Inquilab Logo Happiest Places to Work

نوی ممبئی : واشی میں یوپی اورآسام بھون کے باہر احتجاج

Updated: September 30, 2021, 8:38 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

مولانا کلیم صدیقی کی گرفتاری اور آسام میں مسلمانوں پر تشدد کے خلاف کاروانِ امن و انصاف کا احتجاجی مظاہرہ ۔ منتظمین کو پولیس نے تحویل میں لے لیا

Outside UP Bhavan in Vashi, caravan of peace and justice volunteers are demanding the release of Maulana Kaleem Siddiqui.Picture:Inquilab
واشی میں یوپی بھون کے باہر کاروانِ امن و انصاف کے رضاکار مولانا کلیم صدیقی کی رہائی کامطالبہ کررہے ہیں۔ تصویر انقلاب

معروف بزرگ عالم دین اور مبلغ‌ اسلام مولانا کلیم صدیقی کی یوپی اے ٹی ایس کے ذریعے گرفتاری اور آسام‌ حکومت کی ایماء پروہاں کے مسلمانوں پر  مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کیلئے کاروانِ امن وانصاف کے ذریعے بدھ کو  واشی میں واقع یوپی اور آسام  بھون کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ کورونا کی پابندیوں اور گائیڈ لائن کے سبب محض۱۸؍ مظاہرین ہی شریک ہوئے جن کے ہاتھوں میں مختلف نعروں والی تختیاں تھی اورانہوں نے مولانا کی  رہائی کا مطالبہ کیا۔ حیرت کی بات ہے کہ شرکاء کی محدود تعداد  کے باوجود پولیس نے منتظمین مفتی انور قاسمی اور سمیع اللہ خان کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ خبر لکھے جانے تک۵؍گھنٹے گزر گئے تھے لیکن ان‌ دونوں کو واشی  پولیس نے چھوڑا نہیں تھا ۔ واضح رہےکہ اس سلسلے میں یہ کوئی پہلا احتجاج نہیں ہے بلکہ ان زیادتیوں کے خلاف آواز بلند کرنے کا سلسلہ جاری ہے ،اس کے باوجود واشی پولیس کا یہ رویہ حیران کن ہے۔
 کاروان امن و انصاف کے جنرل سیکریٹری سمیع اللہ خان نے بتایا کہ ’’مولانا کلیم صدیقی امن و محبت کے داعی اور بزرگ شخصیت   ہیں۔ یوگی نے  انہیں اپنی سیاست چمکانے اور ووٹوں کے ارتکاز کیلئے   نشانہ بنایا ہے جوکہ صریح زیادتی ہے۔اسی طرح  آسام میں معین الحق اور فرید کی شہادت سمیت سیکڑوں مسلمانوں کے گھر اجاڑ کر وہاں کی بی جے پی حکومت آئین کی دھجیاں بکھیر رہی ہے اور حقوق انسانی کی بدترین خلاف ورزی کررہی ہے۔ اس لئے مطالبہ کیا گیا کہ مولانا‌ کلیم صدیقی اور ان کے رفقاء کو فوراً رہا کیا جائے اور آسام کے مظلوم مسلمانوں کو انصاف دیا جائے اور خاطی پولیس والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔‘‘
 کاروان امن و انصاف کے نائب صدر مفتی انور خان سرگروہ نے یوگی آدتیہ ناتھ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ امن و محبت کے داعیوں کو جیل بھیج کر اپنی متعصبانہ نفسیات کا ثبوت دے رہے ہیں۔ مولانا کلیم صدیقی کو گرفتار کرکے یوگی نے اپنا اسلاموفوبیا اور مسلم دشمنی کو واضح کردیا ہے۔ ‘‘انہوں نے یہ بھی کہا کہ’’ آسام کے مسلمانوں پر جو مظالم ڈھائےجارہے ہیں ، وہ بدترین ظلم ہے ، وہاں کی حکومت کو فوری طورپر برخاست  کیا  جائے کیونکہ وہ اقتدار میں‌ رہنے کا‌ اخلاقی حق کھوچکی ہے۔‘‘
  پتھر والی مسجد ممبئی کے امام و خطیب مفتی عبدالاحد فلاحی نے کہا کہ ’’مولانا کلیم صدیقی کی گرفتاری کیلئے قانون اور اصولوں کو روند کر اے ٹی ایس نے یوگی کے حکم پر من‌ مانی کی ہے لیکن یاد رکھنا چاہئے کہ ظلم کا سلسلہ زیادہ دن‌ تک نہیں چلتا، رب العالمین کی گرفت ضرور ہوتی ہے اور ایسے لوگوں کو ضرور سزادی جاتی ہے۔‘‘

up bhavan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK