Inquilab Logo Happiest Places to Work

عثمان خواجہ کی سنچری کی بدولت آسٹریلیا کا پلڑا بھاری

Updated: January 07, 2022, 12:19 PM IST | Agency | Sydney

میزبان ٹیم نے ۸؍وکٹ پر ۴۱۶؍رن بناکر اننگز ڈکلیئر کردی،انگلینڈ کے گیندباز اسٹوارٹ براڈ نے ۵؍وکٹیں حاصل کیں

Usman Khawaja.Picture:INN
عثمان خواجہ ۔ تصویر: آئی این این

ایشیز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ کا دوسرا دن آسٹریلیائی بلے باز عثمان خواجہ کے نام رہا۔۲۰۱۹ء کے بعد پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے خواجہ کو ٹریوس ہیڈ کے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد ٹیم میں جگہ دی گئی اور انہوںنے اس موقع کے پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے نہ صرف سنچری بنا ڈالی بلکہ اپنی ٹیم کا پلڑا بھی بھاری کردیا۔پاکستانی نژاد عثمان خواجہ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناظرین کا دل جیت لیا۔ عثمان خواجہ نے ایک بار پھر یہ ثابت کردیا کہ انہیں آخر کم بیک کنگ کیوں کہا جاتا ہے۔اس شاندار کارکردگی کو دیکھنے کےلئے ان کے اہل خانہ بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔جیسے ہی آسٹریلیائی بلے بازنے سنچری مکمل کی تو ان کی اہلیہ ریچل کی خوشی قابل دید تھی۔میچ کے بعد ان کی اہلیہ نے بتایا کہ پورا خاندان اس وقت کا بے صبری سے انتظار کر رہا تھا۔ عثمان خواجہ  نے ۲۰۶؍گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے۱۳۷؍رنوں کی اننگز کھیلی جو میزبان ٹیم کےلئے کافی کارآمد ثابت ہوسکتی ہے۔انہوںنے اسٹیو اسمتھ(۶۷)کے ساتھ سنچری  پارٹنرشپ نبھائی۔جب ایک اینڈ سے وکٹیں گررہی تھیں تو انہوںنے سنبھل کر بلے بازی کی اور دیگر بلے بازوں کے ساتھ چھوٹی چھوٹی شراکت نبھاتے ہوئے ٹیم کو اچھی پوزیشن میں پہنچانے میں اہم رول ادا کیا۔عثمان خواجہ نے ۲۰۱؍گیندوں میں۱۱؍چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی۔ حالانکہ اننگز کے دوران جب وہ ۳۰؍رنوں پر کھیل رہے تب جیک لیچ کی گیندپر جو روٹ نے ان کا کیچ چھوڑ دیا تھا۔  آسٹریلیائی بلے باز عثمان خواجہ نے اپنی سنچری اننگز کے دوران  ٹیسٹ کرکٹ میں ۳؍ہزار رن بھی مکمل کر لئے۔ان کی ۷؍گھنٹوں کی میراتھن اننگز کو انگلینڈ کے گندباز اسٹوراٹ براڈ نے ختم کیا۔جب عثمان خواجہ میدان سے پویلین لوٹنے لگے تو اسٹیڈیم میں موجود ۲۵؍ہزار سے زائدہ شائقین نےکھڑے ہوکر اور تالیاں بجاکر ان کا استقبال کیا۔
 اس سے قبل اپنا ۸۱؍واں ٹیسٹ میچ کھل رہے سابق کپتان اسٹیو اسمتھ نے اپنی ۳۳؍ویں ہاف سنچری۱۱۶؍گیندوں میں مکمل کی۔ اسمتھ نے جب ۳۰؍رن بنائے تب انہوںنے ٹیسٹ کرکٹ میں ۶؍ہزار۹۹۶؍رن بنانے والے آسٹریلیائی بلے باز جسٹن لینگر کو پیچھے چھوڑ دیا اور خود ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والےچھٹے آسٹریلیائی بلے از ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ اسٹیو اسمتھ نے ٹیم کے موجودہ کوچ جسٹن لینگر سے ۲۴؍میچ پہلے ہی ان سے آگے نکل گئے۔ خواجہ نے کپتان پیٹ کمنس کیساتھ ساتویں وکٹ کیلئے ۴۶؍اور مشیل اسٹارک کے ساتھ آٹھویں وکٹ کیلئے۶۷؍ رن جوڑے۔ کمنس نے ۳۷؍گیندوں میں ۲۴؍اور اسٹارک نے ۶۰؍ گیندوں میں ناٹ آؤٹ ۳۴؍رن بنائے۔ خواجہ آٹھویں بلے باز کے طور پر آؤٹ ہوئے۔انگلینڈ کی جانب سے تیز گیند باز اسٹوارٹ براڈ ۱۰۱؍ رن کے عوض ۵؍ وکٹیں لے کر سب سے کامیاب گیندباز رہے۔ جیمس اینڈرسن، مارک ووڈ اور جو روٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔انگلینڈ کی جانب سے اسٹمپ تک حسیب حمید اور جیک کرولی ۲۔۲؍ رن کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK