Inquilab Logo Happiest Places to Work

جھولن اور اسمرتی کی بدولت خواتین ٹیم انڈیا نے جنوبی افریقہ کو شکست دےدی

Updated: March 10, 2021, 2:38 PM IST | Agency | Lucknow

خواتین ٹیم انڈیا کی ۹؍وکٹ سے فتح۔ سیریز ایک ۔ایک سے برابر۔ جھولن نے ۴؍وکٹ لئے اوراسمرتی کی نصف سنچری

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

 تیز گیند باز  جھولن گوسوامی (۴۲؍ رن پر ۴؍ وکٹ)  کی  شاندار گیندبازی کے بعد اسمرتی مندھانا (۸۰؍ ناٹ آؤٹ) اور پونم راؤت (ناٹ آؤٹ۶۲؍رن) کے درمیان ۱۳۸؍ رن کی ناقابل شکست شراکت کی بدولت خواتین ٹیم انڈیا نے ۵؍ میچوں کی یکروزہ  سیریز کے دوسرے میچ میں مہمان ٹیم جنوبی افریقہ کو۹؍ وکٹ سے ہراکر کامیابی حاصل کرلی۔اٹل بہاری واجپئی ایکانہ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے  جانے والے  میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم۴۱؍ اوورس  میں محض۱۵۷؍ رن  پر ڈھیر ہوگئی۔ جواب میں  ہندوستان کی  خواتین  ٹیم نے۲۸ء۴؍ اوورس میں فاتحانہ ہدف حاصل کرکے سیریزایک۔ ایک  سے برابر کر دی ۔  پہلا وکٹ گنوانے کے بعد کریز پر آنے والی   اسمرتی نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پونم اورا سمرتی نے مہمان گیندبازوں کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے میدان کے چاروں طرف خوبصورت شاٹ لگائے۔ ۲۰۱۶ء میں آئی سی سی وومین ٹیم آف دی ایئر میں منتخب ۲۴؍ سالہ بائیں ہاتھ کی  بلے باز ا سمرتی نے  اپنی۱۹؍ ویں نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے اپنی ناٹ آؤٹ  اننگز میں صرف ۶۴؍ گیندوں میں۸۰؍رن بنائے جس میں ان کے۱۰؍ چوکے اور ۳؍ چھکے شامل ہیں۔ ان کی شریک کھلاڑی پونم راؤت نے  دوسرے سرے  پر کھیلتے ہوئے  اپنی ۱۵؍ ویں نصف سنچری مکمل کی۔  ریلوے اور ممبئی کیلئے فرسٹ کلاس میچ کھیل چکی پونم  نے۸۹؍ گیندوں پر۶۲؍ رن بنائے اور اس دوران ۸؍ مرتبہ گیند کو  باؤنڈری لائن کے پار پہنچایا۔   قبل  ازیں ہندوستانی کپتان میتھالی راج نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ  کا فیصلہ کیا۔ جھولن گوسوامی (۴۲؍ رن پر ۴؍ وکٹ) ، مانسی جوشی (۲۳؍رن پر ۲؍وکٹ) اور راجیشوری گائیکواڈ (۳۷؍ رن پر ۳؍ وکٹ)لئے۔   جنوبی افریقہ کی آدھی ٹیم  دہائی کے  اسکور تک بھی نہیں پہنچ سکی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK