EPAPER
Updated: January 11, 2022, 1:01 PM IST | Agency | Melbourne
آسٹریلیا کی ایک عدالت نے اسٹار ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ کا ویزا منسوخ کرنے کے حکومتی فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا ہے
آسٹریلیا کی ایک عدالت نے اسٹار ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ کا ویزا منسوخ کرنے کے حکومتی فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ تاہم اس کے باوجود آسٹریلوی حکومت جوکووچ کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کر سکتی ہے۔ آسٹریلیا کی پولیس نے ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کو عدالت سے ملک بدری کا مقدمہ جیتنے کے کچھ ہی دیر بعد دوبارہ حراست میں لے لیا۔ سرب ٹینس کھلاڑی کی اس قانونی جیت کو بالخصوص ویکسین مخالف حلقوں کی طرف سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ پیرکو ایک آسٹریلوی عدالت نے کہا کہ کینبرا حکومت کی طرف سے جوکووچ کا ویزا منسوخ کیا جانا ناقابل جواز ہے۔ جوکووچ آسٹریلین اوپن میں شرکت کیلئے جمعرات کو میلبورن پہنچے تو کووڈ۱۹؍ کے حوالے سے ضوابط کے تحت مناسب سفری دستاویزات کی مبینہ عدم موجودگی کی وجہ سے انہیں گرفتار کر کے ایک بدنام زمانہ امیگریشن حراستی مرکز میں منتقل کر دیا گیا۔ نوواک جوکووچ نے ملک بدر کئے جانے کے آسٹریلوی فیصلے کو عدالت میں چیلنج کیا اور وہ یہ کیس جیتنے میں کامیاب ہو گئے۔ آسٹریلین اوپن ۱۷؍ جنوری سے شروع ہو گی اور جوکووچ اگر اس میں شرکت اور ٹائٹل دوبارہ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئے تو وہ مردوں میں سب سے زیادہ کامیاب ٹینس کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کر لیں گے۔پیرکو سرکٹ کورٹ کے جج انٹونی کیلے نے جوکووچ کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ۳۰؍ منٹ کے اندر اندر جوکووچ کو حراستی مرکز سے آزاد کر دیا جائے اور ان کی سفری دستاویزات انہیں واپس کر دی جائیں۔ یہ معاملہ یہیں ختم نہیں ہوا۔ آسٹریلوی امیگریشن اتھاریٹی کے پاس یہ اختیارات ہیں کہ وہ کسی کا بھی ویزا کسی بھی وجہ کے تحت مسترد کر سکتی ہے۔ آسٹریلین امیگریشن اتھاریٹی نے عدالت کو بھی بتا دیا ہے کہ وہ خصوصی اختیارت کے تحت جوکووچ کو ملک بدر کر سکتی ہے۔ تاہم عدالت نے امیگریشن اتھاریٹی کو خبردار کیا ہے کہ اس صورت میں وہ بھی کارروائی کر سکتی ہے۔ جوکووچ کے وکلاء کے مطابق جب جوکووچ نے ویزے کیلئے درخواست دی تھی تو آسٹریلوی وزارت داخلہ نے ان کے مؤکل کو گزشتہ ماہ ہی کہہ دیا تھا کہ انہیں ملک میں داخلے کی تمام تر ضروریات پورا کرنا ہوں گی تاہم آسٹریلوی حکومت کا کہنا ہے کہ اس کا مطلب یہ ہر گز نہیں اس صورت میں کسی کو بھی ملک میں داخلے کی ضمانت مل جاتی ہے۔واضح رہے کہ نوواک جوکووچ کووڈ کی ویکسین کے خلاف ہیں۔