EPAPER
Updated: October 07, 2021, 12:37 PM IST | Inquilab News Network | Dubai
آج آئی پی ایل میں پنجاب کنگز اور چنئی سپرکنگز کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ۔ مہندر سنگھ دھونی کی ٹیم ٹاپ ۲؍ میں جگہ بنانا چاہے گی۔ پنجاب کی ٹیم پلے آف کی امیدوں کو زندہ رکھنے کیلئے کھیلے گی
چنئی سپر کنگز ، جو پلے آف میں جگہ کو یقینی بنانے کے بعد مسلسل ۲؍ شکستوں سے دوچار رہی ہے،دوبارہ جیت کی پٹری پر لوٹنے کی کوشش کرے گی اور جمعرات کو یہاں پنجاب کنگز کا سامنا کرنے پر پوائنٹس ٹیبل کے ٹاپ ۲؍ میں رہنے کی ہر ممکن تگ ودوکرے گی ۔ مہندرسنگھ دھونی کی قیادت والی ٹیم پنجاب کے خلاف فتح کی مضبوط دعویدار ہے۔پنجاب کی ٹیم پلے آف کی دوڑ سے باہر ہونے کی دہلیز پر ہے۔ پچھلے سال کی ناقص کارکردگی کو بھولنے کے بعد اس سال شاندار مقابلہ کرنے والی مہندر سنگھ کی ٹیم نے متحدہ عرب امارات کے مرحلے میں اچھی کارکردگی پیش کی ہے اور اسے ہرانا آسان نہیں ہوگا۔ چنئی کے بلے باز اچھے فارم میں ہیں۔ ریتوراج گائیکواڈ اور تجربہ کار جنوبی افریقی بلے باز فاف ڈو پلیسس نے ٹاپ آرڈر میں عمدہ کھیل پیش کیا جبکہ امباتی رائیڈو نے مڈل آرڈر میں مفید شراکت کی۔ معین علی نے بولنگ اور بیٹنگ دونوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ، لیکن سریش رائنا اور دھونی کا خراب فارم چنئی کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ رویندر جڈیجا نے ایک بار پھر آل راؤنڈر کے طور پر اپنا کردار بخوبی نبھارہے ہیں۔ دوسری طرف چنئی سپرکنگز کےگیندباز راجستھان رائلزکے خلاف اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے۔ انہیں ٹورنامنٹ کے اہم مرحلے سے بہت پہلے اپنی غلطیوں کی اصلاح کرنی ہوگی۔ دیپک چاہر نے اب تک۱۲؍ وکٹ لئے ہیں اور ٹیم کو چند مواقع پر اچھی شروعات فراہم کی ہے۔ شاردُل ٹھاکر کے نام۱۵؍ وکٹ ہیں اور وہ اپنے فارم کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ جوش ہیزل ووڈ اور ڈوین براوو نے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ سیم کورین زخمی ہونے کی وجہ سے باقی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں ، لیکن چنئی کیلئے زیادہ پریشانی نہیں ہے کیونکہ براوو کی حالت اچھی ہے۔ جہاں تک پنجاب کا تعلق ہے وہ مسلسل اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکا ہے۔ کے ایل راہل کی قیادت میں ٹیم ۱۰؍ پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔ راہل اب تک۵۲۸؍ رن بنا چکے ہیں جبکہ ان کے کرناٹک کے ساتھی مینک اگروال نے۴۲۹؍ رن کا تعاون دیا ہے لیکن ان کے دوسرے بلے باز رن نہیں بنا سکے جو کہ پنجاب کے لیے نقصان کا باعث بن رہا ہے۔ محمد سمیع (۱۸؍ وکٹ) اور ارشدیپ سنگھ (۱۶؍ وکٹ) بولنگ میں ان کے ستارے رہے ہیں جبکہ روی بشنوئی نے اسپن ڈپارٹمنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ پنجاب ایک بڑی جیت پر نظر رکھے گا تاکہ وہ پلے آف تک رسائی کی اپنی تاریک امیدوں کو زندہ رکھ سکے۔