Inquilab Logo Happiest Places to Work

رافیل ندال اور بارٹی چوتھے راؤنڈ میں، میدویدیف ۵؍ سیٹوں میں جیتے

Updated: February 14, 2021, 4:02 PM IST | Agency | Melbourne

اسٹار ندال نے تیسرے راؤنڈ میں کیمرون نوری کو آسانی سے ہرادیا۔ روس کے میدویدیف نے کراجینووچ کو جدوجہد کے بعد مات دی

Rafael Nadal. Picture:INN
رافیل ندال۔تصویر :آئی این این

عالمی نمبر ۲؍ کھلاڑی اسپین کے رافیل ندال  اورعالمی نمبر ایک خاتون کھلاڑی اور ٹاپ سیڈ یافتہ آسٹریلیا کی ایشلے بارٹی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنیچر کو آسان جیت کے ساتھ سال کے پہلےگرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ میں داخل ہوگئیں جبکہ مردوں میں چوتھی سیڈیافتہ روس کے ڈینیل میدویدیف کو جیت کے لئے ۵؍ سیٹوں تک جدوجہد کرناپڑا۔
 ریکارڈ۲۱؍ویں گرینڈ سلیم ٹائٹل کی تلاش میں مصروف دوسری سیڈیافتہ ندال نے تیسرے راؤنڈ کے مقابلے میں برطانیہ کے کیمرون نوری کو۲؍گھنٹے۱۴؍ منٹ میں۵۔۷، ۲۔۶، ۵۔۷؍سے شکست دے دی۔ ند ال کو کوارٹرفائنل میں جگہ بنانے کے لئے۱۶؍ویں سیڈیافتہ اٹلی کے فابیوفوگینی سے مقابلہ کرناہوگا جنہوں نے۲۱؍ ویں سیڈیافتہ  آسٹریلیا کے ایلیکس ڈی مینور کو۲؍  گھنٹے اور۸؍ منٹ میں۴۔۶، ۳۔۶، ۴۔۶؍ سے شکست دی۔ ندال کا اٹلی کے کھلاڑی  کے خلاف ۴۔۱۲؍ کاکریئر ریکارڈ ہے۔   خواتین میں ٹاپ سیڈیافتہ ایشلے بارٹی نے روس کی ایکاٹیرنا الیکساں ڈروفا کوایک گھنٹہ۲۰؍ منٹ میں۲۔۶، ۴۔۶؍ سے شکست دے دی۔ بارٹی کا مقابلہ چوتھے راؤنڈ میں امریکہ کی شیلبی راجرس سے ہوگا۔ راجرس عالمی درجہ بندی میں۵۷؍ ویں نمبر پر ہیں۔ چوتھے سیڈیافتہ میدویدیف نے سربیا کے فلپ کراجینووچ کو ۳؍ گھنٹے اور ۶؍ منٹ میں۳۔۶، ۳۔۶، ۶۔۴، ۶۔۳،صفر۔۶؍ سے شکست دے کر اپنی مسلسل جیت کے سلسلے کو ۱۷؍ میچ پہنچادیا ہے۔ میدویدیف کا اگلا مقابلہ امریکہ کے مکینزی میکڈونالڈ سے ہوگا۔
 ۵؍ویں سیڈیافتہ یونان کے اسٹیفانوس ستسپاس، ساتویں سیڈ روس کے آندریئی روبلف اور نویں سیڈ اٹلی  کے  ماٹیو بیریٹینی نے  تیسرےراؤنڈ کے اپنے اپنے میچ جیت کر چوتھے راؤنڈ میں جگہ بنالی ہے۔ ستسپاس نے سویڈن کے مائیکل یمیر کو ایک گھنٹہ۳۴؍ منٹ میں ۴۔۶، ۱۔۶، ۱۔۶؍سے، روبلف نے ایک گھنٹے۳۲؍ منٹ میں اسپین کے فیلیشیانو لوپیز کو۵۔۷،۳۔۶، ۲۔۶؍سے اوربیریٹنی نے روس کے کارین کھاچانوف کو  ۶۔۷، ۶۔۷، ۶۔۷؍سے شکست دےدی۔ ستسپاس کا اگلا مقابلہ باریٹنی سے اور روبلف کا اگلا مقابلہ ناروے کے کیسپر روڈ سے ہوگا۔
 خواتین کے زمرے  میں چھٹی  سیڈ چیک جمہوریہ  کی کیرولنا پلسکووا کو تیسرے راؤنڈ میں شکست کاسامنا کرنا پڑا۔ پلسکووا کوان کی ہم وطن کیرولنا موچووا نے۵۔۷، ۵۔۷؍ سے شکست دی۔ پلسکووا اپنی کارکردگی سے اتنی جھنجھلاگئیں کہ انہوں نے اپنا ریکٹ پٹخ دیا جس کے سبب ان کاایک پوائنٹ کاٹ دیاگیا۔موچووا کا مقابلہ چوتھے راؤنڈ میں بلجیم کی ایلس مارٹنس سے ہوگا۔ مارٹنس نے۶۲؍منٹ میں سوئزر لینڈ کی بیلنڈا بینسچ کو۱۔۶، ۲۔۶؍ سے شکست دی۔ ۵؍ویں سیڈیافتہ ایلینا سویتولینا قزاخستان کی یولیا پوتنسیوا کو ۴۔۶، صفر۔۶؍سے ہرا کر چوتھے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔ 
کروشیا کی ڈونا ویکچ نے بھی کامیابی حاصل کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK