Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوپی :دوسرے مرحلے کی پولنگ کیلئے انتخابی مہم کا شور ختم

Updated: February 13, 2022, 11:05 AM IST | Lucknow

کل ووٹنگ ،۵۵؍ سیٹوں میں سے تقریباً۲۵؍سیٹوں پر مسلم ووٹ اور۲۰؍سے زیادہ سیٹوں پر دلت ووٹ فیصلہ کن حیثیت رکھتے ہیں

At the rally of Akhilesh Yadav in Badaun on Saturday, Jim Ghafir of the people, with the flag of Samajwadi, some people also took a picture of Baba Ambedkar. (PTI)
سنیچر کو بدایوں میںاکھلیش یادو کی ریلی میںعوام کا جم غفیر ، سماجوادی کے جھنڈے کے ساتھ کچھ لوگوں نے باباامبیڈکر کی تصویر بھی اٹھائی ۔(پی ٹی آئی )

:اترپردیش میں ۱۸؍ویں اسمبلی کی تشکیل کیلئے۷؍مراحل میں جاری اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی۵۵؍سیٹوں کیلئے انتخابی مہم ختم ہوگئی۔ان سیٹوں پر ۱۴؍ فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔دوسرے مرحلے کی  زیادہ تر سیٹیں مسلم اور دلت اکثریتی  ہونے کی وجہ سے روہیل کھنڈ کا یہ خطہ سماج وادی پارٹی(ایس پی) اور بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) کا قلعہ کہا جارہا ہے۔جن اضلاع کی۵۵؍سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے ان میں امروہہ، سہارنپور،بجنور، رامپور، سنبھل، مرادآباد، بریلی، بدایوں اور شاہجہاں پور شامل ہیں۔
 قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن کے ذریعہ۸؍ جنوری کو انتخابات کے اعلان شدہ پروگرام کے مطابق دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کے لئے۲۱؍جنوری کو نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ ان اضلاع کی۵۵؍سیٹوں پر کل۵۸۶؍امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ذات پات کی صف بندی کو ملحوظ رکھتے ہوئے سبھی پارٹیوں نے ہر سیٹ پر پھونک پھونک کر قدم رکھتے ہوئے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔
 مسلم اکثریتی علاقے  کو ذہن میں رکھتے ہوئے  مختلف پارٹیوں  نے۷۵؍سے زیادہ مسلم امیدوار اتارے ہیں۔ ان میں بی ایس پی کے سب سے زیادہ۲۵؍ ،ایس پی آر ایل ڈی اتحاد کے۱۸؍  اورکانگریس نے۲۳؍مسلم امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ وہیں ایم آئی ایم کے۱۵؍مسلم چہروں نے مقابلے کو دلچسپ بنا دیا ہے۔تقریبا ایک مہینے تک چلی انتخابی مہم میں حکمراں جماعت بی جے پی  کے علاوہ اپوزیشن پارٹیاں ایس پی، بی ایس پی ، آر ایل ڈی اور کانگریس سمیت دیگر پارٹیوں نے اپنی پوری طاقت جھونک دی۔دوسرے مرحلے کی ووٹنگ والی۵۵؍ سیٹوں میں سے تقریباً۲۵؍سیٹوں پر مسلم ووٹر اور۲۰؍سے زیادہ سیٹوں پر دلت ووٹر ہار جیت کا فیصلہ کرتے ہیں۔
 اس علاقے میں۲۰۱۷ء کی مودی لہر نے دلت مسلم صف بندی کی وجہ سے ماضی میں بی جے پی کے کمزور ہونے کے طلسم کو توڑتے ہوئے۵۵؍میں سے۳۸؍ سیٹوں پر جیت درج کی تھی۔ جبکہ ایس پی کو۱۵؍اور اس کی اتحادی پارٹی کانگریس کو دو سیٹیں ملی تھیں۔ اس وقت ایس پی  کے۱۵؍میں  سے۱۰؍اور کانگریس کے دو میں سے ایک مسلم ایم ایل اے جیتے تھے۔ ماہرین کی رائے میں دلت ووٹوں میں تقسیم کا سیدھا اثر یہ ہوا کہ سابقہ الیکشن میں بی ایس پی کا اس علاقے میں کھاتہ بھی نہیں کھل سکا۔اس الیکشن میں کسانوں کی ناراضگی بی جے پی کی مشکلیں بڑھا سکتی ہے۔ اس سے پہلے۲۰۱۲ء  میں جب ایس پی نے حکومت بنائی تھی اس وقت بھی ایس پی کو اس علاقے کی۵۵؍سیٹوں میں سے۲۷؍سیٹوں  پر جیت ملی تھی جبکہ بی جے پی کےکھاتے میں۸؍سیٹیں آئی تھیں۔
 دوسرے مرحلے کی ووٹنگ والے۹؍اضلاع میں سے ۷؍ اضلاع رامپور، سنبھل، مرادآباد، سہارنپور، امروہہ، بجنور اور نگینہ میں دلت مسلم ووٹر ہی امیدواروں کے قسمت کا فیصلہ کرتے ہیں۔ ایس پی ، بی ایس پی اور آر ایل ڈی نے ۲۰۱۹ء  کے لوک سبھا انتخابات میں اتحاد کیا تھا اور ان سات اضلاع کی سبھی ۷؍ لوک سبھا سیٹوں پر جیت درج کی تھی۔ ان میں ایس پی کے رامپور مرادآباد اور سنبھل جبکہ بی ایس پی کو سہارنپور، نگینہ، بجنور اور امروہہ سیٹوں  پر جیت ملی تھی۔واضح رہے کہ اس الیکشن میں ذات پات کی صف بندی کی بنیاد پر بی جے پی کے لئے سابقہ الیکشن کی طرز پر مذہب کی بنیاد پر اور سیکوریٹی کے مسئلے پر ووٹوں کی تقسیم کرانا بڑا چیلنج ہے۔سبھی پارٹیوں کے امیدواروں کی فہرست سے صاف ہوگیا ہے کہ اس علاقے میں الیکشن کا دارومدار دلت، جاٹ اور مسلم ووٹوں کے پولرائزیشن پر منحصر ہے۔ جہاں تک انتخابی مہم کا سوال ہے تو کورونا انفیکشن کے خطرے کے درمیان ہورہے اس الیکشن میں گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں انتخابی مہم کا شور کافی کم رہا۔ الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائن کے تحت ریلی، جلوس اور روڈ شو وغیرہ پر پہلے ہی روک لگا دی تھی۔ورچوئل انتخابی تشہیر کے معاملے میں بی جے پی نے اپوزیشن پارٹیوں کو ضرور پیچھے رکھنے کی کوشش کی لیکن۶؍فروری سے عوامی ریلیاں کرنے کی اجازات ملنے کے بعد ایس پی۔ بی ایس پی اور کانگریس محدود روڈ شو اور عوامی ریلیاں کر کے ووٹروں تک اپنا پیغام پہنچانے میں مشغول  رہے۔ بی ایس پی سپریمو مایاوتی ابتدا میں اگرچہ سے انتخابی مہم سے دور رہیں لیکن۲؍ فروری سے انہوں نے مغربی اترپردیش میں تین ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے مقابلے کو دلچسپ بنا دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK