Inquilab Logo Happiest Places to Work

شیوسینا اور بی جےپی کے درمیان جنگ میں شدت

Updated: August 26, 2021, 8:07 AM IST | mumbai

اُلہاس نگر میں بی جےپی کے کارپوریٹر کی پٹائی ، اشیش شیلار نے متنبہ کیاکہ’’شروعات تم نے کی ہے، اختتام ہم کریںگے۔‘‘ رانے نے رہا ہوتے ہی کہا: میرا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا

Narayan Rane addressing a press conference on Wednesday after his release.Picture:Inquilab
رہائی کے بعد بدھ کو نارائن رانے پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران ۔ (تصویر: انقلاب، رانے اشیش)

وزیر اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے کے خلاف نارائن رانے کی بدزبانی اوران کی گرفتاری  کے ساتھ ہی  مہاراشٹر میںشروع ہونے والی شیو سینا  بمقابلہ  بی جے پی جنگ میں شدت آنے  کے امکانات پیدا ہوگئےہیں۔ نارائن رانے  نے ضمانت پررہاہوتے ہی ایک بار پھر جہاں  وزیراعلیٰ  پر حملوںکا سلسلہ شروع کردیا ہے تو وہیں دوسری جانب  بدھ کو شیوسینکوں نے اُلہاس نگر میں بی جے پی  کے کارپوریٹر کی پٹائی کردی۔ اس بیچ  بی جےپی لیڈر اشیش شیلار نے شیوسینا کو دھمکی دی ہے کہ ’’شروعات تم نے کی ہے، اختتام ہم کریںگے۔‘‘
 نارائن رانے کی رہائی اور  پریس کانفرنس
 مہاڈ میں  مقامی عدالت نےنارائن رانے کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم سناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی گرفتاری صحیح تھی مگر چونکہ حراستی تفتیش کی ضرورت نہیں ہے اس لئے  ضمانت پر رہا کیاجا رہا ہے۔ مجسٹریٹ ایس ایس پاٹل نے منگل کو دیر رات سنائے گئے  فیصلے میںکہا ہے کہ ’’گرفتاری  کی وجوہات کا جہاں تک معاملہ ہے تو وہ صحیح تھیں۔‘‘ دوسری طرف ضمانت پر رہا ہوتے ہی نارائن رانے نے ایک بار پھر وزیراعلیٰ  اور ان کی پارٹی پرحملوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ انہوں  نے اپنے بیان  پر قائم رہتے ہوئے کہا  ہےکہ ’’مَیں نے ایسا کیا غلط کہا جس سے شیو سینکوں کو غصہ آگیا۔‘‘ اپنے بیان کے جواز  کے طورپر انہوں نے   اُدھو ٹھاکرے کےمتعدد  متنازع بیانات پیش کئے اور کہا کہ ’’ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ کو ڈھونگی کہنا اور انہیں چپل سے مارنے کی بات کہنا کیا  بدکلامی نہیں  ہے۔‘‘ رانے نے اعلان کیا کہ ’’ مَیں کسی سے نہیں ڈرتا اور کوئی میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتا ۔‘‘رانےنے اعلان کیا کہ ان کی جن آشیرواد یاترا جاری رہے گی۔   
  انہوں نے کورٹ کا آڈر سناتے ہوئے دعویٰ کیا کہ’’ دونوں ہی کورٹ نے میرے حق میں فیصلہ سنایا ہے اور اگلی سماعت تک کسی طرح کی کوئی پابندی عائد نہیں کی ہے۔‘‘  جب ان سے بدکلامی کے تعلق سے پوچھا گیا تو انہوںنے کہا کہ ’’اگر کسی کو ملک کی آزادی کے تعلق سے علم نہ ہوتو اس کا کیا کیا جائے۔مَیں نے کوئی بد کلامی نہیں کی۔‘‘
رانے کو ۲؍ ستمبر کو ناسک میں حاضرہونے کا نوٹس
 اُدھو ٹھاکرے کے خلاف بدکلامی کے سلسلے میں ناسک میں درج ایف آئی آر پر پوچھ تاچھ کیلئے ناسک پولیس نے نارائن رانے کو ۲؍ ستمبر کو حاضر ہونے کیلئے نوٹس جاری کیا ہے۔ البتہ ہائی کورٹ سے انہیں اس بات کی راحت مل گئی ہے کہ ناسک میں درج ایف آئی آر میں ان کی گرفتاری نہیں ہوگی۔ ہائی کورٹ میں  رانے کی جانب سے داخل کی گئی پٹیشن پر شنوائی کے دوران بدھ کو  مہاراشٹر سرکار نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ناسک میں درج ایف آئی آر میں رانے کو گرفتار نہیں کیا جائیگا۔ 
 بی جےپی  کےکارپوریٹر کی پٹائی
  شیوسینا اور بی جےپی کی لڑائی اب سڑکوں  پر بھی لڑی جار ہی ہے۔ پولیس نے بدھ کو اس بات کی تصدیق کی ہے کہ شیوسینکوں کے ایک گروپ نے الہاس نگر میں بی جےپی کے کارپوریٹر کی پٹائی کردی۔ کارپوریٹر پردیپ رام چندانی (۴۷) کی پٹائی شیوسینا کے ۱۲؍ اراکین نے الہاس نگر میونسپل کارپوریشن کے دفتر کے سامنےکی ہے۔  پولیس نے شیوسینا کے کارکنوں کے خلاف کیس درج کرلیا ہے۔  ۹؍ ملزمین کی شناخت کر لی گئی ہے مگر خبر لکھے جانے تک ان میں سےکسی کو بھی گرفتار نہیں کیاگیاہے۔ 
 شیوسینا کو اشیش شیلار کی دھمکی 
 مہاراشٹر  بی جےپی  کے سینئر لیڈر اشیش شیلار  نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس  میں شیوسینا کو دھمکی دی ہے کہ ’’شروعات تم نے کی ہے، اختتام ہم کریںگے۔‘‘ یہ بات انہوں نے پریس کانفرنس ختم کرتے وقت کہی۔اس سے قبل انہوں نے وزیراعلیٰ اُدھو ٹھاکرے کو اس بات کیلئے نشانہ بنایا  کہ انہیں یاد ہی نہیں تھا کہ ملک آزادی کی ۷۵؍ ویں سالگرہ منارہا ہے۔ شیلار نے اعلان کیا کہ  بی جےپی کارکن وزیراعلیٰ کو۷۵؍ ہزار مکتوب روانہ کر کرکے یاد دہانی کرائیں گے کہ اس سال ملک   آزادی کی ۷۵؍ ویں سالگرہ منارہاہے۔اس کے ساتھ ہی انہوں  نے گاندھی گیری کے تحت اگلے مرحلے میں اُدھو ٹھاکرے کو گلاب  کے پھول کے کانٹے بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ 
نتیش رانے نے’’کرارےجواب‘‘ کی دھمکی دی
 نارائن رانے کے بیٹے نتیش رانے نے بھی ایک ٹویٹ کے ذریعہ شیوسینا کو ’’کرارے جواب‘‘ کی دھمکی دی ہے۔انہوں نے فلم راج نیتی کی ایک کلپ ٹویٹ کی ہے جس میں اداکار منوج باجپئی بار  بار یہ کہہ رہے ہیں کہ ’’کرارا جواب ملے گا۔‘‘ نتیش رانے نے ٹویٹ میں شیوسینا کوٹیگ کیا ہے۔اس بیچ نتیش  نے اس بات پر بھی سخت برہمی ظاہر کی کہ نارائن  رانے کے گھر پر حملہ کرنے والے شیوسینکوں   سے اُدھو ٹھاکرے نے ملاقات کی، اس کیلئے انہوں نے مہاراشٹر میں  صدر راج نافذ کر دینے کی مانگ تک کرڈالی ہے۔ 

shiv sena Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK