Inquilab Logo Happiest Places to Work

امیت شاہ کی علی گڑھ کی ریلی سےایس پی آرایل ڈی کی مشترکہ ریلی کاجواب دینےکی تیاری

Updated: December 27, 2021, 12:18 PM IST | Inquilab News Network | Aligarh

ریلی کی کامیابی کیلئے راجیہ سبھا رکن ہری دوار دوبے اور ریاست کے جنرل سیکریٹری اشوینی تیاگی علی گڑھ میں موجود ہیں ، کارکن گھر گھر جاکر ریلی میں شرکت کی اپیل کررہےہیں

Crowds at Amit Shah`s rally in Kasganj.Picture:INN
کاس گنج میں امیت شاہ کی ریلی میں بھیڑ=۔ تصویر: آئی این این

ان دنوں مر کزی وزیر داخلہ ، یوپی  کے سابق انتخابی انچارج اور بی جے پی کے سابق صدر  امیت شاہ   اتر پردیش کے ۶؍ روزہ دورے پر ہیں۔پارٹی  ذرائع کے مطابق  اس دوران وہ ۱۰؍ کے اضلاع کی ۲۱؍ ریلیوں سے  خطاب کریں گے ۔ ان کی ریلیوں کیلئے ایسے مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے جہاں سے  ریاست کے۴۰۳؍ میں سے ۱۴۰؍ اسمبلی حلقوں کے عوام تک ان کا پیغام پہنچے گا۔ ان میں سب سے زیادہ علی گڑھ کی ریلی کو اہمیت دی جارہی ہے۔ پارٹی کے اہم لیڈر ان دنوں علی گڑھ میں ہیں۔ وہ  امیت شاہ کی علی گڑھ ریلی کو کامیاب بنانے کی پوری کوشش کررہےہیں۔  پارٹی کے کارکن گھر گھر جا کر عوام سے ریلی میں شریک ہونے کی درخواست کررہےہیں۔ آخر علی گڑھ ریلی کیلئے بی جے پی اتنے جتن کیوں کررہی ہے ؟ اس کے کئی جواب دیئے جارہےہیں۔ 
   ایک تو یہ ہے کہ علی گڑھ طویل عرصہ سے  سیاست کا اہم مرکز  ہے، یہاں کے انتخابی جلسوں  کے شرکاء کی تعداد ہی سے سیاسی ماہرین یہ اندازہ لگاتے ہیں کہ صوبہ میں کس سیاسی پارٹی کی حکومت بنے گی ؟  واضح رہے کہ گزشتہ انتخابات میں علی گڑھ سے بی جے پی نےساتوں سیٹوںپر کامیابی حاصل کی تھی۔   دوسرے یہ ہے کہ گزشتہ دنوں سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو اور آر ایل ڈی کے سربراہ جینت چودھری کی مشترکہ ریلی امید سے زیادہ کامیاب ہوئی تھی۔ اس  کے بعد سیاسی ماہرین کو انداز ہ تھا کہ جلد ہی بی جے پی کی جانب سے کوئی بڑا لیڈر علی گڑھ میں عوامی جلسے سے خطاب کرے گااور اس ریلی کا جواب دے گا۔ اب   دیکھنا یہ ہےکہ ۳۰؍ دسمبر کوعلی گڑھ میں امیت شاہ ریلی کی ایس پی اور آر ایل ڈی کی ریلی کا  جواب ثابت ہوتی ہے یا نہیں ؟
  تیسرا پہلو یہ ہے کہ اب تک بی جے پی اپنی جن وشواس یاتر اؤںسے ا س  طرح عوام کو قائل نہیں کر سکی ہے جیسی اسےامید تھی، ایسے میں اب بی جے پی کارکن اور لیڈروںکی نظریں۳۰؍ دسمبر کی امیت شاہ کی ریلی پر  ہیں ، اسی لئے بی جے پی اس ریلی کو کامیاب بنا نے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے۔  علی گڑھ میں راجیہ سبھا رکن ہری دوار دوبے اور ریاست کے جنرل سیکریٹری  اشوینی تیاگی   موجود ہیں ۔ وہ پارٹی کارکنوں اور لیڈروں کے ساتھ مسلسل میٹنگیں کررہےہیں۔  ان کی کوشش   ہے کہ  ۳۰؍ دسمبر کی ریلی میں بی جے پی حامی بڑی تعداد میں جمع ہوں اور کم ازکم ایک لاکھ کارکنوں کو متحدہ کیا  جائے۔  اس کے پیش نظر بی جے پی نے پوری طاقت  جھونک دی ہے۔  پارٹی کے ضلع صدر چودھری رشی پال سنگھ کا کہنا ہے کہ ریلی تیاریاں کی جارہی ہیں۔  کارکنوں میں غضب کا جوش ہے۔بوتھ سطح پر لوگ رابطہ کررہے ہیں۔گھر گھر جاکر ریلی میں شرکت کرنے کی   اپیل کررہےہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا  کہ  یہ ریلی تاریخی ہوگی اور اب تک کی تما م ریلیوںکا ریکارڈ توڑے گی۔ یہاں سے جو پیغام جائے گا ، یقینی طور پر اس سے مغربی یو پی کے کارکنوں کو توانائی ملے گی ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK