EPAPER
Updated: February 10, 2022, 12:48 PM IST | Agency | Burnley
ای پی ایل کا میچ برنلے کے خلاف ایک ۔ ایک گول سے ڈرا۔ یونائٹیڈ کی جانب سے پال پوگبا نے گول کیا اور برنلے کیلئے راڈریگیز نے ایک گول کیا
انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل ) کے میچ میں برنلے فٹبال کلب اور مانچسٹر یونائٹیڈ فٹبال کلب کے درمیان مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ دونوں ٹیمو ں کو ایک ایک پوائنٹ ملا۔ نئے منیجر راف رینگنک کی رہنمائی میں بھی یونائٹیڈ کی ٹیم اچھا نہیں کھیل رہی ہے اوراس کے اسٹا رکھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو بھی فارم حاصل کرنے کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ وہ دوسرے ہاف میں متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے میدان پر آئے تھے لیکن کوئی گول نہ کر سکے ۔ اس ڈرا کے بعد مانچسٹر یونائٹیڈ کی ٹیم ٹاپ ۴؍ سے باہر ہوگئی ہے اور رونالڈو کی اس سیزن میں خطاب جیتنے کی امید بھی ختم ہوگئی ہے۔ منگل کی دیر رات ہونے والے میچ میں ۱۲؍ویں منٹ میں یونائٹیڈکے دفاعی کھلاڑی رافیل ویرانے نے گول کیا تھا لیکن ویڈیو اسسٹنٹ ریفری نے ان کے گول کو مسترد کردیا تھا۔ میچ کے ۱۸؍ویں منٹ میں پال پوگبا نے لیوک شاکی مدد سے ٹیم کا پہلا گول کیا اور اسکور صفر۔ ایک کردیا۔ فرسٹ ہاف تک اسکور یہی رہا ۔ میچ کے دوسرے ہاف میں برنلے نے اپنے گھریلو میدان پر زبردست حملے شروع کردئیے، اس کا نتیجہ اسے فوری طورپرملا اور اس نے ۴۷؍ویں منٹ میں ایک۔ ایک گول سے برابری حاصل کرلی۔ جے راڈریگیزنے ڈبلیو ویگ ہورسٹ کی مدد سے ٹیم کیلئے اہم گول کیا۔ اس کے بعد کوئی اور گول نہیں ہوسکا اور یہ میچ ۱۔۱؍ گول کے اسکورپرختم ہواتھا۔ اس ڈرا کے بعد ای پی ایل کے ٹیبل پر مانچسٹر یونائٹیڈ کی ٹیم ۵؍ویں نمبرپر ہے اور اس کے ۲۳؍میچوں میں ۳۹؍پوائنٹس ہیں۔ چوتھے نمبرپر موجود ویسٹ ہیم یونائٹیڈ کے ۲۴؍ میچوں میں ۴۰؍پوائنٹس ہیں۔ برنلے فٹبال کلب اس وقت جدوجہد کررہا ہے اور ٹیبل پر سب سے آخری پوزیشن پر ہے۔ اس کے ۲۰؍میچوں میں ۱۴؍پوائنٹس ہیں۔ ایف اے کپ سے یونائٹیڈ کی ٹیم پہلے ہی باہر ہوچکی ہے ، اسے چوتھے راؤنڈ کے میچ میں مڈلسبورو نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں باہر کردیا تھا۔ اس وقت رونالڈو نے بھی کوئی خاص کارکردگی کامظاہرہ نہیں کیا تھا۔ میچ کے بعد رینگنک نے کہاکہ ہمارے لئے یہ رات بہت ہی پریشان کن تھی۔ ہم اس میچ کو آسانی سے جیت سکتے تھے کیونکہ ہم نے صفر۔ ایک کی برتری حاصل کرلی تھی۔ میں کسی پر الزام تراشی نہیں کرسکتا ۔