Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی : اینٹوں کے بھٹے میں کوئلہ اتارتے ہوئے ٹرک جھوپڑی پر اُلٹ گیا، ۳؍ بچیاں دب گئیں

Updated: January 28, 2022, 8:51 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

بھٹےکا مالک اور منیجر گرفتار، دیگر۲؍ ملزم فرار ، مشتعل ہجوم کا ٹرک پر پتھرائو ، پولیس کا سخت بندوبست

The truck involved in the accident, its trailer and compressor rod.
حادثے سے دوچار ہونے والا ٹرک ، اس کا ٹرالر اور کمپریسر راڈ ۔

: تعلقہ کے ٹیمبھ والی گاؤں میں  دردناک حادثے میں ۳؍ بچیوں کی موت ہو گئی جس کی وجہ سے علاقے میں صف ماتم بچھ گئی ہے۔ یہاں واقع اینٹوں کے بھٹے میںٹرک سے کوئلہ اتارتے وقت ٹرک کے پیچھے لگی ٹرالی کا کمپریسر راڈ ٹوٹ جانے کے سبب ٹرالی اور اس میں بھرا کئی سو کلوگرام کوئلہ بھٹہ مزدور کی جھوپڑی پر الٹ گیا جس کی زد میں آنے سے اس مزدور کی تین بیٹیاں  موقع پر ہی فوت ہو گئیں۔ حادثے کے دوران زوردار آواز آنے کی وجہ سے وہاں کام کرنے والے دیگر مزدور جائے حادثہ پر پہنچے اور زخمیوں کو جھوپڑی سے باہر نکالاگیا لیکن تب تک تینوں بچیوں کی موت ہو چکی تھی۔پولیس نے اینٹ بھٹہ کے مالک اور منیجر کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا ۔عدالت نے ملزمین کو ۲۹؍جنوری تک پولیس حراست میں رکھنے کا حکم دیا ہے ۔اس حادثے کے دیگر دو ملزمین ابھی پولیس کی گرفت سے دور ہیں ۔
  بھیونڈی تعلقہ کے دگاڑ پھاٹا کے موہلی گاؤں سے بالارام والوی اپنی بیوی اور چار بیٹیوں کے ساتھ یہاں گوپی ناتھ مادھوی کے اینٹوں کے بھٹے میں مزدوری کے لئے آئے تھے۔دیہی علاقے ٹیمبھ و الی کے  ڈانڈیکر واڑی علاقے میں بدھ کی دیر شام   اینٹوں کے بھٹہ پر مزدور بالارام وڈوی کی اہلیہ کھانا بنا رہی تھی جبکہ اس کے ۴؍ بچے  جھوپڑی میں سو رہے تھے ۔ شام تقریباً ۸؍ بجے کوئلے سے بھرا ایک ٹرک آیا جسے بالا رام نے اپنے جھوپڑے کے پاس ہی خالی کروانا شروع کیا لیکن اس   اس درمیان ٹرک کا توازن بگڑگیا اور اس کی وجہ سے ٹرک کے پیچھے لگی ٹرالی کا کمپریسر راڈ ٹوٹ گیا۔ اس سے اچانک بہت زور کی  آواز  کے ساتھ ٹرالی اور اس میں بھرا کئی کوینٹل کوئلہ بالارام کی ہی جھوپڑی پر اُلٹ گیا۔کوئلہ اور ٹرک الٹنے کی وجہ سے جھوپڑی میں سو رہی  لاونیا (۷؍ سال)،  امیشا (۶؍ سال) اور پریتی (۲؍ سال )  اس ملبے میں دب گئی اور جگہ پر ہی فوت ہو گئیں۔  
 واضح رہے کہ واقعہ کے وقت  بالارام بیت الخلاء گیا ہوا تھا اور اس کی بیوی باہر چولہے پر کھانا بنا رہی تھی جبکہ ایک بچی  باہرجھولی میں سو رہی تھی جس کی وجہ سے تینوں کی جان بچ گئی لیکن باقی تینوں بچیاں فوت ہو گئیں۔ اس حادثے کی وجہ سے بالا رام اور اس کی اہلیہ صدمہ سے نڈھال ہیں۔ 
 بھیونڈی تعلقہ پولیس نے اس معاملے میں اینٹ بھٹہ کے مالک گوپی ناتھ مڑوی ، اس کے بیٹے مہندر مڑوی ، منیجر سریش رام داس پاٹل اور ٹرک ڈرائیور توفیق شیخ کے خلاف غیرارادتاً قتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔ گوپی ناتھ پاٹل اور سریش پاٹل کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ دیگر دو ملزمین  فرار ہیں۔  اس دوران حادثے کے بعد علاقے میں  غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی اور مشتعل ہجوم نے اپنے غصے کا اظہار کرنے کے لیے ٹرک پر پتھراؤ کردیا ۔ پولیس نے بڑی مشکل سے حالات پر قابو پاتے ہوئے امن و امان قائم کیا ۔   فی الحال وہاں سخت بندوبست لگادیا گیا ہے۔ 

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK