Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی : پارکنگ زون کا بورڈکب آویزاںکیا جائیگا؟ گاڑی والوں کاسوال

Updated: January 29, 2022, 8:26 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

اہم سرکاری دفاتر کے اطراف پارکنگ کا انتظام نہ ہونے کے سبب سڑکوںیا فلائی اوور کے نیچے گاڑیوں کو کھڑی کرنے سے ٹریفک کا مسئلہ سنگین ہوتا جارہا ہے

Drivers are forced to park under the flyover.
گاڑی والوں کو مجبوراًفلائی اوور کے نیچے گاڑیاں کھڑی کرنی پڑتی ہے۔

بھیونڈی:ٹریفک نظام میں خرابی اور شہر کے اہم مقامات پر پارکنگ نہ ہونے کے سبب شہریوں کو اپنی گاڑیاں کھڑی کرنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔پارکنگ زون نہ ہونے کے سبب میونسپل کارپوریشن کے اطراف  اہم سرکاری دفاتر آنے والے افراد اپنی گاڑیاں  بے ترتیبی سے پارک کردینے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم رہتاہےجس کا خمیازہ شہریوں کو بھگتنا پڑتا ہے۔حیرت کی بات یہ ہے کہ ٹریفک ڈپارٹمنٹ نے نوپارکنگ کا بورڈ تو شہر کے مختلف علاقوں  میںلگایا ہے لیکن پارکنگ زون سے متعلق کوئی بورڈ آویزاں نہیں کیا ہےاسی لئے لوگ سوال کررہے ہیںکہ پارکنگ زون کا بورڈ کب آویزاں کیا جائے گا۔
  یاد رہے کہ بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر کے اطراف مختلف سرکاری دفاتر جیسے بھیونڈی پولیس ہیڈ کوارٹرز، تحصیلدار، پنچایت سمیتی، رجسٹرار آفس، اسٹیٹ بینک آف انڈیا، پرانت آفس اور عدالت واقع  ہیں جہاں شہر  اور دیہی علاقوں سے روزانہ ہزاروں افراد اہم کام کیلئے آتے ہیں لیکن  پارکنگ کا کوئی انتظام نہ ہونے کی وجہ سے وہ اپنی گاڑیوں کو سڑک کے کنارے یا راجیو گاندھی فلائی اوور کے نیچے کھڑی کردیتے ہیں  جس کےسبب ٹریفک کا مسئلہ سنگین ہوجاتا ہے۔
  بھیونڈی ٹریفک پولیس نے شہر میں تقریباً ۷۵؍ مقامات پر ’نو پارکنگ‘ کے بورڈ لگائے ہیں۔ دلچسپ بات  یہ ہے کہ ٹریفک محکمہ نے نوپارکنگ کا بورڈ تو لگادیا ہے لیکن پارکنگ زون سے متعلق کوئی بورڈ آویزاں نہیں کیا ہےجس کے سبب لوگ   اپنی گاڑی کھڑنے کے معاملے میں ہمیشہ تذبذب  کا شکار رہتے ہیں؟ان کا کہنا ہے کہ اگر پارکنگ زون نہیں ہے تو نو پارکنگ کا بورڈ لگانا کہاں کا انصاف ہے؟ اگرچہ بلدیہ عظمیٰ نے محض نام کیلئے شیواجی چوک کے پاس ایک عالیشان پارکنگ لاٹ بنایا ہے لیکن شہر کے اہم سرکاری یا  انتظامی دفاتر سے دور ہونے کی وجہ سے اس کا فائدہ صرف ان لوگوں کو مل رہا ہے جو سبزیاںخریدنے سبزی مارکیٹ آتے ہیںیا دیہی علاقوں سے یہاں شاپنگ کیلئے آتے ہیں۔
 میونسپل کارپوریشن  ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق ٹریفک کے نظام  میں بہتری کیلئے ۲۰۰۸ء میں ٹریفک سگنل سسٹم کیلئے مرکزی وزارت برائے توانائی(غیر روایتی) کی جانب سے ایک کروڑ۲۰؍لاکھ روپے کا فنڈدیا گیا تھا۔اسی کااستعمال کرتے ہوئے ۲۰۰۸ء میںبھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن نے سولار انرجی سگنل سسٹم شروع کیاجس کے تحت کلیان ناکہ،دھامنکر ناکہ، ونجار پٹی ناکہ اور انجور پھاٹاکے علاوہ ممبئی- ناسک شاہراہ پر راجنولی ناکہ ،مانکولی کے علاوہ بھیونڈی شہر کے منڈئی  اور شیواجی نگر علاقہ میں شمسی توانائی سے چلنے والاٹریفک سگنل لگایا تھا تاکہ شہریوں کو ٹریفک کی دشواریوں سے نجات مل سکے۔تاہم ان میں جہاں کئی سگنل کبھی شروع ہی نہیںکئے گئے وہیں جو چند ایک شروع کئے گئے تھے، وہ بھی برسوں سے بند پڑے دھول کھا رہے ہیں۔ استعمال نہ ہونے کے سبب وہ زنگ آلود ہوگئے ہیں جس کے سبب کچھ خراب ہوگئے توکئی چوراہوں پر تو کنکریٹ کی سڑک کی تعمیر ہونے کے بعدسگنل ہی غائب ہوگئے۔
  ۲۰۲۱ء میں ونجار پٹی ناکہ، کلیان ناکہ، اندرا گاندھی اسپتال اور آنند دیگھے چوک پر ٹریفک سگنل سسٹم قائم کرنے کیلئے ۶۰؍ لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔ تاہم ابھی تک صرف  ونجار پٹی ناکہ اوراور آنند دیگھے چوک پر ہی سگنل نصب ہوسکے ہیں۔ سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ آنند دیگھے چوک پر نصب سگنل افتتاح کے دوسرے دن سے ہی کسی تکنیکی خرابی کے سبب بند کردیا گیا جو اب تک شروع نہیں ہوسکا ہےجبکہ ونجار پٹی ناکہ پر نصب سگنل افتتاح کے بعد سے کام کررہا ہے۔


 

 ان سگنلوںکے بند ہونے کا   خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔انہیں ٹریفک کا  عذاب جھیلنا کرنا پڑرہا ہے جو اب  ناقابل برداشت ہوتا جارہا ہے۔شہریوں کا الزام ہے کہ سگنل بند ہونے کے سبب کسی بھی راستے پر کوئی بھی اپنی گاڑی داخل کردیتا ہےجس کے سبب شہر میں ہر جانب ٹریفک کااژدہام رہتا ہے۔اس کی وجہ  سے ۱۰؍منٹ کا سفر گھنٹے میں تبدیل ہوجاتا ہے۔سگنل نہ ہونے کے سبب سڑک حادثات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
 سگنل کو شہر کی اہم ضرورت بتاتے ہوئے محکمہ ٹریفک کے سینئر پولیس انسپکٹر راجندر مائنے نے بتایا کہ ان کے محکمہ میں پولیس اہلکاروں کی تعداد ضرورت سے کم ہے۔سگنل بند ہونے کے سبب پولیس اہلکاروں پر ٹریفک کنٹرول کرنے کا  بوجھ زیادہ ہوتا ہے۔اگر سگنل شروع رہتے تو پولیس اہلکار ٹریفک کو آسانی سے قابو کرلیتے اوراس سے شہریوں کو ٹریفک کے مسائل سے پریشان نہیں ہونا پڑتا۔
  شہریوںنے میونسپل کارپوریشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہر میں نصب سگنلوں کو شروع کریں اورجن سگنلوں میں خرابی ہے،  انہیں درست کیا جائے ۔ جن سڑکوں پر سگنل نہیں ہے، وہاں نیا اور جدید سگنل نصب کرنے کی کارروائی کریں۔
 سگنل کے معاملے پر میونسپل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر میں ان دنوں بڑے پیمانے پر سڑک کی تعمیر کاکام جاری ہے۔ یہ مکمل ہوجانے کے بعدسگنل شروع کرنے کی کارروائی  شروع کردی جائے گی۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK