Inquilab Logo Happiest Places to Work

رہانے کے بعد کوہلی کی کپتانی کودیکھنا دلچسپ ہوگا: پیٹرسن

Updated: February 03, 2021, 2:56 PM IST | Agency | New Delhi

انگلینڈ کے سابق کھلاڑی نے کہا:رہانے نے آسٹریلیا میں شاندار کپتانی کی تھی اور اب وراٹ کپتانی سنبھالنے والے ہیں

Kevin Pietersen.Picture :INN
کیون پیٹرسن ۔ تصویر :آئی این این

انگلینڈکے سابق بلے بازکیون پیٹرسن کا خیال ہے کہ آسٹریلیا میں اجنکیا رہانے کی کپتانی میں ہندوستان کی  ایک۔۲؍کی شاندار جیت کے بعد انگلینڈ کے خلاف وراٹ کوہلی کی کپتانی کو دیکھنا دلچسپ ہوگا۔ ہندوستان نے آسٹریلیا میں ۴؍ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک۔۲؍ سے جیت کر بارڈر گاوسکر ٹرافی پر اپنا قبضہ برقرار رکھا۔وراٹ نے آسٹریلیا میں ایڈیلیڈ میں پہلے ٹیسٹ میں ہندوستان کی کپتانی کی تھی جس میں ہندوستان اپنی ٹیسٹ تاریخ کے کم از کم اسکور۳۶؍ رن پر آؤٹ ہو کرٹیسٹ ہار گیا تھا۔  ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی اس ٹیسٹ کے بعد اپنے پہلے بچے کی پیدائش کی وجہ سے وطن لوٹ گئے تھے۔ وراٹ کے لوٹنے کے بعد رہانے نے ٹیم کی قیادت کی تھی۔ رہانے کی کپتانی میں ہندوستان نے میلبورن میں دوسرا ٹیسٹ اور برسبین میں چوتھا ٹیسٹ جیت کر سیریز اپنے نام کی تھی۔ قومی سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے ۲؍ ٹیسٹ کے لئے کپتانی وراٹ کو سونپی ہے  اور رہانے کا بھی کہنا ہے کہ وراٹ ہمیشہ ان کے کپتان رہیں گے۔  انگلینڈکے سابق کپتان پیٹرسن نے اسٹار اسپورٹس کے پروگرام کرکٹ کنکٹیڈ میں ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان۵؍ فروری سے شروع ہونےوالی ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے کہا کہ یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ اس سیریز میں وراٹ کی کپتانی کیسی  رہے گی۔ رہانے نے آسٹریلیا میں شاندار کپتانی کی تھی اور اب وراٹ کپتانی سنبھالنے  والے ہیں۔ دونوں کا تال میل جس طرح کام کرے گا یہ کافی دلچسپ ہوگا۔ ہندوستان کی ٹیسٹ کپتانی کے معاملے پر پوری سیریز کے دوران مسلسل بحث جاری رہے گی۔
 وراٹ اس وقت ہندوستان کے سب سے کامیاب کپتان ہیں ۔ رہانے نے اب تک ۵؍ میچوں میں ہندوستان کی کپتانی کی ہے جس میں سے انہوں نے ۴؍ ٹیسٹ جیتے ہیں۔ پیٹرسن نے سیریز کے بارے میںمزید کہا’’جوفرا آرچر ٹیم میں لوٹ آئے ہیں ، کیا وہ چیتشور پجارا   کو نمٹا سکتے ہیں ۔‘‘ جسپریت بمراہ بھی واپس آگئے ہیں۔ اس ٹیسٹ سیریز میں بہت کچھ ہونے والاہے ، لیکن میری نظر میں سب سے دلچسپ  ہندوستان کی کپتانی ہے۔ وراٹ بطور کپتان لوٹ رہے ہیں جب کہ آسٹریلیا میں رہانے کی کپتانی شاندار رہی تھی۔انگلینڈ کے سلسلے میں پیٹرسن  نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ کپتان جو روٹ کی کپتانی اور کارکردگی سری لنکا میں شاندار رہی تھی۔ روٹ ہندوستان میں شاندارفارم کے ساتھ آئے ہیں۔ لیکن کیا انگلینڈ کے سلامی بلے بازوں کو اتنا وقت ملا ہے کہ وہ اپنی تکنیک کو بہتر کرسکیں۔ سبلے نے آخری ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کیا کراؤلی کو اتنا وقت ملا ہے کہ وہ اپنی تکنیک ٹھیک کرسکیں۔ کیا روری برنس کو جگہ ملے گی۔ ٹیم میں بین اسٹوکس ہیں جو پوری طرح سپر اسٹار ہیں۔ کیا جیمس اینڈرسن ہندوستانی پچوں پر انگلینڈ جیسا کمال دکھا سکیں۔ پیٹرسن  نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم میں اشون، بمراہ ، وراٹ ، رہانے اور پجارا جیسے سپر اسٹار ہیں اور ان میں سے کسی ایک کھلاڑی کو منتخب کرنا مشکل ہے۔ اس لئے مجھے لگتا ہے کہ یہ ایک شاندار سیریز ہوگی۔ سست وکٹ لیکن دو شاندار ٹیمیں۔سابق بلے باز نے سیریز میں ہندوستان کو دعویدار بتاتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ نے اپنی بہترین ٹیم نہیں اتاری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK