EPAPER
Updated: August 03, 2021, 8:13 AM IST | Mumbai
میونسپل کمشنر پر شیوسیناکا ایجنٹ ہونے کا الزام لگایا ۔ کارپوریٹروں کے ذریعے اٹھائے گئے شہریوں کے مسائل پر توجہ نہ دینے اور جانب داری برتنے کی شکایت کی
:این سی پی تھانے شہر کے صدر آنند پرانجپے اور تھانے میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی) میں اپوزیشن لیڈر اشرف (شانو) پٹھان نے پارٹی کے دیگر کارپوریٹروں کےہمراہ ٹی ایم سی صدر دفتر میں پیر کو احتجاج کیا اور الزام لگایا کہ میونسپل کمشنر شیو سینا کے ایجنٹ کے طور پر کام کررہے ہیں اور این سی پی کے کارپوریٹروں کے ذریعے اٹھائے جانے والے شہریوں کے مسائل پر کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے جبکہ شیو سینا کے کارپوریٹروں کے ساتھ ایسا نہیں ہو رہا ہے۔
اس مظاہرے میں کارپوریٹر راجن کینے، انیتا کینے، عشرین راؤت، حفیظہ نائک، روپالی گوٹے، ریحان پیتل والا، سنیتا ساتپوتے، راجو انصاری، سنگیتا پلیکر، آرتی گائیکواڑ اور دیگر کارپوریٹروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر این سی پی تھانے ضلع(شہر) کے صدر آنند پرانجپے نے کہا کہ ’’گزشتہ کئی مہینوں سےشانو پٹھان شہریوں کے کئی مسائل اٹھا رہے ہیں لیکن میونسپل کمشنر اس پر کوئی کارروائی نہیں کررہے ہیں جس سے شہریوں کو شدید دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ یہ کمشنر ہیں یا شیوسینا کے ایجنٹ ہیں ؟‘‘
اشرف پٹھان نے الزام عائد کیا کہ ’’ اسٹیم سے آلودہ پانی شہریوں کوسپلائی کرنے کا ہم نے انکشاف کیا تھا۔ اس پر ابھی تک کوئی ایکشن نہیں لیا گیا بلکہ شہریوں کو آج بھی آلودہ پانی ہی پلایا جارہا ہے ساتھ ہی ٹیکوں (ویکسین ) کی تقسیم میں بھی جانب داری برتی جارہی ہے ۔این سی پی کے کارپوریٹر جتنی بھی شکایت کرتے ہیں، انہیں نظرانداز کر دیا جاتا ہے اور ایسا صرف این سی پی کارپوریٹروں کے ساتھ ہی ہو رہا ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’میونسپل کارپوریشن کے سالانہ بجٹ کا اعلان کیا گیاہے لیکن اسے نافذ کیوں نہیں کیا جارہا ہے؟ ‘‘ انہوں نےمزید کہا کہ’’میونسپل کمشنر اپنی من مانی کر رہے ہیں ۔یہی حال گارڈنس کمیٹی اور دیگر کمیٹیوں کا بھی ہے جہاں ۶، ۶؍ ماہ سے کوئی میٹنگ نہیں ہورہی ہے۔‘‘