Inquilab Logo Happiest Places to Work

دیوریا: بیٹی سے چھیڑ خانی کی شکایت اہل خانہ سےکرنے پر والد کا قتل

Updated: November 08, 2020, 1:02 PM IST | Agency | Deoria

گھر کے دروازے پر بیٹھی لڑکی سے رشتہ داری میں آئے ہوئے نوجوان نے چھیڑ خانی کی، لڑکی کے والد نے اس کے رشتہ داروں سے شکایت کردی، شکایت کے ایک گھنٹہ بعداس کے گھر پر حملہ کردیا گیا،اسپتال لے جاتے ہوئے لڑکی کے باپ کی موت، کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے شدید تنقید کی

Deoria Victim Family
چھیڑ خانی کی متاثرہ کے والد کے انتقال پر گھر ماتم کدہ کی تصویر بنا ہوا

یوگی حکومت کے جنگل راج میں کس قدر لاقانونیت کا بول بالاہےاس کی مثال دیوریا میں اس وقت منظر عام پر آئی جب ایک شخص کو محض اس لئے قتل کر دیا گیا کہ اس نے اپنی بیٹی کے ساتھ چھیڑخانی کیے جانے کے خلاف آواز اٹھائی اور اس کی شکایت فریق مخالف سے کر دی۔

اکونا میں پیش آنے والے اس واقعہ میں شدید طور پر زخمی شمبھو ناتھ (تبدیل شدہ نام) کو ضلع اسپتال اور اس کےبعدگورکھپور میڈیکل کالج لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروںنےانہیں لکھنؤ پی جی آئی کیلئےریفر کر دیا۔ اس دوران راستہ میں ہی ان کی موت واقع ہو گئی۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اس واقعہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ اب کوئی حکومت سے حفاظت کی امید کیسے کرے؟
پرینکا گاندھی نے اس خبر کو فیس بک پر شیئر کرتے ہوئےلکھا، ’’اتر پردیش کی بی جے پی حکومت میں تحفظ کا بنیادی نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ مجرموں میں قانون کا کوئی خوف نہیں ہے۔ دیوریا میں ایک والد کا قتل اس لئےکر دیا گیا کیونکہ انہوں نے اپنی بیٹی کے ساتھ ہو رہی چھیڑ خانی کی مخالفت کی۔ اب کوئی اس حکومت سے حفاظت کی امید کیسے کرے؟ جنگل راج قائم ہے۔‘‘
ہندی روزنامہ ’امر اجالا‘ کی رپورٹ کے مطابق اکوناتھانہ علاقہ کے ایشور پورا گاؤں میں جمعرات کی شام ایک لڑکی اپنے دروازے پر بیٹھی تھی۔ گاؤں میں رشتہ داری میں آئے ہوئے ایک نوجوان نے اس کے ساتھ چھیڑخانی کی۔ لڑکی نے نوجوان کی نازیبا حرکت کی شکایت اپنے والدسے کی۔ لڑکی کے والد نوجوان کے رشتہ دار کے گھر اس کی شکایت کرنے پہنچ گئے۔ الزام ہے کہ شکایت کے ایک گھنٹہ کے بعد رات کو تقریباً ۸؍بجےمخالف فریق کے لوگوں نے شکایت سے ناراض ہو کر متاثرہ کے گھر پر دھاوا بول دیا۔ ان لوگوں نے لاٹھی ڈنڈوں سے متاثرہ لڑکی کے والد کی پٹائی کر دی۔محلے کے لوگوں کے جمع ہونے پر پٹائی کرنے والے لوگ فرار ہو گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس معاملہ میں پولیس نے۲؍ملزمین کو حراست میں لیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ مہلوک کی بیوی کی تحریر پر پولیس نے۸؍افراد کے خلاف منصوبہ بند طریقہ سے مار پیٹ کرنے، چھیڑخانی اور غیر ارادتاً قتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK