Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹیم انڈیا، ویسٹ انڈیز کا مکمل صفایا کرنا چاہےگی

Updated: February 11, 2022, 1:29 PM IST | Agency | Ahmedabad

تیسرے یکروزہ میچ میں شکھر دھون کی واپسی ہوگی جبکہ کلدیپ کو بھی موقع دیا جا سکتا ہے،مہمان ٹیم کو جیتنے کیلئے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا

Team India is also ready to defeat the visiting team.Picture:PTI
ٹیم انڈیا تیسرے میچ میں بھی مہمان ٹیم کو شکست دینے کےلئے تیار ہے۔تصویر: پی ٹی آئی

ویسٹ انڈیزکیخلاف  تیسرے یکروزہ میچ میں ہندوستان کی نظریں سیریز میں مکمل صفایا کرنے پر مرکوز ہوںگی۔ شکھر دھون کی واپسی سے بلے بازی کو مضبوطی ملے گی۔ واضح رہے کہ ابتدائی ۲؍میچوں میں ٹیم انڈیا نے مہمان ٹیم کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف یکروزہ سیریز سے قبل شکھر دھون سمیت ۴؍کھلاڑی کورونا پازیٹیو ہو گئے تھے۔اب دھون کی دوبارہ ٹیم میں شمولیت کے بعد آخری ۱۱؍کےلئے کچھ تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں۔ان کی غیر موجودگی میں پہلے میچ میں ایشان کشن نے اور دوسرے میچ میں رشبھ پنت نے ہندوستانی کپتان روہت شرما کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تھا۔دوسرے میچ میں ۴۴؍رنوں سے ملنے والی جیت کے بعد کپتان نے کہا کہ شکھر تیسرا میچ کھیلیںگے۔شکھر کی شمولیت کا مطلب ہوگا کہ نائب کپتان کے ایل راہل دوبارہ مڈل آرڈر میں وراٹ کوہلی کے ساتھ بلے بازی کریںگے۔ دوسرے میچ میں ۹؍وکٹ پر ۲۳۷؍رن ہی بنانے والی ٹیم انڈیا کو پہلے بلے بازی کرنے پر بڑا اسکور بنانا ہوگا۔ کپتان روہت شرما گزشتہ میچ میں نہیں چل سکے تھےلیکن وہ اور دھون فارم میں ہونے پر کسی بھی گیندبازی اٹیک کو تہس نہس کرسکتے ہیں۔رشبھ پنت اور سوریہ کمار یادو ماڈل آرڈر میں بلے بازی کریںگے۔سوریہ کمار یادو نے دوسرے میچ میں ۶۴؍رنوں کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی جگہ محفوظ کر لی ہے۔یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ شریس ایر کو موقع دیا جاتا ہے یا نہیں۔
 ٹیم انڈیا کے گیندبازوں نے پہلے دونوں میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو ۱۷۶؍اور ۱۹۳؍رنوں پر روک دیا تھا۔اب جبکہ ٹیم انڈیا سیریز پر قبضہ جما چکی ہے تو ٹیم انتظامیہ کچھ تبدیلی کرکے نئے کھلاڑیوں کو موقع دے سکتی ہے۔کلدیپ یادو صحتیاب ہوکر ٹیم میں واپسی کےلئے بےتاب ہیں۔انہیں یا پھر لیگ اسپنر روی بشنوئی کو موقع دیا جا سکتا ہے۔ایسا ہونے پر یزویندر سنگھ چہل یا واشنگٹن سندر باہر ہوسکتے ہیں۔اندور کے تیز گیندباز اویش خان بھی موقع ملنے کے انتظار میں ہیں۔تیز گیندباز پرسدھ کرشنا نے دوسرے یکروزہ میچ میں ۴؍ وکٹ لئے جبکہ شاردول ٹھاکر نے بھی  اچھی گیند بازی کا مظاہرہ کیا تھا اس لئے انہیں باہر کرنے کی امید کم ہے۔اگر اویش خان کو شامل کیا جاتا ہے تو محمد سراج کو باہر رہنا ہوگا۔ جہاں تک ویسٹ انڈیز کی بات ہے تو وہ عزت بچانے کےلئے کھیلےگی۔گزشتہ ۱۷؍میچوں میں وہ ۱۱؍ویں بار پورے ۵۰؍اوور بلے بازی نہیں کر سکی ہے۔ٹیم  کے کچھ بلے باز شروعات میں تو اچھاکر رہے ہیں لیکن وہ بڑی شراکت نہیں نبھا پارہے ہیں ۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ان کے گیند بازوں نے اچھی کارکردگی  کی ہے لیکن بلے بازوں کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔ کپتان کیرون پولارڈ اور آل راؤنڈر جیسن ہولڈرکو ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔شائی ہوپ، برینڈن کنگ اور نکولس پورن سے بھی ٹیم کو اچھی کارکردگی کی امید ہوگی ۔تیز گیندبازوں نے ونڈیز ٹیم کےلئے دوسرے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن ٹیم انڈیا کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کےلئے اسے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK