EPAPER
Updated: February 06, 2022, 9:10 AM IST | Uandae
فائنل میں سینیگال اور مصر کے درمیان ٹکر۔ سادیو پہلی بار اپنی ٹیم کو فاتح بنانا چاہیں گے اور صلاح کی ٹیم ریکارڈ ۸؍ویں بار خطاب جیتنے کی متمنی
انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل ) کے فٹبال کلب لیورپول کے ۲؍مشہور اسٹار سادیو مانے اور محمد صلاح اتوار کی دیر رات اپنی اپنی قومی ٹیموں کو چمپئن بنانےکیلئے ایک دوسرے کے سامنے ہوں گے۔ افریقہ کپ آف نیشنز کے فائنل میں اتوار کو سادیو مانے کی ٹیم سینیگال اور محمد صلاح کی ٹیم مصرکا مقابلہ ہونے والا ہے۔ یہ دونوں ٹیمیں چمپئن بننے کیلئے ایڑی کازور لگادیں گی ۔
خیال رہے کہ سینیگال نے پہلے سیمی فائنل میں بُرکینا فاسو کو ایک کے مقابلے ۳؍گول سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں سادیومانے نے بھی ایک گول کیا تھا۔ دوسرے سیمی فائنل میں محمد صلاح کی ٹیم مصر نے میزبان کیمرون کو پنالٹی شو ٹ آؤٹ میں ۱۔۳؍ سے ہر ا دیاتھا۔ ان دونوں کا مقابلہ فُل ٹائم تک بغیر گول کے رہا۔
لائنس آف تیرانگا کے نام سے مشہور سینیگال کی ٹیم نے یہ خطاب کبھی نہیں جیتا ہے اور وہ مسلسل دوسری بار فائنل میں پہنچی ہے۔ ۲۰۱۹ء میں ہونے والے مقابلے میں اسے ریاـض محرز کی قیادت والی الجیریا کی ٹیم نے شکست دی تھی۔ سینیگال کو امید ہوگی کہ وہ کیمرون میں خطاب جیتنے میں کامیاب رہے گی۔ اس ٹیم نے گزشتہ ۳؍میچوںمیں ۸؍گول کئے ہیں اور صرف ۲؍گول کھائے ہیں۔
دوسری طرف مصرکی ٹیم کو فائنل تک پہنچنے میں جدوجہد کرنی پڑی ہے۔ گزشتہ۳؍ناک آؤٹ میچوں میں اسے ایکسٹرا ٹائم تک جدوجہد کرناپڑی ہے۔ راؤنڈ ۱۶؍ اور سیمی فائنل میں تو اسے پنالٹی شوٹ آؤٹ تک کھیلنا پڑا تھا۔ مصر کی ٹیم نے سب سے زیادہ ۷؍بار اس خطاب کو اپنے نام کیاہے۔ گزشتہ ۶؍ ایڈیشن میں مصر کی ٹیم نے ۵؍ویں بار فائنل میں داخلہ حاصل کیا ہے۔
افریقہ کپ آف نیشنز کے فائنل میں لیورپول کے ۲؍اسٹار کھلاڑیوں محمد صلاح اور سادیو مانے کے درمیان مقابلہ دلچسپ ہوگا۔سینیگال اورمصر کے درمیان اب تک ۱۲؍ میچ ہوئے ہیں۔ مصرنے ۶؍میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ اسے سینیگال کے ہاتھوں ۴؍میچوں میں شکست ہوئی ہے۔