Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممتا بنرجی کی وزیراعظم مودی پر تنقید، بی جے پی کے انتخابی منشورکو جھوٹ کا پلندہ بتایا

Updated: March 23, 2021, 12:42 PM IST | Agency | Kolkata

عوام کومخاطب کرتے ہوئے بنگال کی وزیراعلیٰ نے سوال کیا کہ بی جے پی نے ۲۰۱۴ء میں اور تریپورہ کے الیکشن میں جو وعدے کئے تھے، کیا ان میں سے کوئی پورا کیا ہے؟

Mamata Banerjee - Pic : PTI
ممتا بنرجی ۔ تصویر : پی ٹی آئی

بانکوڑہ میں وزیر اعظم نریندر مودی کے جلسے سے ایک دن بعد وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بی جے پی کے انتخابی منشور کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کیا بی جے پی نے۲۰۱۴ءمیں  ملک کے عوام سے جو وعدہ کیا تھا، اسے پورا کیا؟ انہوں نے کہا کہ اس نے ہرایک شہری کے اکائونٹ میں۱۵۔۱۵؍لاکھ روپے ڈالنے کا وعدہ کیا تھا، کیا یہ  وعدہ پورا ہوا؟ممتا بنرجی نے کہا کہ بنگال انتخابات سے قبل بھی بی جےپی اسی طرح جھوٹے وعدے کررہی ہے کہ وہ انتخابات جیت جائےگی تو ریاست کے عوام کو مفت میں چاول اور دال دے گی۔ممتا بنرجی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ماؤں اور بہنو! یاد رکھویہ بنگال کا انتخاب ہے، دہلی کا نہیں۔ میں انہیں یاد دلانے کی کوشش کررہی ہوں جنہوں نے بی جے پی کو آخری بار ووٹ دیا تھا، کیا بی جے پی نے اپنے وعدے پورے کئے؟کیا آپ کے اکائونٹ میں۱۵؍لاکھ روپے آئے۔ یا د رکھو! یہ لوگ ہر انتخاب میں اسی طرح جھوٹ بولتے ہیں اور پھر فرار ہوجاتے ہیں ۔‘‘
 خیال رہے کہ ایک دن قبل مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے  بی جے پی کاانتخابی منشور جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر بی جے پی بنگال میں اقتدار میں آتی ہے تو ، چاول اور گندم ایک روپے فی کلوگرام کی قیمت پر دیئے جائیں گے۔ دن میں تین وقت کا کھانا’ انّ پورنا کینٹین‘ میں۵؍ روپے میں دستیاب ہوگا۔ بی جے پی کے منشور میں کے جی سے پی جی تک خواتین کی مفت تعلیم کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔
  بی جے پی کی طرف سے جاری  بیان میں کہا گیا  ہے کہ اگر بنگال میں بی جے پی اقتدار آتی ہے تو ریاستی سرکاری ملازمتوں میں خواتین کیلئے ۳۳؍ فیصد ریزرویشن دیا جائے گا۔۱۸؍ سال کی عمرمیں لڑکیوں کو۲؍ لاکھ روپوں کی ایک خطری رقم بھی دی جائے گی۔اسی طرح بیوہ الاؤنس اور زچگی گرانٹ کے بارے میں بھی منشور میں متعدد اعلانات ہیں۔ خیال رہے کہ بی جے پی نے ابھی اعلان ہی کیا جبکہ ممتا حکومت نےغریب عوام کیلئے ۵؍ روپے میں لنچ فراہم کرنے والی کینٹین شروع کردی ہے۔ترنمول  لیڈر نےاقتدار میں واپسی پر گھر گھر راشن دینے کا اعلان کیا ہے۔ بی جے پی کے انتخابی منشور میںچاول اور گندم کی قیمت کم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح ریاست میں ساتویں پے کمیشن کے قیام کا وعدہ بھی کیا ہے۔ 
 ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی نے یہی سب وعدے تریپورہ میں کیا تھا مگر وہاں بھی اس نے کوئی  وعدہ پورا نہیں کیا۔ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی کا منشور جھوٹ کا پلندہ ہے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ اگر آپ ترنمول کانگریس کو ووٹ دیتے ہیںتو مفت میں راشن ملے گا۔ لڑکیوں کو ماہانہ۵۰۰؍روپے ملیں گے اورکاسٹ سرٹیفکیٹ صرف ۷؍روپے میں بنا کر دیئے جائیں گے ۔
 بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی نے رسوئی گیس کی قیمت۴۰۰؍ سے۹۰۰؍ روپے کردی ہےمگر  الیکشن میں کھانے کی اشیا کی قیمت کم کرنے کا وعدہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ملک کے سرمائے کو فروخت کررہی ہے اوربینکوں سے روپے نکال رہی ہے ۔بنگال کی وزیراعلیٰ نےکہا کہ وہ یہ سوچ رہے تھے کہ میری ٹانگ توڑ کر بنگال کے انتخاب کو آسانی سے جیت جائیں گےمگر یہ بھول گئے ہیں ان کا مقابلہ مجھ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں تو ایک انچ زمین بھی ان کیلئے چھوڑنے کو تیار نہیں ہوں ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ بنگال میں اب’ کھیلا ہوبے۔‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK