Inquilab Logo Happiest Places to Work

گیندبازوں کی بدولت آر سی بی کی شاندار فتح

Updated: October 01, 2021, 12:42 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

رائل چیلجنرز بنگلور نے راجستھان رائلز کیخلاف۷؍وکٹوں سے کامیابی حاصل کی،شہباز احمد اور چہل کی شاندار گیندبازی ،میکسویل نے ہاف سنچری بنائی

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

یزویندر سنگھ چہل اور شہباز احمد کی اسپن جوڑی کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلور(آر سی بی) نے گزشتہ رات کھیلے جانے والے آئی پی ایل مقابلے میں راجستھان رائلز کو ۲۰؍اووروں پر۹؍وکٹوں پر روک دیا۔اس کے بعد گلین میکسویل کی ناٹ آؤٹ ہاف سنچری کی مدد سے ۱۷؍ گیندیں باقی رہتے میچ جیت لیا۔قابل ذکر ہے کہ راجستھان نے  ابتدائی ۱۱؍اووروں میں جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۱۰۰؍ رن بنا لئے تھے لیکن اس کے بعد شہباز اور چہل نے ۲۔۲؍وکٹیں لیتے ہوئے میچ میں آر سی بی کی واپسی کروائی۔میچ میں بقیہ ۹؍اووروں میں راجستھان نے ۸؍وکٹیں گنواتے ہوئے صرف ۴۹؍ رن ہی بنائے۔گزشتہ میچ میں ہیٹ ٹرک لینے والے گیندباز ہرشل پٹیل نے ۳۴؍رن دیتے ہوئے ۳؍بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔یہ تینوں وکٹیں انہوںنے اننگز کے آخری اوور میں حاصل کیں۔ رائل چیلنجرز بنگلور نے ۱۵۰؍ رنوں کے ہدف کو ۱۷ء۱؍اوور میں ۳؍وکٹ گنواکر حاصل کر لیا۔ آر سی بی نے ۱۵۳؍ رن بناکر میچ اپنے نام کرلیا۔گلین میکسویل نے ۳۰؍ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ۶؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۵۰؍رن بنائے۔انہوںنے ایس بھرت کے ساتھ تیسرے وکٹ کی شراکت میں ۶۹؍رن جوڑے۔بھرت نے ۳۵؍گیندوں پر ۳؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۴۴؍رن بنائے تھے۔
 فتح کا تعاقب کرتے ہوئے کپتان وراٹ کوہلی(۲۵)اور دیودت پڈیکل (۲۲) نے پہلے وکٹ کے لئے  ۵ء۲؍اوور میں ۴۸؍رن جوڑکر ٹیم کو اچھی شروعات فراہم کرائی۔پڈیکل آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے۔کوہلی نے اپنی اننگز میں ۴؍چوکے لگائے اور وہ ۷؍ویں اوور میں رن آؤ ٹ ہوئے۔اس کے بعد بھرت اور میکسویل نے آرام سے بلے بازی کی۔بھرت نے ۱۳؍ ویں اوور میں کرس مورس کی گیند پر سکسر مارتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو ۱۰۰؍کے پار پہنچایا۔ حالانکہ وہ اپنی ہاف سنچری سے محروم رہ گئے اور فائن لیگ پر آسان کیچ دے بیٹھے۔اے بی ڈیولیرس(۴) نے چوکا لگاتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ اس سے قبل ٹاس ہارنے کے بعد ایوین لوئیس (۵۸)اور یشسوی جیسوال(۳۱) نے پہلے وکٹ کےلئے ۷۷؍رن جوڑکر رجستھان رائلز کو اچھا آغاز دیا تھا۔کوہلی نے تیسرے اوور میں ہی میکسویل کوگیندبازی میں آزمایہ جن کا استقبال جیسوال نے سکسر مارکر کیا۔لوئیس نے اگئے اوور میں جارج گارٹن کی گیندبازی پر ۲؍چھکے اور ایک چوکا اور پٹیل کی گیند پر مڈ آن پر سکسر مارکر پانچویں اوور میں ہی ٹیم کا اسکور۵۰؍کے پار پہنچا دیا۔ جیسوال نے ڈینیل کرسٹین کی گیندوں کی دھنائی کی لیکن آخر میں اسی آسٹریلیائی گیندباز نے انہیں پویلین کا راستہ دکھایا۔لوئیس نے ہرشل پٹیل کی گیند پر لگاتار ۲؍چوکے مارتے ہوئے اپنے ہاف سنچری مکمل کی۔ کپتان سنجو سیمسن(۱۹) نے لیگ اسپنر چہل کی گیندپر چھکا لگاتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو ۱۰۰؍ سے آگے پہنچایا۔اس کے بعد راجستھان رائلز کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا۔گارٹن نے اپنے اگلے اسپیل میں لوئیس کو پویلین بھیجا جبکہ چہل نے مہیپال لومرور(۳)کو سستے میں نمٹا دیا۔بائیں ہاتھ کے اسپنر شہباز احمد نے اپنے پہلے اوور میں ہی سیمسن اور راہل تیواتیا  (۲)کو پویلین پہنچاکر راجستھان کی پریشانیوں میں اضافہ کردیا۔ایک وقت لگ رہا تھا کہ راجستھان ۲۰۰؍تک پہنچ جائیگا لیکن ۱۵۰؍تک بھی نہیں پہنچ سکا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK