EPAPER
Updated: February 15, 2022, 1:48 PM IST | Meena | Mumbai
بیشتر خواتین غصے کا اظہار کرنے کے فوراً بعد خاموش ہوجاتی ہیں مگر چند خواتین دیر تک غصے کی حالت میں رہتی ہیں۔ ایسی خواتین کا غصہ کرنا بہت نقصاندہ ہوسکتا ہے۔ اس لئے انہیں اپنے غصے پر قابو پانا سیکھنا چاہئے۔ چند اچھی عادتیں اپنا کر آپ شدید غصے پر بآسانی قابو پا سکتی ہیں
غصہ کرنا صحت کے لئے بالکل ٹھیک نہیں ہوتا ہے۔ بیشتر خواتین غصے کا اظہار کرنے کے فوراً بعد خاموش ہوجاتی ہیں مگر چند خواتین دیر تک غصے کی حالت میں رہتی ہیں۔ ایسی خواتین کا غصہ کرنا بہت نقصاندہ ہوسکتا ہے۔ اس لئے انہیں اپنے غصے پر قابو پانا سیکھنا چاہئے۔ یقیناً کسی بھی بات پر غصہ آنا ایک فطری جذبہ ہے لیکن ایک حد ضروری ہے۔ بہت زیادہ غصہ آپ کی صحت کو متاثر کرسکتا ہے۔ غصے کو قابو پانے کے لئے چند باتوں پر عمل کیا جاسکتا ہے:
جذبات کا اظہار کیجئے
اگر آپ کو کسی بات پر غصہ ہے تو اس کا اظہار احتیاط سے کیجئے۔ یعنی اپنا اور دوسرے کا احترام کرتے ہوئے بات کریں۔ الزام تراشی یا غلط الفاظ کے استعمال سے پرہیز کیجئے۔ سنی سنائی باتوں کو بغیر تحقیق کئے نہ مانیں۔ اگر اپنے جذبات کا اظہار کرنا آپ کے لئے ممکن نہ ہو تو ایسی صورتحال میں ماہر ِ نفسیات مشورہ دیتے ہیں کہ آپ اپنے دماغ میں آنے والے خیالات کو ایک ڈائری میں لکھنا شروع کردیں یعنی جو بھی آپ اس وقت محسوس کر رہی ہیں لفظ بہ لفظ لکھ ڈالیں، اس طرح آپ کے دل کی تمام بھڑاس نکل جائے گی اور آپ بہتر محسوس کریں گی۔
خاموش رہیں
بقول ڈاکٹر اسپیل برجر (امریکی محقق) یہ طریقہ بہترین ہے اور پرسکون رہنے کے لئے اسی کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ اگرچہ غیظ و غضب کی حالت میں خاموش رہنا بے حد مشکل امر ہے۔ لیکن اس ایک عادت کو اپنانے سے آپ غصے کے خلاف آدھی جنگ جیت لیں گے۔ کیونکہ خاموشی آپ کو سوچنے سمجھنے کا وقت دے گی اور آپ جذبات کی رو میں بہہ کر کچھ ایسا نہیں کریں گے کہ بعد میں پچھتانا پڑے۔ محققین ایسے وقت میں گہرے سانس لینے اور اپنے دل میں کوئی بھی پرسکون لفظ یا جملہ دہرانے کا مشورہ دیتے ہیں۔
خود سے مثبت باتیں کیجئے
شدید جذباتی حالت میں اکثر انسان منفی باتیں سوچتا ہے جو جلتی پر تیل کا کام کرتا ہے۔ جبکہ خود کو مثبت رکھنا اور مثبت باتیں سوچنا آپ میں صبر اور شکر کے جذبات پیدا کرکے آپ کو پرسکون رہنے میں مدد دے گا۔ اسی طرح کسی ایسے شخص سے بات کی جاسکتی ہے جو قابلِ بھروسہ ہو اور آپ کو درست مشورہ دے سکے۔
اپنی پوزیشن تبدیل کریں
پوزیشن بدلنے سے مراد ایک تو یہ ہے کہ آپ اس جگہ سے ہٹ جائیں تاکہ اس کیفیت کو مزید بڑھنے سے روکا جاسکے۔ اور دوسرا طریقہ یہ ہے کہ غصے کی حالت میں اگر انسان کھڑا ہے تو بیٹھ جائے، بیٹھا ہے تو لیٹ جائے۔ پانی کا استعمال جیسا کہ پانی پینا، ہاتھ اور پاؤں کا دھونا اور نہانا بھی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
ورزش کیجئے
ورزش آپ کے جسم میں خوشی کے ہارمونز پیدا کرتی ہے جنہیں اینڈورفین کہا جاتا ہے۔ ورزش کو اپنا معمول بنانا آپ کے غصے کو کم کرنے میں سودمند ہوگا۔ آپ اپنی پسندیدہ ورزش کا انتخاب کیجئے۔ چہل قدمی، تیراکی، یوگا، باکسنگ، سائیکلنگ، کرکٹ یا اسی طرح کی کوئی اور ورزش یا کھیل کھیلیں اور پھر کھیل ہی کھیل میں آپ غصے کو پچھاڑ دیں گے ساتھ ہی آپ ہشاش بشاش محسوس کریں گی۔
وقت کا صحیح استعمال کرنا سیکھیں
غصے کی ایک اہم وجہ بہت سے کاموں کا جمع ہوجانا یا وقت پر نہ کر پانا ہے، جس کی وجہ سے اسٹریس بڑھتا ہے، اور انسان نیند کی کمی، بھوک اور تھکاوٹ کے باعث آسانی سے غصے کا شکار بن جاتا ہے۔ لہٰذا آج کا کام آج ہی مکمل کرنے کی عادت کو پختگی سے اپنالیجئے۔
اپنی صحت کا خیال رکھیں
متوازن غذا لیجئے، کام اور آرام میں توازن رکھیں، اپنے پیاروں کے ساتھ وقت گزاریں اور اپنی روٹین میں سیر و سیاحت کو بھی شامل کیجئے۔ یہ تمام عادات آپ کی جسمانی، ذہنی، جذباتی اور روحانی صحت کو بہترین بنانے کےلئے اکسیر ہیں۔
؍۱۰؍ تک گنتی
اپنے غصے یا جذبات پر قابو کرنے کے لئے ۱۰؍ تک گنتی کریں۔ یہ بات عجیب لگے مگر اسے آزما کر ضرور دیکھیں۔ غصہ آنے پر اپنے مزاج کو تبدیل کرنے کے لئے ایک گہری سانس لیں اور گنتی شروع کر دیں۔ آپ خود محسوس کریں گی کہ ۱۰؍ تک گنتی گننے تک آپ کا غصہ غائب ہوچکا ہوگا۔
اپنی پسند کا کھانا
جی ہاں! غصے کی حالت میں اپنی پسند کا کھانا کھائیں۔ اس طرح آپ کا موڈ بدل جائے گا۔ آخر میں یہ جان لیجئے کہ لوگ اہم ہیں، اس لئے درگزر سے کام لیں۔ دوسروں کو معاف کرنا سیکھیں۔ معاف کرنے سے آپ خود پُرسکون محسوس کریں گی اس لئے معاف کرنا سیکھیں۔ یہ ایک خوبی آپ کی قسمت بدل دے گی اور آپ اپنوں اور دوسروں کے ساتھ ایک صحتمند اور خوش و خرم زندگی بسر کرسکیں گی۔