EPAPER
Updated: July 31, 2021, 1:55 PM IST | Agency | Tokyo
اپنے سے بہتر رینکنگ والی جاپان کی کھلاڑی یاماگوچی کو ۲؍گیمز میں شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔ اولمپک میں پی وی سندھو کے فارم کو دیکھتے ہوئے طلائی تمغہ کی امید کی جارہی ہے
عالمی چمپئن ہندوستان کی پی وی سندھو نے جاپان کی اکانے یاماگوچی کو جمعہ کو مسلسل سیٹوں میں۱۳۔۲۱، ۲۰۔۲۲؍ سے شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ ٹوکیو اولمپک کے خواتین کے سنگلز زمرے کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا اور وہ اپنا تمغہ برقرار رکھنے سے صرف ایک جیت دور ہیں۔فائنل میں جگہ بنانے کے لئے سندھو کا مقابلہ چینی تائی پے کی تائی جوینگ سے ہوگا۔
ریو اولمپکس ۲۰۱۶ءمیں چاندی کا تمغہ جیتنے والی چھٹی سیڈیڈ سندھو نے چوتھی سیڈ اکانے سے پہلا گیم بآسانی۱۳۔۲۱؍ سے جیت لیا اور دوسرے گیم میں۶۔۲۱؍کی مضبوط برتری حاصل کی لیکن جاپانی کھلاڑی نے زوردارمقابلہ کرتے ہوئے۱۶۔۱۶؍ سے برابری حاصل کی اور پھر۱۶۔۱۸؍ سے آگے ہوگئیں۔ سندھو نے بھی زور لگایا اور ۱۸۔۱۸؍ سے برابری حاصل کرلی۔ اکانے نے اب ۲؍ پوائنٹس لے کر۱۸۔۲۰؍برتری حاصل کی اور میچ میں گیم پوائنٹس تک پہنچ گئیں۔سندھو نے جارحانہ رخ اختیار کرتے ہوئے ۲؍ اسمیش لگاکر۲۰۲۰ء سے برابری حاصل کرلی۔ ہندوستانی کھلاڑی نے پھر سبقت بنائی اور میچ پوائنٹ پر پہنچ گئیں ۔ سندھو اب مسلسل دوسرے اولمپک میں تمغہ جیتنے والی دوسری ہندوستانی کھلاڑی بننے سے صرف ایک جیت دور رہ گئی ہیں۔ان کا سیمی فائنل میں مقابلہ چینی تائی پے کی تائی جوینگ سے ہوگا جنہوں نے تھائی لینڈ کی انتانون رتناچوک کو شکست دی ہے۔ سندھو جس انداز میں کھیل رہی ہیں اور اپنے سے بہتردرجہ بندی والی کھلاڑیوں کو شکست دے رہی ہیں،تو ان سے امید کی جاسکتی ہے کہ وہ طلائی تمغہ بھی جیت سکتی ہیں اور اس میں کسی کو حیرانی نہیں ہوگی۔ میچ کے بارے میں بات کریں تو میچ ابتدائی وقت میں معمولی نظر آرہا تھا لیکن جیسے جیسے وقت آگے بڑھا ، سندھو کی جارحیت بھی اگلی سطح پرپہنچ گئی۔ سندھو نے اپنی جارحانہ ریلی اور اسمیش سے جاپانی حریف کو بیک فٹ پر آنے پر مجبور کردیا۔ یہ ایسے ہی تھا جیسے دنیا کی ۵؍ویں نمبر کی کھلاڑی یاما گوچی نے سندھو کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے ہوں اور ہندوستانی شٹلر نے صرف۲۳؍ منٹ کے وقفے میں پہلا گیم ۱۳۔۲۱؍کے بڑے فرق سے جیت لیا۔