Inquilab Logo Happiest Places to Work

بلند شہر میں اہم لیڈروں کی ریلیاں ، روڈ شو، ووٹروں سے ملاقات

Updated: February 04, 2022, 11:23 AM IST | Agency | Bulandshahr

انتخابات سے چند روز قبل انتخابی سر گرمیاں عروج پر ، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے اپنے اپنے طریقے سے ووٹروں کو قائل کرنے کی کوشش کی ،دونوں نے گھر گھر جانے کی مہم کے ساتھ روڈ شو بھی کیا جبکہ ایس پی سربراہ اکھلیش یادو اور آریل ڈی سربراہ جینت چودھری نے ایس پی۔ آرایل ڈی کے مشترکہ امیدواروں کی حمایت میں ریلی نکالی

SP Akhilesh Yadav and Janit Chaudhary in a joint rally of RLD. Picture:INN
ایس پی ۔ آر ایل ڈی کی مشترکہ ریلی میں اکھلیش یادو اور جینت چودھری عوام کے درمیان۔ ۔ تصویر: آئی این این

 بلند شہر میں جمعرات کو انتخابی سرگرمیاں عروج  پر رہیں۔ بی جے پی ، کانگریس ، ایس پی اور آر ایل ڈی کے  اہم لیڈروں  نے جہاں ایک طرف ریلیوں اور روڈ شو  کے ذریعہ اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا ، وہیں دوسری طرف گھر گھر جا کر ووٹروں سے ملاقات بھی کی۔ امیت شاہ کا بیان   وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعرات کو  بلند شہر کے انوپ شہر میں’ پربھاوی متداتا سمیلن‘ سے خطاب کرتے ہوئےکہا :’’عطرکاروباری کی ٹھکانوں پر انکم ٹیکس کی چھاپے ماری میں تقریباً ۲۵۰؍کروڑ روپے برآمد کئے گئے۔ چھاپے ماری سے اکھلیش کو تکلیف کیوں ہوئی؟ میں آپ کو بتاتا ہوں اکھلیش کے پیٹ میں اس لئے درد تھا کیونکہ جو رقم برآمد کی گئی ہے وہ ایس پی کے غنڈوں  کی تھی۔‘‘انہوں نے دعوی کیا کہ بی جے پی دوتہائی کی اکثریت سے اترپردیش میں حکومت  بنانے  جارہی ہے۔اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں یوگی آدتیہ ناتھ ریاست کے وزیراعلیٰ ہوں گے۔  پر ینکا گاندھی کی مہم اور روڈ شو    جمعرات کو یوپی انچارج اور کانگریس جنرل سیکریٹری انتخابی تشہیر کے لئے بلند شہر پہنچیں جہاں  انہوں نے ڈور ٹو ڈور مہم کے ساتھ  ساتھ روڈ شو بھی کیا ۔ پرینکا نے   بلند شہر کی سکندرآباد اسمبلی حلقے سے اپنے  پارٹی کے امیدوار کی حمایت میں ڈور ٹو ڈور مہم کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پرینکا نے کہا:’’انتخابات عوام  اور ترقی سے وابستہ مسائل پر لڑےجانے چاہئیں ، حالانکہ الیکشن کو ذات مذہب اورفرقہ  کے نام  پر تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہے۔‘‘ا ن کے بقول:’’ عوام جاننا چاہتے ہیں کہ سڑک اورصحت کے شعبے میں ان کیلئے کیا کیا گیا ہے؟لیکن یہ انتہائی مایوس کن ہے کہ سیاسی پارٹیاں صرف ذات پات اور تقسیم کی سیاست  میں مصروف ہیں۔‘‘   پرینکا گاندھی واڈرا نے جمعرات کو بلند شہر کے دھوراؤ گاوں پہنچ کر    اجتماعی عصمت دری  اورقتل متاثرہ کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔اس دوران پرینکانے متاثرہ کنبہ سے تقریباً۴۰؍منٹ تک بات چیت کی ۔پرینکا نےمتاثرہ کنبہ کو صبر کی تلقین  کی اور اسے  انصاف دلانے کیلئے  ہر ممکن تعاون کا وعدہ کیا۔   یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بلند شہر کے دھوراؤ گاوں میں اجتماعی عصمت دری   اورقتل کی واردات نے ہاتھرس کی یاد  تازہ کردی۔ متاثرہ کنبہ نے پولیس پر ان کے مرضی کے برعکس رات کی تاریکی میں زبردستی لاش جلانے کا الزام عائد کیا ہے۔     اس واردات سےمتعلق بلند شہر میں راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی)  کےصدر جینت چودھری کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی ( ایس پی ) کے سربراہ اکھلیش یادو  نے کہا :’’ بلند شہر کی واردات  سے ہاتھرس کی یاد تازہ ہوگئی۔یہ ایک وحشیانہ جرم ہےلہٰذا اب حکومت کو بہن بیٹوں کے تحفظ کے بارے میں جھوٹ بولنا بند کردینا چاہئے۔‘‘ نوجوانوں کو’گرمی نہیں بھرتی ‘کی ضرورت : اکھلیش   ایس پی ۔ آرایل ڈی کی مشترکہ ریلی میں اکھلیش نے یوگی کے ذریعہ کیرانہ اور مظفرنگر میں ’جوگرمی دکھائی دے رہی ہے، یہ سب کم ہوجائے گی، گرمی کیسے ختم ہوگی میں جانتا ہوں‘ جیسے جملوں   پر اعتراض کرتے  ہوئے کہا :’’ وزیر اعلیٰ کو ایسے جملے زیب نہیں دیتے ہیں۔ ریاستی کے نوجوانوں کو’گرمی نہیں بھرتی‘کی ضرورت ہے۔‘‘   آر ایل ڈی سربراہ جینت چودھری نے بھی وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کےذریعہ استعمال کی جانے والی زبان کی مذمت کرتے ہوئے کہا:’’  دو نوجوانوں کے درمیان  جو اتحاد قائم ہوا ہے، بی جے پی حکومت اس سے  بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہےاور ایسی زبان کا استعمال کرنے لگی ہے۔ ‘‘ آر ایل ڈی سربراہ نے وعدہ کیا :’’ اتحاد کی حکومت بننے پر ہم خواتین کے تحفظ کیلئے اقدام کریں گے۔ بڑی تبدیلی کریں گے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK