EPAPER
Updated: January 09, 2020, 3:43 PM IST | Agency | Kuala Lumpur
سندھو نے روس کی ایویزنيا كوسیتكايا کو۳۵؍ منٹ میں زیر کردیا۔ پرنئے نے جاپان کے کانتا کو ۳۴؍منٹ میں ہرایا۔ كدامبي سری کانت پہلے راؤنڈ میں جدوجہد کرنے کےبعد ہارگئے۔
کوالالمپور : چھٹی سیڈیافتہ ہندوستان کی پی وی سندھو اور سائنا نہوال نے نئے سال کے پہلے بیڈمنٹن ٹورنامنٹ ملائیشیا ماسٹرس میں بدھ کو خواتین کے سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔مردوں کے سنگلز میں سمیر ورما اور ایچ ایس پرنئے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے لیکن کدامبی سری کانت، پروپلي کشیپ اور بی سائی پرنیت کو پہلے راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
گزشتہ سال عالمی چمپئن سندھو نے خواتین کے سنگلز کے پہلے دور میں روس کی ایویزنيا كوسیتكايا کو۳۵؍ منٹ تک جاری رہے میچ میں مسلسل گیمز میں۱۵۔۲۱، ۱۳۔۲۱؍سے شکست دے دی۔دنیا کی چھٹے نمبر کی ہندوستانی کھلاڑی نے روسی کھلاڑی کے خلاف صفر۔۲؍ کا کریئر ریکارڈ بنا لیا ہے۔
غیرسیڈیافتہ سائنا نہوال نے بلجیم کی ليانے تان کو ۳۶؍منٹ میں۱۵۔۲۱، ۱۷۔۲۱؍ سے مسلسل گیمزمیں شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں داخلہ حاصل کر لیا۔ دنیا میں۱۱؍ ویں رینکنگ کی سائنانہوال کے۴۵؍ ویں رینکنگ کی تان کے خلاف صفر۔۲؍ کا ریکارڈ ہو گیا ہے۔
مردوں کے سنگلز میں سمیر ورما نے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ کر ہندوستانی امیدوں کو برقرار رکھا۔ سمیر نے تھائی لینڈ کے کانتافون وانگ چیرون کو ۴۵؍ منٹ میں مسلسل سیٹوں میں ۱۶۔۲۱، ۱۵۔۲۱؍سے شکست دے دی تھی۔ سمیرورما کا دوسرے راؤنڈ میں ملائیشیا کے لی جی جیا سے مقابلہ ہوگا جن کے خلاف ہندوستانی کھلاڑی ایک ۔۲؍ کا ریکارڈ ہے۔ سمیر عالمی رینکنگ میں۳۳؍ ویں اور لی جیا۱۴؍ ویں نمبر پر ہیں۔
پرنئے بھی دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔ پرنئے نے جاپان کے کانتا سونےیاما کو ۳۴؍منٹ میں ۹۔۲۱، ۱۷۔۲۱؍سے شکست دی۔پرنئے کا اگلا مقابلہ دنیا کے نمبر وَن کھلاڑی جاپان کے کیتوموموتاسے ہوگاجنہوں نے ہندوستان کے کھلاڑی پروپلی کشیپ کو ہرایا۔
مردوں کے سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں۲۳؍ ویں رینکنگ کے کشیپ نے ٹاپ سیڈیافتہ موموتا کو زبردست چیلنج دیا لیکن وہ جاپانی کھلاڑی کو قابو نہیں کر پائے اور ۴۳؍منٹ میں۱۷۔۲۱، ۱۶۔۲۱؍ سے مقابلہ گنوا بیٹھے۔ موموتا نے اسی کے ساتھ پروپلی کشیپ کے خلاف اپنا کریئر ریکارڈ صفر۔۴؍ پہنچا دیا ہے۔
كدامبي سری کانت کو بھی پہلے ہی راؤنڈ میں دوسری سیڈیافتہ چینی تائی پے کے چی چین کے سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑا اور وہ ۳۰؍منٹ میں مسلسل گیمز میں۱۷۔۲۱،۵۔۲۱؍سے مقابلہ ہار گئے۔ اس کے علاوہ بی سائی پرنيت کو بھی پہلے ہی راؤنڈ میں ڈنمارک کے راسمس گیمكے نے ۱۱۔۲۱،۱۵۔۲۱؍ سے شکست دی۔
اس سے قبل کل مردوں کے ڈبلز کے پہلے راؤنڈ میں ساتوک سائیراج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی ہندوستانی جوڑی کو شکست کو سامنا کرنا پڑا جبکہ مردوں کے سنگلز کوالیفکیشن میں شوبھنکر ڈے اور لکشیا سین کوشکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لکشیا نے گزشتہ سال ۵؍ خطاب جیتے تھے لیکن نئے سال میں ان کوكوالیفکیشن میں چوتھی سیڈ یافتہ ڈنمارک کے ہنس کرسٹین وٹنگس نے۴۹؍ منٹ میں۲۱۔۱۱،۱۸۔۲۱، ۱۴۔۲۱؍ سے شکست دی۔ خواتین کے ڈبلز کے کوالیفکیشن میں پوجا ڈانڈو اورسنجنا سنتوش کی جوڑی کی شکست ہوئی۔