EPAPER
Updated: August 31, 2021, 9:20 AM IST | Nadeem asran | Mumbai
۵؍ بار کی رکن پارلیمان کے ۹؍ٹرسٹوں اور اداروںکو نشانہ بنایاگیا، ۷۲؍ کروڑ کی منی لانڈرنگ کا الزام ، انل پرب کے معتمد افسر کے ۳؍ ٹھکانوں پر بھی سرچ آپریشن
ممبئی: نارائن رانے کی گرفتاری کے بعد ایسا لگتا ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ( ای ڈی ) شیوسینا لیڈروں کے خلاف سرگرم ہوگئی ہے۔ شیو سینا لیڈر اور ریاستی وزیر برائے ٹرانسپورٹ انل پرب کو سابق وزیر داخلہ انل دیشمکھ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں پوچھ تاچھ کیلئے سمن جاری کرنے کے دوسرے ہی دن پیر کو ایجنسی نے شیو سینا کی رکن پارلیمنٹ بھاؤنا گاؤلی کے ۹؍ ٹھکانوں پر چھاپے مارے۔اس سے قبل انل پرب کے معتمد سمجھے جانے والے ڈپٹی ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے دفتر اور گھر سمیت۳؍ مقامات پر سرچ آپریشن کیاگیا۔
۷۲؍ کروڑ کی بدعنوانی کا الزام
مرکزی تفتیشی ایجنسی نےایوت محل- واشم سے رکن پارلیمنٹ بھاؤنا گاؤلی پر ۷۲؍ کروڑ کی بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کے ٹرسٹ اور اسکول کے دفاتر سمیت ۹؍ مقامات پر سرچ آپریشن کیا ہے۔ بھاؤنا گاؤلی نے ان چھاپوں پر کچھ بھی کہنے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ای ڈی کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہی وہ بیان جاری کریں گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ای ڈی کے افسران کے ساتھ پورا تعاون کیا جارہاہے اور وہ جو بھی دستاویز مانگ رہے ہیں وہ انہیں فراہم کئے جارہے ہیں۔ گاؤلی کے مطابق’’چھاپوں کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہم اس پر تبصرہ کریں گے۔‘‘
۲۰۱۹ء میں ۵ ؍ویں مرتبہ ایم پی منتخب ہونے والی شیو سینا لیڈر بھاؤناکے خلاف تفتیشی ایجنسی نے یہ کارروائی ۷۲؍کروڑ کے بد عنوانی اور منی لانڈرنگ کے معاملے میں کی ہے۔ایجنسی نے جن ۹؍ مقامات پر چھاپے مارے ہیں ان میں سے ۷؍ اکیلے واشم ضلع کے رسوڈ میں ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان میں ٹرسٹ کا دفتر، رسوڈاربن کوآپریٹیو کریڈٹ سوسائٹی لمیٹڈ، ایک میڈیکل کالج کی آفس اور ایک اسکول کا دفتر شامل ہے۔
سوشل ورکر نے حال ہی میں الزام لگایاہے
ہریش سردا نامی ایک سوشل ورکر نے حال ہی میں الزام لگایا ہے کہ بھاؤنا نے بالاجی سہکاری پارٹیکل بورڈ نامی اپنے ادارہ کے توسط سے نیشنل کو آپریٹیو ڈیولپمنٹ کارپوریشن سے ۴۳ء۳۵؍ کروڑ کا قرض لے کر اسے چونا لگایا ہے۔ ہریش کا الزام ہے کہ بھاؤنا نے مرکزی ادارہ سے ۱۰؍ سال کیلئے قرض تو لے لیا مگر کمپنی کبھی قائم ہی نہیں کی۔ بھاؤنا گاؤلی پر اس طرح کی دیگر بدعنوانیوں کا بھی الزام عائد کیاگیاہے۔
انل پرب کے معتمد افسر کو بھی نشانہ بنایاگیا
وہیں دوسری طرف ایجنسی کے ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق ڈپٹی ٹرانسپورٹ آفیسر بجرنگ کھار مٹے کے گھر اور دفتر پر جو چھاپہ مار کارروائی کی گئی ہے وہ انل دیشمکھ کے خلاف درج کردہ کیس اور انل پرب کو بھیجے گئے سمن سے متعلق تفتیش کا حصہ ہے۔ ای ڈی نے انل پرب کو سمن جاری کرتے ہوئے منگل کو انل دیشمکھ کے خلاف ہفتہ وصولی کے کیس میں پوچھ تاچھ کے لئے طلب کیا ہے ۔ اہم بات یہ ہے کہ انل پرب نے گزشتہ ہفتہ ہی مرکزی وزیر نارائن رانے کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ بہرحال ای ڈی ذرائع کا کہنا ہےکہ تفتیش میں ریاستی وزیر انل پرب کا نام اس وقت منظر عام پر آیا جب پولیس فورس سے معطل کئے گئے افسر سچن وازے نے ان پر بھی بد عنوانی میں ملوث ہونے کا الزام لگایا ۔سچن واز ےنے انل پرب پر ۵۰؍ کروڑ روپے ہفتہ مانگنے کا الزام لگایا تھا ۔