Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہماچل : شدید برف باری ، معمولات بری طرح متاثر

Updated: February 06, 2022, 10:07 AM IST | simla

:ہماچل پردیش میں شدید برف باری کی وجہ سے شملہ سمیت اونچائی والے علاقوں میں حالات اتنے خراب ہو گئے ہیں کہ لوگوں کو دودھ اور روٹی تک نہیں مل رہی ہے

Some people are trying to push the car out of the snow
کچھ لوگ برف میںپھنسی گاڑی کو دھکا دے کر نکالنے کی کوشش کررہے ہیں

ہماچل پردیش میں شدید برف باری کی وجہ سے شملہ سمیت اونچائی والے علاقوں میں حالات اتنے خراب ہو گئے ہیں کہ لوگوں کو دودھ اور روٹی تک نہیں مل رہی ہے۔شملہ کا سڑک کا رابطہ دیگر علاقوں سے منقطع ہو گیا۔ شہر کی اہم سڑکوں کے علاوہ میونسپل کارپوریشن کی تمام رابطہ سڑکیں صبح کے وقت بند رہیں لیکن جنگی بنیادوں پر کام کے بعد سنیچر کی سہ پہر کچھ سڑکوں کو کھول دیا گیا۔ بھاری برف باری کی وجہ سے درخت ٹوٹ رہے ہیں۔ جمعہ کی شام تک۱۲؍ سے زائد درخت گر چکے ہیں۔ یہ درخت گھروں، بجلی کے تاروں اور گاڑیوں پر گرے جس سے بڑی تباہی ہوئی۔
 اگرچہ ہفتہ کی صبح شملہ میں دھوپ تھی جس کی وجہ سے لوگوں نے راحت کی سانس لی لیکن سڑک بند ہونے سے مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ تاہم مقامی انتظامیہ انتظامات کو درست کرنے میں مصروف ہے۔ شہر کی بند سڑکوں اور گلیوں سے برف ہٹائی جا رہی ہے۔ شہر میں ایک فٹ سے زائد برف با ری کے باعث چاروں طرف برف ہی برف نظر آرہی ہے۔ شہر میں سنیچر کی صبح دودھ اور روٹی کی سپلائی نہیں ہوسکی۔
 شدید برف باری کے پیش نظر شہر کے سرکاری دفاتر میں سنیچر کو تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ شملہ سمیت پورے ہماچل پردیش میں ٹرانسپورٹ خدمات ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں۔ پورے ضلع میں۳۰۳؍ سڑکیں،۶۸۵؍پاور ٹرانسفارمر بند ہیں۔ پینے کے پانی کے۲۸؍ منصوبے بھی تعطل کا شکار ہیں۔ شملہ کو دارالحکومت سے جوڑنے والی قومی شاہراہ پانچ دن گزرنے کے بعد بھی بحال نہیں ہوسکی ہے، کئی مقامات پر سیاحوں کی گاڑیاں برف میں پھنسی ہوئی ہیں۔
 ذرائع کے مطابق شملہ شہر کے علاوہ شملہ دیہی علاقے  میں ۱۱؍ جے سی بی، ۲؍ ڈوزر اور ایک روبوٹ، تھیوگ سب ڈویژن میں ۷؍ جے سی بی، ۴؍ ڈوزر اور۲؍ روبوٹ، کوٹکھائی اور روہڑو سب ڈویژن میں ۹؍ جے سی بی، ۲؍ ڈوزر اور ایک روبوٹ موجود ہیں۔ رام پور اور بوشہر سب ڈویژن میں برف ہٹانے کا کام جنگی بنیادوں پر ۷؍ جے سی بی اور ۲؍ ڈوزر، چپل سب ڈویژن میں۲۴؍ جے سی بی اور کمارسین سب ڈویژن میں ۷؍ جے سی بی اور ۲؍ ڈوزر کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔ کالکا-شملہ قومی شاہراہ کو بھی کھول دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK