Inquilab Logo Happiest Places to Work

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کا مکمل صفایا کر دیا

Updated: December 18, 2021, 1:21 PM IST | Agency | Karachi

ٹی۔۲۰؍سیریز پر تین صفر سے قابضمحمد رضوان اور بابر اعظم کی شاندار ہاف سنچریاں

The players of the Pakistani team that defeated West Indies can be seen happy with the trophy.Picture:PTI
ویسٹ انڈیز کو شکست دینے والی پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ٹرافی کے ساتھ خوش دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر:پی ٹی آئی

کپتان بابر اعظم (۷۹) اور سلامی بلے باز محمد رضوان (۸۷) کی طوفانی اننگز کی بدولت پاکستان نے کراچی میں ویسٹ انڈیز کو تیسرے اور آخری ہائی اسکورنگ ٹی ۔۲۰؍ میچ میں ۷؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز نے کلین سویپ سے بچنے کے لئے ٹاس جیت کر پہلے  بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازوں نے  شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ ۲۰؍اووروں میں ۳؍وکٹوں کے نقصان پر ۲۰۷؍رنوں کا شاندار اسکور بنایا لیکن جواب میں پاکستان نے ۱۸ء۵؍اوور میں ۳؍ وکٹوں کے نقصان پر ۲۰۸؍رن بنا کر میچ جیت لیا اور مہمان ٹیم کا ٹی۔۲۰؍سیریز میں مکمل صفایا کردیا۔ پاکستان کی اس جیت کے ہیرو بابر اعظم اور محمد رضوان تھے۔ دونوں نے حال ہی میں ختم ہونے والے آئی سی سی ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ  کی طرح اس میچ میں بھی شاندار بلے بازی کرتے ہوئے پہلے وکٹ کےلئے ۱۵۸؍رنوںکی زبردست شراکت داری کی۔ رضوان نے ۴۵؍گیندوں پر ۱۰؍چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ۸۷؍رن بنائے، بابر اعظم نے ۵۳؍گیندوں پر ۹؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے  ۷۹؍ رنوںکی اننگز کھیلی۔ ۱۵۸؍کے اسکور پر بابر کی شکل میں پہلی اور ۱۸۴؍کے اسکور پر رضوان کے طور پر دوسری وکٹ گری۔ اس کے بعد   بلے بازی کے لئے آنے والے دھماکہ خیز بلے باز آصف علی نے ۷؍ گیندوں پر ۲؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۲۱؍رنوں کی طوفانی اننگز کھیلی۔  محمد رضوان کو ان کی میچ  فاتح اننگز کے لئے ’پلیئر آف دی میچ‘ اور پوری سیریز میں ۲۰۳؍رن بنانے پر’پلیئر آف دی سیریز‘ قرار دیا گیا۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان نکولس پورن نے ۳۷؍گیندوں پر ۲؍ چوکوں اور۶؍ چھکوں کی مدد سے ۶۴؍رنوں کی دھماکہ خیز اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ سلامی بلے باز وںبرینڈن کنگ اور شمرا بروکس نے بالترتیب ۲۱؍گیندوں پر ۴۳؍اور ۳۱؍ گیندوں پر ۴۹؍رن بنائے۔ بولنگ میں روماریو شیفرڈ، ڈومینک ڈریکس اور اوڈین اسمتھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ دوسری جانب پاکستان کی جانب سے محمد واسع جونیئر نے ۲؍ اور شاہنواز دہانی نے ایک وکٹ حاصل کی۔قابل ذکر ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کورونا انفیکشن کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا ہے۔  ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے ۵؍ اراکین کورونا مثبت پایا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK