EPAPER
Updated: September 02, 2021, 8:25 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai
گوونڈی میں تعمیر کئے گئے اس فلائی اوور کوحال ہی میں گاڑیوں کیلئے کھولا گیا تھا لیکن اس کے بعد سے اب تک ۳۵؍ حادثات ہوچکے ہیں جن میںکئی جانیں بھی تلف ہوئی ہیں ۔ اس بریج کی مرمت کا کام ایک بار پھرشروع
یہاںحال ہی میں مانخورد- گھاٹ کوپر لنک روڈ فلائی اوورکا افتتاح کرتے ہوئے اسے ٹریفک کیلئے کھول دیا گیاتھالیکن اس کے بعد سے ہی اس پل پر آئے دن حادثات کے پیش نظر اسے بدھ کی صبح ۶؍بجے سے گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے ایک جانب کے حصے کو بند کردیا گیا ۔ مرمت کے کام کی وجہ سے فی الحال مانخورد کی طرف جانے والے حصے کو کچھ دنوں کیلئے بند کردیا گیا ہےاور کام مکمل ہونے کے بعد اسے دوبارہ کھول دیا جائے گا ۔
گوونڈی میں رہنے والے سید امجد نے الزام لگاتے ہوئے نمائندہ ٔ انقلاب کو بتایا کہ مانخورد گھاٹکوپر لنک روڈ فلائی اوور کی تعمیر کے دوران کنٹریکٹر کی لاپروائی سے تعمیراتی کام کے دوران ضروری اشیاء کے استعمال میں کمی یا زیادتی کی گئی ہے جس کی وجہ سے فلائی اوور پر چار پہیہ اور دوپہیہ گاڑیوں کے حادثات آئے دن پیش آرہے ہیں ۔ چوں کہ بریج کے تعمیراتی کام میں تاخیر ہورہی تھی اور سیاسی دباؤ کے علاوہ متعلقہ محکموں کا بھی دباؤ تھا ۔ ا س لئے کنٹریکٹر نے اپنی جان چھڑانے کیلئے جلد ازجلد کسی طرح بریج کا کام پورا ہونے کا اعلان کردیا ۔
مانخورد گھاٹ کوپر لنک روڈ فلائی اوور سے روزانہ گزرنے والے ایک سول انجینئر نے بات چیت کے دوران الزام لگایا کہ پہلی بات تو یہ کہ فلائی اووور کی تعمیر کے کام کے دوران روڈ کیلئے استعمال ہونے والی کنکریٹ کم استعمال کی گئی ہے جس کی وجہ سے فلائی اوور پر ڈامر کی زیادتی سے گاڑیاں پھسل رہی ہیں ۔ ایک وجہ یہ بھی ہے کہ بریج پر سڑک کاتعمیراتی کام صحیح طریقے سے نہیں ہوا ہے ۔ بریج پر ۴۰ سے ۴۵؍ کی اسپیڈ سے دوڑنے والی موٹر سائیکلیں پھسل جاتی ہیں ۔ چھوٹے موٹےحادثات کے علاوہ بڑے حادثات بھی ہورہے ہیں۔
گوونڈی مانخورد اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے کہا کہ’’ ممبئی کے تمام فلائی اوورس ممبئی واسیوں کیلئے نعمت غیر مترقبہ سے کم نہیں ہیں ۔ گوونڈی کا بھی بریج تعمیر ہوا ہے تو اس بریج سے ہم سب کو کافی فائدہ ہو رہا ہے اور ہمیں اس کی خوشی بھی ہے ۔ اسی کے ساتھ ہی فلائی اوور پرروزانہ ہونے والے حادثات کی وجہ سے بے حد تکلیف ہورہی ہے ۔ ‘‘انھوں نے بریج کے بارے میں تفصیل سے بتایا کہ ’’حادثہ کی وجہ ایک تو یہ ہے کہ نوجوان موٹر سائیکل پر ڈبل اور ٹریپل سیٹ تیز رفتاری سے گاڑیاں چلاتے ہیں جبکہ بریج پر چڑھتے وقت رفتار کی حد ۵۰ ؍ مقرر کی گئی ہے ۔ میرا مطالبہ ہے کہ بڑھتے ہوئے حادثات کو روکنے کیلئے فلائی اوور سے موٹر سائیکلوں کی آمدورفت پر پابندی عائد کردی جائے ۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم نے اور گوونڈی کے کارپوریٹروں کی جانب سے حادثات کی روک تھام کیلئے میونسپل کمشنر کے علاوہ متعلقہ محکموں کو خط دے کر فلائی اوور پر تعمیراتی کام میں ہونے والی کمی کو فوری طور پر دور کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اس کے بعد بدھ کی صبح سے ایک جانب کاکام مکمل ہونے تک بریج پر آمد روفت روک دی گئی ہے ۔ ‘‘
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اب تک اس بریج پر پولیس ریکارڈ کے مطابق ۳۵؍ بڑے حادثات ہوچکے ہیں اور ان میں کئی جانیں تلف ہوئی ہیں ۔ بریج بند ہونے سے ایک بار پھر مسافروں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔