EPAPER
Updated: April 19, 2020, 1:07 PM IST | Agency | Lahore
وقار یونس کی تنقید پر پاکستانی تیز گیندباز نے کہا: ۵؍ برس کے وقفے کے بعد کرکٹ میں واپسی آسان نہیں ہوتی اور مزید کھیلنا چاہتا ہوں
پاکستانی تیز گیندباز محمدعامر نے طویل فارمیٹ میں واپسی کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جسم ٹیسٹ کرکٹ کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتا۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ۵؍ برس کے وقفے کے بعد کرکٹ میں واپسی آسان نہیں ہوتی۔ واپسی کے بعد تینوں فارمیٹ میں مسلسل کھیلنے کی وجہ سے جسم پر بہت زیادہ بوجھ پڑ گیا۔ تھکاوٹ اور اعصاب پر دبائو محسوس کرنے لگا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ مزید۶؍ سال کرکٹ کھیلنے کیلئے ضروری تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لوں۔طویل فارمیٹ میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ محدود اوورزکے کرکٹ میں بھرپور کارکردگی کیلئے فٹنیس اور فارم برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا۔
واضح رہے کہ محمد عامر نے جولائی۲۰۰۹ء میں سری لنکا کے خلاف گالےٹیسٹ میں اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے ۳۶؍ٹیسٹ میچ کھیلے جس میں ۱۱۹؍ وکٹ لئے۔ انہوں نے۲۶؍ جولائی ۲۰۱۹ء کو طویل فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
محمد عامر نے کہا کہ گزشتہ ۳؍ سال سے میں ہر فارمیٹ کا کرکٹ کھیل رہا ہوں۔ میں نے ورلڈ کپ۲۰۱۹ء بھی انجری میں کھیلا تھا۔ خیال رہے کہ چند روز قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اور ماضی کے عظیم فاسٹ بولر وقار یونس نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ لے کر انٹر نیشنل لیگز کی وجہ سے وائٹ بال کرکٹ پر توجہ دینے والے سینئر بولرز وہاب ریاض اور محمد عامر کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔
وقار یونس نے سڈنی سے پاکستانی صحافیوں کے ساتھ ویڈیو لنک پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرکٹرس نے کبھی فیصلہ نہیں کیا کہ یہ میچ ہمارا آخری میچ ہے، اس کے بعد جب بورڈ نکالتا ہے تو ہم روتے ہیں، اس لئے کھلاڑیوں کو بھی کھلے ذہن کے ساتھ فیصلہ کرنا چاہئے ۔واضح رہے کہ محمد عامر اور وہاب ریاض نے گزشتہ سال ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔