفلائی اوور پر حادثات کو روکنے کیلئےموٹر سائیکلوں پر پابندی کا مطالبہ

Updated: September 07, 2021, 8:27 AM IST | Mumbai

مقامی کارپوریٹر نے محکمہ ٹریفک کو اس سلسلے میں خط لکھ کر ٹو وہیلرگاڑیوں کے سواروں کو فلائی اوور سے گزرنے سے روکنے کی گزارش کی

Part of the flyover has been closed for repairs.Picture:Inquilab
فلائی اوور کی مرمت کیلئے اس کے ایک حصے کو بند کردیا گیا ہے۔ تصویر انقلاب

 مانخورد گھاٹ کوپر لنک روڈ پر ہونے والے ٹریفک جام کو روکنے کیلئے  تعمیر ہونے والا  فلائی اوور اب لوگوں کی پریشانی کا باعث بن گیا ہے ۔ ٹریفک پر قابو پانے کی بات تودور  یہ فلائی اوور مسافروں کی جان لے رہا ہے ۔ حالاں کہ آئے دن  اس فلائی اوور پر  ہونے والے حادثات کو روکنے کیلئے  مقامی رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی  اور مقامی کارپوریٹر عائشہ نورجہاں شیخ کی شکایت اور تحریری مطالبے پر میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نے حادثات کو روکنے کیلئے عارضی طور سے فلائی اوور کو بند کرکے اس پر مرمت کا کام شروع کر دیا   ہے ۔
   اس سلسلے میں بات چیت کرتے ہوئے مقامی رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے کہا کہ  گھاٹکوپر مانخورد لنک روڈ کی ٹریفک جام ہونے کی دشواریوں کو دور کرنے کیلئے گھاٹ کوپر مانخورد لنک پر فلائی اوور بنایا گیا تھا ۔ شروع سے ہی یہ فلائی اوور متنازع رہا ہے ۔ کبھی کام میں ہونے والی تاخیر کے معاملے میں تو کبھی فلائی اوور کا نام منسوب کرنے کے معاملے میں اور اب یہ فلائی اوور حادثات کے سلسلے میں اخبارات کی سرخیوں میں آگیا ہے ۔
   انھوں نے مزید کہا کہ فلائی اوور کے افتتاح کے بعد لوگوں کو محسوس ہورہا تھا  یہاں سے گزرنے والے مسافرو ںکو اس علاقے میں ہونے والی ٹریفک جام سے نجات ملے گی اور ان کا وقت بھی   بچ جائے گا لیکن شاید وہ اس بات سے انجان تھے کہ یہ فلائی اوور ان کیلئے جان لیوا ثابت ہوگا ۔اس فلائی اوور سے مسافروں نے کافی راحت کی سانس  لی تھی لیکن  افتتاح کے دن ہی سے  اس فلائی اوور پر حادثات کا جو سلسلہ شروع ہوا تھا وہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے ۔ چند روز پہلے ہی اسی فلائی اوور پر ایک حادثہ میں ایک  موٹر سائیکل سوار کی جائے وقوعہ پر ہی موت ہوگئی  ۔
   گوونڈی کی مقامی کارپوریٹر عائشہ نورجہاں رفیق شیخ نے کہا کہ اس سلسلے میں سول  انجینئروں سےبات چیت کی گئی تو معلوم ہوا کہ اس فلائی اوور کی تعمیر ہی کچھ خامیاں ہیں اور صحیح طریقے سے اس کی تعمیر نہیں ہوئی ہے جس کی وجہ سے روزانہ حادثات ہورہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی اور میری جانب سے  مقامی   ٹریفک پولیس محکمہ کے علاوہ  تقریباً تمام متعلقہ حکام کو خط لکھ کر موٹر سائیکل کو فلائی اوور سے گزرنے پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس فلائی اوور پر پہلے دن سے ہی حادثات کا جو سلسلہ شروع ہوا تھا وہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور اب تک اس پر متعدد بڑے  حادثات ہوچکے ہیں اور ان میں کئی افراد کی جانیں بھی ضائع ہوگئی ہیں ۔
 گوونڈی میں مقیم  متعدد افراد سے اس سلسلے میں  نمائندۂ انقلاب  نے  گفتگو کی تو انھوں نے کہا کہ  ٹریفک محکمہ سے موٹر سائیکل کو فلائی اوور سے گزرنے پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔  پولیس ریکارڈ کے مطابق اب تک اس فلائی اوور پر ۳۵؍ بڑے حادثات ہوچکے ہیں ۔اس فلائی اوور کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس سے  گاڑیوں کی آمد ورفت میں کافی آسانی ہورہی تھی لیکن آئے دن ہونے والے حادثات کی وجہ سے محکمہ ٹریفک نے  پل کو عارضی طور پر بند کردیا ہے اور اس پر گاڑیوں کے پھسلنے کو روکنے کیلئے ایک بار پھر تعمیری کا کام کیا جارہا ہے ۔ انھوں نے الزام لگایا کہ موٹر سائیکلیں کم رفتار سے بھی وہاں سے گزرنے پر پھسل کر حادثات کا شکار ہوتی ہیں۔
  مانخورد ٹریفک محکمہ ایک سینئر انسپکٹر نے کہا کہ فلائی اوور پر حادثات کو روکنے کیلئے گاڑیوں کی آمد و رفت روک کر کام کیا جارہا ہے لیکن موٹر سائیکل کو فلائی اوورپر جانے کے سلسلے میں ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK