EPAPER
Updated: February 12, 2022, 8:25 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai
مہلوک کے اہل خانہ کا پولیس پر مارپیٹ کا الزام ، پولیس کے مطابق نوجوان مطلوب ملزم ہے
یہاں پیرانی پاڑہ علاقے میں صادق جعفری نامی نوجوان کو گرفتار کرنے گئی پولیس کے ساتھ اس کی ہاتھا پائی ہوگئی جس کے بعد اس کی مشتبہ حالت میں موت ہوگئی۔ متوفی کے رشتہ داروں اور مقامی لوگوں نے پولیس پر مار پیٹ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے زبردست ہنگامہ کیا۔پولیس نےلاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیونڈی کے اندرا گاندھی سب ڈسٹرکٹ اسپتال بھیجا جس کے خلاف مقامی افراد نے احتجاج کیا ۔ اس کے بعد پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ممبئی کے جے جے اسپتال بھجوا دیا۔
پولیس ذرائع سے موصول اطلاع کے مطابق شانتی نگر پولس اسٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر شیتل راؤت کو اطلاع ملی تھی کہ مطلوب ملزم صادق جعفری (۳۰)جمعرات کی رات پیرانی پاڑہ کی ایرانی بستی میں واقع اس کے گھر آیا ہے۔ پولیس ٹیم اسے پکڑنےاس کے گھر گئی تو صادق اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی شروع ہوگئی ۔ اس دوران کسی وجہ سے اس کی موت واقع ہو گئی۔ اہل خانہ اورمقامی افراد نے اس کی موت کا الزام پولیس پر عائد کرکے لاش لینے سے انکار کردیا۔خبر پھیلتے ہی وہاںلوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی جس کے بعد بھیونڈی پولس کے اعلیٰ افسران بھاری پولس فورس اور اسٹیٹ ریزرو فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ انہوں نے لواحقین کے مطالبے پر معاملے کی جانچ کا یقین دلاتے ہوئے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے پہلے اندرا گاندھی سب ڈسٹرکٹ اسپتال لایا لیکن اس پر مہلوک کے اہل خانہ کو اعتراض تھا۔ انہوں نے احتجاج شروع کر دیا۔تب پولیس نےلاش کوممبئی کے جے جے اسپتال بھیج دیا۔ڈی سی پی یوگیش چوہان نے کہا کہ پولیس اپنا کام پوری ایمانداری سے کررہی ہے ۔پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر اس معاملے میں مزید کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر پوسٹ مارٹم رپورٹ میں نوجوان کی موت پولیس اہلکاروں کے سبب بتائی گئی تو پولیس افسران پر بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔ان کے مطابق صادق جعفری کے خلاف کئی تھانوں میں مجرمانہ مقدمات درج ہیں۔