EPAPER
Updated: December 03, 2021, 10:21 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai
شیوسینا سے علاحدگی کے بعد ان کی کانگریس میں شمولیت کی قیاس آرائیاںکی جارہی تھیں،اچانک این سی پی کا دامن تھام لیا
یہاں دیہی علاقوںکے طاقت ور لیڈرسریش مہاترے (بالیا ماما)نے بالآخرجمعرات کو نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(این سی پی)میں شمولیت اختیار کرلی۔ممبئی میں این سی پی کے صدر دفتر میں منعقدہ ایک تقریب میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار، این سی پی کے ریاستی صدرجینت راؤ پاٹل،کابینی وزیر حسن مشرف و دیگر لیڈران کی موجودگی میں وہ پارٹی میںشامل ہوگئے۔ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کےبعد انہوں نے این سی پی سپریمو شرد پوار سے بھی ملاقات کی۔
معلوم ہوکہ سریش مہاترے نے تقریبا۶؍ماہ قبل شیوسینا کے سبھی عہدوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ وہ رکن پارلیمان اور مرکزی وزیر برائے پنچایت راج کپل پاٹل کے سیاسی حریف کے طور پرجانے جاتے ہیں۔سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق اگر ۲۰۱۹ء کے پارلیمانی الیکشن کے دوران انہیںبھیونڈی پارلیمانی حلقہ سے کانگریس کا اُمیدوار بنایا جاتا تو منظر نامہ کچھ اورہوسکتا تھا۔بتایا جاتا ہے کہ شیوسینا کو ’جے مہاراشٹر‘ کہنےکے بعدسے ان کی کانگریس میں شمولیت کی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کچھ شرطوں کے ساتھ ان کی کانگریس کے اعلیٰ لیڈران کے ساتھ کئی دور کی بات چیت بھی ہوچکی تھی۔لیکن اس درمیان جمعرات کو وہ اچانک این سی پی میںشامل ہوگئے۔سریش بالیا مہاترے شیوسیناکے تھانہ ضلع رابطہ کے سربراہ ، تھانہ ضلع پریشد کے تعمیرات عامہ اورصحت کمیٹی کے چیئرمین اور تھانہ ضلع پریشد کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔ وہ شیوسینا میں طویل وقت تک رہنے کے ساتھ ہی مہاراشٹرنونرمان سینا(ایم این ایس)میں بھی رہ چکے ہیں۔