EPAPER
Updated: June 27, 2021, 9:30 AM IST | Lucknow
بنارس اور امروہہ کو ہب بنایا جائے گا ، قریب کے اضلاع بھی فائدہ اٹھائیں گے ۔بنارس کا لنگڑا آم، سون بھدر کی ہری مرچ اور غازی پور کا پرول وغیرہ بیرون ممالک جائے گا
اترپردیش کے بنارس کا لذیذ لنگڑا آم، غازی پور کا پرول،سون بھدر کی ہری مرچ، جونپور کی مولی نیز امروہہ کے آم اور سبزی کا ذائقہ اب دنیا کے کئی ممالک چکھ سکیں گے۔
کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کی حکومت کی کوشش کے تحت وارانسی اور امروہہ میں بنائے جارہےانٹگریٹیڈپیک ہاؤس کی وجہ سے ایسا ممکن ہوگا۔ ان انٹگریٹیڈ پیک ہاؤس کی تعمیر اس سال کے آخر تک پوری ہوجائے گی۔ انٹگریٹیڈ پیک ہاؤس کے شروع ہونے پر وارانسی کے قریب والے ۱۳؍اضلاع اور امروہہ سے قریب کے ۷؍ اضلاع کے کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ یہی نہیں وارانسی اور امروہہ ضلع سبزی اور پھل برآمدات کے نئے مرکز کے طورپر ملک میں نئی شناخت قائم کرے گا۔
مصدقہ ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ سال سبزی پھل کے برآمدات کو بہتر بنانے کے لئے۱۰؍ اضلاع میں انٹگریٹیڈ پیک ہاؤس بنائے جانے کافیصلہ کیا گیا تھا۔ ایگری کلچر اینڈ فوڈ ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے ان کو بنانے کے لئے مالی تعاون دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔ اسی اعلان کے تحت ریاست کے ایسے اضلاع جہاں پھل یا سبزی کی زیادہ پیدوار ہوتی ہے ان میں انٹگریٹیڈپیک ہاؤس بنانے کے لئے اسٹیٹ منڈی کونسل آگے آیا ہے۔
منڈی کونسل نے پہلے مرحلے کے تحت وارانسی اور امروہہ دونوں اضلاع میں انٹگریٹیڈ پیک ہاؤس بنانے کے لئے بجٹ کو منظوری دی ہے۔ وارانسی میں انٹگریٹیڈ پیک ہاؤس بنانے کیلئے ۱۵۵۵۹ء۱۸۵؍ء ؍ لاکھ روپے اور امروہہ میں انٹگریٹیڈ پیک ہاؤس بنانے کے لئے۱۴۴۲ء۵۵؍لاکھ روپےگزشتہ سال جاری کئے گئے ہیں۔
وارانسی انٹگریٹیڈ پیک ہاؤس سے مرزاپور، سون بھدر، پریاگ راج، اعظم گڑھ، جونپور، غازی پور، مئو، پرتاپ گڑھ، سلطانپور، گورکھپور، امبیڈکر نگر، دیوریا اور کوشامبی کے کسان اپنے پھل اور سبزی انٹگریٹیڈ پیک ہاؤس کے ذریعہ ملک اور بیرون ملک بھیج سکیں گے جبکہ امروہہ کے انٹگریٹیڈ پیک ہاؤس کے ذریعہ مرادآباد، بجنور، رامپور، بریلی، سنبھل اور ہاپوڑ کے کسان اپنے کھیت میں اگائی گئی سبزی اور پھل ملک اور بیرون ملک بھیج سکیں گے۔
متعلقہ محکمہ کے ذرائع کے مطابق ضلع امروہہ میں تقریباً ۱۲؍ہزار ہیکٹیر زمین پر آم کے باغ ہیں۔ ضلع کی کل پیدوار میں سے تقریباً۲؍ہزار میٹرک ٹن آم دوسری ریاستوں اور ممالک کو بھیجا جاتا ہے۔ خلیج ممالک میں امروہہ کا آم خوب پسند کیا جاتا ہے ۔ اسی طرح سے وارانسی کے لنگڑا آم کو پوری دنیا میں پسند کیا جاتا ہے۔ غازی پور ، جونپور، مرزاپور، چندولی اور سنت کبیر نگر علاقے میں بیرون ممالک کی پسندیدہ سبزیاں اور پھل پیدا ہوتے ہیں۔۱۹۔۲۰۱۸ء میں اترپردیش سے ۲۷۷ء۹۸؍ کروڑ روپے کے پھل اور سبزیاں برآمد کی گئی تھیں۔