EPAPER
Updated: December 27, 2021, 12:52 PM IST | Agency | Centurion
جنوبی افریقہ کے خلاف ہندوستان نے پہلے دن ۳؍وکٹ کے نقصان پر۲۷۲؍رن بنا لئے،مینک اگروال کی ہاف سنچری
افتتاحی بلے باز لوکیش راہل (ناٹ آؤٹ ۱۲۲) کی شاندار سنچری کی بدولت ہندوستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے دن اتوار کو ۹۰؍اوور میں ۳؍ وکٹ پر ۲۷۲؍رنوں کا مضبوط اسکور بنایا۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان نے لنچ تک کسی بھی وکٹ کے نقصان پر ۸۳؍رن اور چائے کے وقت تک ۲؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۵۷؍ رنوں کے ساتھ ٹھوس آغاز کیا۔ ہندوستان نے آخری سیشن میں ایک وکٹ گنوایا اور اسکور کو ۲۷۲؍رنوں تک پہنچا دیا۔ کے ایل راہل نے پورے عزم اور لگن کے ساتھ بلے بازی کی اور ۲۴۸؍گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۱۲۲؍ رنوں میں ۱۷؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ دوسرے اوپنر مینک اگروال نے بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔انہوںنے ۱۲۳؍ گیندوں میں ۹؍ چوکوں کی مدد سے ۶۰؍ رن بنائے۔ کپتان وراٹ کوہلی نے ۹۴؍گیندوں میں ۴؍چوکوں کی مدد سے ۳۵؍رن بناکر ااؤٹ ہوئے ک جبکہ اجنکیا رہانے نے ۸۱؍گیندوں پر ۸؍ چوکوں کی مدد سے ۴۰؍رن بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ ہندوستان کے تینوں وکٹ جنوبی افریقہ کے تیز گیند باز لونگی انگیڈی کے حصے میں آئیں۔ انگیڈی نے ۱۷؍ اووروں میں ۴۵؍رن دے کر تینوں وکٹیں حاصل کیں۔ دیگر گیند باز ہندوستانی بلے بازوں پر کوئی اثر نہیں چھوڑ پائے۔ لوکیش راہل نے لنچ تک ۲۹؍ناٹ آؤٹ جبکہ مینک اگروال نے ناٹ آؤٹ ۴۶؍ رن بنائے تھے۔ صبح کے دونوں سیشن میں دونوں ہندوستانی بلے بازوں نے جنوبی افریقی گیند بازوں کا پوری صلاحیت سے سامنا کیا۔پہلے سیشن میں کوئی وکٹ نہ گنوانے والے ہندوستان نے دوسرے سیشن میں ۲؍ وکٹ گنوا دئیے لیکن کپتان وراٹ نے راہل کا اچھا ساتھ دیا اور دونوں اسکور کو چائے کے وقفے تک ۱۵۷؍رنوں تک لے گئے۔ لنچ کے بعد مینک نے اپنے کھاتے میں ۱۴؍ رن جوڑے اور لنگی انگیڈی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔اگلی ہی گیند پر انگیڈی نے چیتشور پجارا کو پیٹرسن کے ہاتھوں لیگ سائیڈ میں کیچ کرا دیا۔ پجارا پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ مینک نے ۱۲۳؍گیندوں میں ۹؍ چوکوں کی مدد سے ۶۰؍ رن بنائے۔ ہندوستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیم میں ۴؍تیز گیندبازوں کو شامل کیا ہے۔محمد سراج کو ایشانت شرما پر ترجیح دیتے ہوئے آخری ۱۱؍میںجگہ دی گئی ہے۔