EPAPER
Updated: November 13, 2021, 11:47 AM IST | Agency | Mumbai
فلم اداکار آفتاب شیوداسانی کی نئی ویب سیریز ’اسپیشل آپس۱ء۵ ‘ کی ڈزنی ہاٹ اسٹار پلس پرنمائش شروع کردی گئی ہے ۔ اس ویب سیریز میں آفتاب شیوداسانی نے مرکزی کردار نبھایا ہے ۔
فلم اداکار آفتاب شیوداسانی کی نئی ویب سیریز ’اسپیشل آپس۱ء۵ ‘ کی ڈزنی ہاٹ اسٹار پلس پرنمائش شروع کردی گئی ہے ۔ اس ویب سیریز میں آفتاب شیوداسانی نے مرکزی کردار نبھایا ہے ۔ پچھلے سال والد بننے کے بعد آفتاب نے اپنی اہلیہ نِن دسانج کے ساتھ اپنے پروڈکشن ہاؤس کا اعلان کیا تھا۔ ان سے اس شو، مستقبل کے منصوبوں اور نجی زندگی کے متعلق ہم نے بات چیت کی ہے۔
-شو(اسپیشل آپس ۱ء۵) کی پیشکش ملنے کے بعد دماغ میں پہلا خیال کیا آیا تھا؟
آفتاب: اس کا پہلا سیزن مجھے بے حد پسند آیا تھا۔ میں نے اس کے ڈائریکٹر نیرج پانڈے سر کو میسیج بھی کیا تھا کہ ان کا یہ شو بہترین ہے۔ تب مجھے اندازہ نہیں تھا کہ آگے چل کر میں بھی اس کا حصہ بنوں گا۔ میری یہ کوشش ہے کہ ناظرین کو میرا کام پسند آئے۔
-والد ہونے کی ذمہ داریوں کو کتنا سمجھ چکے ہیں؟
آفتاب: والد بننے کے بعد آپ کو بہت سی چیزیں سیکھنی پڑتی ہیں۔ اس کے بعد آپ کا بچپن دوبارہ شروع ہوجاتا ہے ۔ زندگی میں ایک الگ ذمہ داری آجاتی ہے اور ہر چیز کو دیکھنے کا آپ کا نظریہ بالکل بدل جاتا ہے ۔ ہر دن آپ نئی چیز سیکھتے ہیں۔ ہماری بیٹی اب ۱۵؍ ماہ کی ہوگئی ہے ، وہ چلنے لگی ہے۔ میرے لئے یہ بہت ہی خوبصورت دور ہے ۔ میں اس کے ساتھ ہر پل کا لطف اٹھارہا ہوں۔ میری پوری کوشش ہوتی ہے کہ اگر کام نہ ہو تو میں اہل خانہ کے ساتھ وقت گزاروں۔
-پروڈکشن کمپنی شروع کرنے کے بعد اس کا کام کتنا آگے بڑھا ہے؟
آفتاب: ۳۔۲؍ پروجیکٹ پر کام چل رہا ہے، لیکن ابھی ان سب کی اسکرپٹنگ کا کام ہورہا ہے۔ جلد ہی ان کا باقاعدہ اعلان کروں گا۔ اپنے پروڈکشن کے پروجیکٹ میں اداکاری کروں گا یا نہیں ، فی الحال اس بارے میں کچھ طے نہیں کیا ہے۔ یہ سب اسکرپٹ پر منحصر ہے۔
-آگے کن فلموں میں نظر آئیں گے ؟
فی الحال میں نے ۲؍ سے ۳؍ پروجیکٹ پسند کئے ہیںاور بات چیت چل رہی ہے۔اپنی فلموں کے متعلق جلد ہی اعلان کروں گا۔