EPAPER
Updated: May 29, 2021, 3:32 PM IST | Agency | Mumbai
سابق ہندوستانی کرکٹر نے ٹویٹر پر ۲۰۰۷ء کی ٹیسٹ سیریز کی فتح کا جشن منانے والی تصویر شیئر کردی
ٹیم انڈیا کے سابق بلے باز وسیم جعفر اور انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان کے درمیان سوشل میڈیا پر تکرار کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران انگلینڈ کے سابق کپتان نے وسیم جعفرکو سوشل میڈیا پربلاک کرنے کی بات کہی تھی، اس کے جواب میں ہندوستان کے سابق کھلاڑی نے انگلینڈ میں ۲۰۰۷ء میں ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کی جشن مناتے ہوئے تصویر شیئر کی اوراس کے ساتھ کیپشن لکھا ’’مائیکل وان کے ذریعہ مجھے بلاک کرنے کی خواہش کا اظہار کرنے کے بعد میں اور میرے دوست ۔‘‘
وسیم جعفر اوروان کے درمیان ہند۔ آسٹریلیا سیریز کے بعد سے تکرار جاری ہے۔ وان نے پیشین گوئی کی تھی کہ ہندوستان ، آسٹریلیا کے ہاتھوں ۴؍ٹیسٹ میچوں کی سیریز صفر۔۴؍ سے ہار جائے گا ۔ تب وسیم جعفر پہلے شخص تھے جنہوں نے اس پیشین گوئی کو غلط قرار دیاتھا۔ ہندوستان نے آسٹریلیا کو اس کے ہی گھرمیں ناتجربہ کار ٹیم کے ساتھ ایک۔۲؍ سے ٹیسٹ سیریز جیت لی تھی۔ اب ہندوستان اگلے ماہ سے انگلینڈ کا دورہ کرنے والا ہے اور اگست میں ان دونوں ممالک کے درمیان ٹیسٹ سیریز ہونے والی ہے تو اس سے پہلے یہ دونوں سابق کھلاڑی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف سرگرم ہوگئے ہیں۔
ایک ویڈیو انٹرویو کے دوران مائیکل وان سے سوال کیا گیا کہ ایک موجودہ یا سابق کرکٹر جسے آپ سوشل میڈیا پر بلاک کرناچاہیں گے تو انہوں نے فوراً جواب میں وسیم جعفر کا نام لیا۔ وان کے اس عمل پر وسیم جعفر نے بھی بہت ہی دلچسپ انداز میں ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ۲۰۰۷ء میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز کی ایک تصویر کو شیئرکی جس میں ہندوستانی ٹیم نے انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد جشن منایا تھا۔
۲۰۰۷ء میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں وسیم جعفر ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھے۔اس وقت انگلینڈ کی ٹیم کے کپتان مائیکل وان تھے۔ ہندوستان نے سیریز میں ایک ہی میچ جیتا تھا اور اس میں وسیم جعفر نے نصف سنچری بنائی تھی۔ وسیم جعفر کے ذریعہ شیئر کردہ تصویراور ویڈیو ریکارڈنگ پر ٹویٹر کے صارفین نے ان کی پزیرائی کی ہے۔ ایک یوزر نے لکھا’’وسیم بھائی آپ زبردست ہیں۔ آپ ہر جگہ چھاجاتے ہیں۔ چاہے وہ کرکٹ کا میدان ہو یا کوچنگ کی فیلڈ، آپ میدان سے باہر بھی زبردست ہیں۔ ‘‘ایک یوزر نے ریتک روشن کی روتی ہوئی تصویر کرتے ہوئے اس کے نیچے مائیکل وان کا نام لکھا ہے۔