Inquilab Logo Happiest Places to Work

مغربی اترپردیش میںوزیرداخلہ امیت شاہ کی ریلیاں

Updated: December 31, 2021, 11:42 AM IST | Agency | Lucknow

مراد آباد، علی گڑھ اور اناؤ میں عوامی جلسوں سے خطاب کیا ۔ ایس پی اور بی ایس پی کے ۱۵؍ برس کے دور حکومت میں چودھری چرن سنگھ کی زمین کو فسادات کی آگ جھونکنے کا الزام۔کہا :’’مغربی اترپردیش گنے کا علاقہ ہے لیکن ان کو تو گنے کا علم ہی نہیں ہے، انہیں جناح کے سوا کچھ یاد ہی نہیں، اس لئے وہ صرف جناح جناح کرتے ہیں۔‘‘

Muradabad Union Home Minister Amit Shah`s rally participants. Picture:PTI
مر اد آبا د: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی ریلی کے شرکاء ۔ تصویر:پی ٹی آئی

 اتر پردیش میں اسمبلی کے انتخابات کی تیاریوں کے پیش نظرجمعرات کو بی جے پی کی طرف سے منعقدہ ’جن وشواس یاترا‘ کے  تحت پارٹی کے سابق صدر اور وزیرداخلہ امیت شاہ نے مراد آباد، علی گڑھ اور اناؤ میں جلسوں سے خطاب کیا ۔ ا س دوران  انہوں   نے اترپردیش میں ایس پی اور بی ایس پی کے ۱۵؍ برس کے دور حکومت میں چودھری چرن سنگھ کی زمین یعنی مغربی اترپردیش کو فسادات کی آگ جھونکنے کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ صرف ایس پی کے صدر اکھلیش یادو کے دور حکومت میں یو پی میں ۷۰۰؍ فسادات ہوئے تھے۔  یادرہےکہ شاہ کو بی جے پی نے اترپردیش اسمبلی انتخابات میں مغربی اتر پردیش علاقہ کی ذمہ داری سونپی  ہے۔  اسمبلی انتخابات  سے متعلق بی جے پی کے مغربی اترپردیش کے انچارج  امیت شاہ نے جمعرات کو مرادآباد میں ’جن وشواس یاترا‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا :’’ خواتین کی حفاظت کے لئے  پرعزم یوگی حکومت نے اس علاقہ کو امن و قانون کے لحاظ سے محفوظ بنایا ہے۔‘‘ بی جے پی کی جن وشواس یاترا کے مرادآباد پہنچنے پر بودھ وہار میدان میں شاہ نے کہا:’’ گزشتہ ۲۵؍برس تک بوا ببوا کے راج میں، پیتل کا شہر اپنی شناخت کھو چکا تھا ،ہم نے ایک ضلع ایک پروڈکٹ سے جوڑکر پیتل کے شہر کو اس کی شناخت دلائی ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا:’’اترپردیش کے عوامی اجلاس میں جمع ہونے والی بھیڑ اس بات کی گواہ ہے کہ بی جے پی چوتھی بار اس ریاست میں  کامیابی کے  جھنڈے گاڑے گی۔‘‘
  شاہ  کے بقول :’’اکھلیش کے دور حکومت میں ۷۰۰؍فسادات ہوئے تھے، انہوں نے چودھری چرن سنگھ کی زمین کو لہولہان کردیا۔ انہوں نے اکھلیش بابو کے ’نظام‘ کا مطلب بھی بتایا ۔ ان کے مطابق:’’  این سے نسیم الدین، آئی سے عمران، اے سے اعظم اور ایم کا مطلب مختار تھا۔‘‘ وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا:’’   اکھلیش نے ریاست کو ’لیب‘ بنا دیا تھا۔ اس میں ایک کا مطلب  لوٹ جو قنوج کی دیواروں سے نکل رہی ہے، اے کا مطلب دہشت گردی، جس کی بدولت رام پور میں اعظم خان کی طرف سے غریبوں کی ایک ہزار ایکڑ زمین ہڑپ کر لی گئی تھی اور بی کا مطلب تھا بدعنوانی۔‘‘  انہوں نے یہ بھی  دعویٰ کیا :’’ اترپردیش کی یوگی حکومت نے گنا کسانوں کو خوشحال بنایا۔ کسانوں کو ان کی فصل کی قیمت دلائی اور ایتھنول بناکر کسانوں کو ترقی دی۔‘‘ شاہ  کے مطابق:’’ میں اکھیلیش جی سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ اترپردیش کے عوام آپ سے حساب مانگتے ہیں۔ وہ پوچھتے ہیں کہ آپ کے دور حکومت میں کتنے فسادات ہوئے تھے؟ لیکن  آپ  جواب نہیں دیتے ہیں۔‘‘  انہوں نے کہا:’’ مغربی اترپردیش گنے کا علاقہ ہے لیکن ان کو تو گنے کا علم  ہی نہیں ہے، انہیں   جناح کے سواکچھ یاد ہی نہیں، اس لئے وہ صرف جناح جناح کرتے ہیں۔‘‘
 وزیر داخلہ نے  یہ بھی کہا:’’ اکھلیش کے دور حکومت میں گنا کسانوں کو ادائیگی نہیں ہوتی تھی لیکن بی جے پی کی یوگی حکومت نے۹۰؍فیصد گنا کسانوں کو ادائیگی کردی ہے۔‘‘ ان کےمطابق :’’پچھلی بار مرادآباد میں جو غلط ہوئی تھی ، اس بار ایسی غلط دوبار نہیں کرنی ہے، بیداری کے ساتھ ضلع کی تمام سیٹیں جیتنی ہیں۔‘‘ خیال رہے کہ مرادآباد ڈویزن ایس پی کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ گزشتہ انتخابات میں اسے ڈویزن کی۲۷؍ میں سے۱۳؍اسمبلی سیٹیں ایس پی کو ملی تھیں  جبکہ مرادآباد ضلع کی۶؍میں سے ۴؍اسمبلی سیٹوں پر ایس پی قابض ہے۔ ایسے میں شاہ کیلئے ایس پی کے اس قلعہ کو فتح کرنا آسان کام نہیں ہوگا۔ ضلع میں۵۵؍فیصد مسلم ووٹروں والی ۲؍سیٹیں مرادآباد دیہی ا ور کوندرکی اسمبلی سیٹ بھی شامل ہے۔  وزیر داخلہ امیت شاہ نے انا ؤ اورعلی گڑھ کی ریلیوں سے خطاب کیا ۔ اس دوران بھی سب سے زیادہ اکھلیش یاد وکو نشانہ بنایا۔ امیت شاہ ریلیوں میں بڑی تعداد میں خواتین نے بھی شرکت کی  ۔  سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK