EPAPER
Updated: October 08, 2021, 1:39 PM IST | Agency | Dubai
چنئی سپر کنگز کو۱۳۴؍رنوں پر روکنے کے بعد پنجاب کنگز نے ۶؍وکٹوں سے میچ جیت لیا،کپتان کے ایل راہل نے ناٹ آؤٹ ۹۸؍رن بنائے
کپتان کے ایل راہل (۹۸) کی طوفانی اننگز کی بدولت پنجاب کنگز نے چنئی سپر کنگز کے خلاف آئی پی ایل مقابلے میں ۶؍ وکٹوں سے بڑی جیت حاصل کی۔پنجاب نے پہلے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے چنئی کو ۱۳۴؍ رنوں پرروک دیا اور بعد میں راہل کی جارحانہ بلے بازی سے ۷؍ اوور پہلے ہی۶؍ وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ پنجاب نے ۱۳؍اوور میں ۴؍وکٹوں کے نقصان پر ۱۳۹؍رن بنائے۔ چنئی کے لئے صرف شاردول ٹھاکر کامیاب رہے۔ انہوں نے ۳؍ اوور میں ۲۸؍رن دے کر ۳؍ وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ تمام گیندباز کافی مہنگے ثابت ہوئے۔ راہل نے تمام گیندبازوں کی جم کردھنائی کی۔ چنئی کے لئے اس سیزن کے سب سے کامیاب بولر دیپک چاہر نے ۴؍ اوور میں ۴۸؍جبکہ ڈوین براوو نے ۲؍ اوور میں ۳۲؍ رن دئیے۔ کے ایل راہل نے ۴۲؍گیندوں پر ۷؍ چوکوں اور ۸؍ چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست ۹۸؍ رن بنائے۔ وہ یقینی طور پر ۲؍ رن سے اپنی سنچری سے محروم رہے لیکن ٹیم کو زبردست فتح دلانے سے نہیں چوکے۔ انہیں میچ جیتنے والی اننگز کے لئے `پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ پنجاب کی جانب سے دیگر کوئی بلے با زاتنا متاثرکن نظرنہیں آیا۔ ایڈن مارکرم نے ایک چھکے کی مدد سے ۸؍ گیندوں پر ۱۳؍اور مینک اگروال نے ۱۲؍گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے ۱۲؍رن بنائے۔ \ اس سے قبل پنجاب نے شاندار اور نپی تلی گیندبازی کی اور چنئی کو ۱۳۴؍کے کم اسکور پر روک دیا۔ ارش دیپ سنگھ، روی بشنوئی ، کرس جورڈن اور محمد سمیع نے اچھی گیندبازی کا مظاہرہ کیا۔ ارش دیپ نے ۴؍ اوور میں ۳۵؍رن دے کر ۲؍ ،جورڈن نے۳؍ اوور میں ۲۰؍ رن دے کر ۲؍ ، سمیع نے ۴؍ اوور میں ۲۲؍ر ایک اور بشنوئی نے ۴؍ اوور میں ۲۵؍رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔ پنجاب اس بڑی جیت کے ساتھ ساتویں سے پانچویں نمبر پر آگیا ہے۔ اس نے نہ صرف ۲؍ پوائنٹس حاصل کئے ہیں بلکہ نیٹ رن ریٹ میں بھی اضافہ کیا ہے۔ یہی نہیں ا س کے پلے آف میں پہنچنے کا امکان بھی بن سکتا ہے، اگر ممبئی اور کولکاتہ اپنا آخری میچ ہار جائیں ۔ ممبئی کی صرف شکست جبکہ کولکاتا کے بہت بڑے فرق سے ہارنے پر ہی اس کی پلے آف میں پہنچنے کی امید ہوگی۔ دوسری طرف شکست کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں چنئی کی جگہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے لیکن اس کا نیٹ رن ریٹ دہلی کیپٹلز سے کم ہو گیا ہے جو کل تک اس سے بہتر تھا۔
اس سے قبل سلامی بلے باز فاف ڈو پلیسس کے آخری اووروں میں دھاکہ دار اندازمیں کھیلنے کی بدولت چنئی پہلےبلے بازی کرتے ہوئے ۶؍ وکٹ کے نقصان پر ۱۳۴؍ کا چیلنجنگ اسکور تک پہنچنے میں کامیاب ہوا۔ ڈو پلیسس کے علاوہ دیگرکوئی بلے باز کریز پر ٹکنے اور ہٹ لگانے میں ناکام رہا۔ پچھلے کچھ میچوں سے ٹیم کو مسلسل اچھی شروعات دے رہے ان فام بلے باز رتو راج گائیکواڑ آج کچھ خاص نہ کر سکے اور ۱۴؍گیندوں میں ۱۲؍رن کی سست اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ پچھلے چند میچوں کی طرح چنئی کا مڈل آرڈرپست ہوگیا۔ معین، رابن اتھپا ، امباتی رائیڈو اور کپتان مہندر سنگھ دھونی اننگز کو آگے لے جانے میں ناکام رہے۔ حالانکہ ڈو پلیسس ایک سرے پر ٹکے رہے اورنہ صرف اننگز کو آگے بڑھایا بلکہ آخری اووروں میں چوکے اور چھکے لگا کر ٹیم کو ۱۳۴؍کے چیلنجنگ اسکور تک پہنچا دیا۔ ڈو پلیسس نے ۵۵؍گیندوں پر۸؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۷۶؍جبکہ رویندر جڈیجہ نے ۱۷ گیندوں پر ۱۵؍رن بنائے۔