Inquilab Logo Happiest Places to Work

گھاٹکوپر-مانخورد لنک روڈ پر تعمیر کردہ فلائی اوور کا وزیراعلیٰ کے ہاتھوں افتتاح

Updated: August 02, 2021, 10:21 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

شہریوں کاکافی وقت بچے گا۔ بی ایم سی کے ذریعے تعمیرکیا گیا یہ پہلا پل ہے جس میں پہلی مرتبہ ۲۴ء۲؍ میٹر لمبےسیگمنٹ تکنیک کا استعمال کیا گیا ہے

Chief Minister Adhoth Thackeray inaugurating the flyover. Other people are also seen.Picture:Sameer Markande
وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے فلائی اوورکا افتتاح کرتے ہوئے۔دیگر افراد بھی نظر آرہے ہیں۔ تصویر:سمیرمارکنڈے

:   گھاٹکوپر مانخورد  لنک روڈ  پر تعمیر کئے گئے  فلائی اوور کا اتوارکو وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے ہاتھوں افتتاح  ہوا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس ۲ء۹۹۱؍کلو میٹر طویل  اور ۲۴ء۲؍ میٹر چوڑےفلائی اوور سے  ٹریفک جام سے نجات ملے گی اور سفر کا وقت اور ایندھن بھی بچے گا۔ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن( بی ایم سی)کے ذریعے تعمیر کئے گئے اس پل کو پہلا ایسا فلائی اوور قرار دیا جارہا ہے جس میں کسی پل کی تعمیر میں پہلی مرتبہ ۲۴ء۲؍ میٹر لمبےسیگمنٹ تکنیک کا استعمال کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’ یہ پل عوام کے فائدے کیلئے تعمیر کیا گیا ہے۔ بی ایم سی کے ذریعے ہمیشہ مفاد عامہ کے پروجیکٹ بنائے جاتے ہیں اور ممبئی کا شہری ہونے کے ناطے مجھےبی ایم سی پر ہمیشہ فخررہا ہے۔‘‘ انہوں نے ریاستی حکومت کی جانب سےبی ایم سی کو تمام ضروری تعاون اور مدددینے کا یقین دلایا ۔
 اس تقریب میں ریاستی وزیر ماحولیات، وزیرسیاحت اور ممبئی مضافات کے نگراں  وزیر آدتیہ ٹھاکرے ، اقلیتی امور کے ریاستی  وزیر نواب ملک ، ممبئی کی میئر کشوری کشور پیڈنیکر ، رکن پارلیمان منوج کوٹک ، رکن پارلیمان راہل شیوالے ، رکن اسمبلی رئیس شیخ ، میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل ، ایڈیشنل میونسپل کمشنر (پراجیکٹ) پی ویلاراسو، مقامی کارپوریٹرعائشہ خان، دیگر عہدیدار اور افسران  موجود تھے۔
 اس موقع پر وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے مزید کہا کہ’’ اس طرح کے مفید اور جامع ترقیاتی کاموں کیلئےعوامی نمائندوں اور انتظامیہ کو ساتھ مل کر کام کرنا ضروری ہے۔ گھاٹکوپرمانخورد لنک روڈ پر فلائی اوور کے ارد گرد کی بستیوں کو بہتر رہائش  گاہ فراہم کرنے کیلئے کام کرنا چاہئے۔ اس کیلئے مقامی عوامی نمائندوں کو پہل کرنی چاہئے۔ علاقے کی ترقی کیلئے ہی عوام اپنے نمائندوں کا انتخاب کرتے ہیں ۔‘‘ انہوں نے ممبئی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے کوسٹل روڈ پروجیکٹ کا بھی ذکر کیا ۔انہوںنے کہا کہ ’’کووڈ۱۹؍ سے نمٹنے اور قدرتی آفات کا سامنا کرنے کے باوجود ریاست میں ترقیاتی کاموں میں تیزی آئی ہے۔‘‘انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ ریاستی حکومت بی ایم سی کے عوامی مفاد کے منصوبوں کی ہمیشہ حمایت کرے گی۔
گھاٹکوپر مانخورد لنک روڈ پر تعمیر کردہ نئے فلائی اوور کی جھلکیاں
 n گھاٹکوپر۔مانخوردلنک روڈ سائن -پنویل  شاہراہ  اور ایسٹرن ایکسپریس  ہائی وے کو جوڑنے والی اہم سڑک ہے۔
n اس روڈ پر ایسٹرن  ایکسپریس  ہائی وے ، سانتا کروز-چمبورلنک روڈ اور ایسٹرن فری وے سے آنے والی گاڑیاں آمد روفت کرتی ہیں  اسی لئے اس سڑک پر  ہمیشہ ٹریفک جام رہتا ہے۔ اس کے حل کیلئے تقریباً ۳؍ کلو میٹر لمبے   اس فلائی اوور کو بی ایم سی نے تعمیر کیا ہے۔
n فلائی اوور شیواجی نگر ، بیگن واڑی، دیونار ڈمپنگ گراؤنڈ  اور موہیتے پاٹل نگر ان ۴؍ اہم جنکشنوں  کے ساتھ دیونار نالا، چلڈرن ایڈ  نالا، پی ایم جی پی  نالا ایسے ۳؍ بڑے نالوں کے اوپر سے گزرتا ہے۔
n پل کی کل لمبائی۲ء۹۹۱؍ کلو میٹر   اور چوڑائی ۲۴ء۲؍ میٹر ہے۔
n اس پل پر کل۶؍ لین ہیں  یعنی شمال کی جانب جانے کیلئے ۳؍ اور جنوب کی جانب جانے کیلئے ۳؍ لین ہیں۔
n چونکہ فلائی اوور سیگمنٹ ٹیکنالوجی اور سنگل کالم میتھڈ سے بنایا گیا ہے ، اس لئے  پل کے نیچے والی سڑکیں بھی نقل و حمل کے لئے  استعمال ہوتی ہیں۔ 
n بی ایم سی کی جانب سے پہلی مرتبہ کسی پل کی تعمیر میں ۲۴ء۲؍ میٹر لمبےسیگمنٹ تکنیک کا استعمال کیا گیا ہے۔
n اس پل کی تعمیر میں استعمال ہونے والی اشیاء :  مجموعی طور پرایک لاکھ ۲؍ ہزار ۲۲۵؍ کیوبک میٹر کنکریٹ، ۱۷؍ ہزار ۱۷۵؍ میٹرک ٹن  لوہا( رین فورسمنٹ اسٹیل )، ۴؍ ہزار ۴۸۶؍ میٹرک ٹن  اسٹرکچرل اسٹیل ، ایک ہزار میٹرک ٹن ایچ ٹی اسٹینڈ، ۵۸۶؍ عدد بیرنگس اور ۱۰؍ ہزار ۳۶۲؍ میٹرک ٹن تارکول مکسچر کا استعمال کیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK