EPAPER
Updated: August 31, 2021, 11:12 AM IST | Agency | Paris
لیگ وَن کے میچ میں پی ایس جی نے ریمس کو صفر۔۲؍ سے ہرا دیا۔ کائلیان ایمباپے نے ۲؍گول کئے۔ میسی نے متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے شروعات کی
پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی ) فٹبال کلب میں لیونل میسی کے دور کا آغاز ہوگیا ہے اور انہوں نے اتوارکی رات ہونےو الے میچ میں متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے شروعات کی۔ لیگ وَن کے میچ میں پی ایس جی فٹبال کلب نے ریمس کو صفر۔۲؍ سے ہرا دیا۔ یہ دونوں گول کائلیان ایمباپے نے کئے۔ فرینچ لیگ میں میسی کو دوسرے ہا ف میں میدان پر آنے کا موقع ملا اور انہوں نے اس میچ میں کوئی گول نہیں کیا۔ اس میچ میں نیمار بھی شامل تھے اور انہیں فرسٹ الیون میں موقع دیا گیا تھا۔ میسی کوان کے عزیز دوست نیمار کی جگہ بحیثیت متبادل کھلاڑی ۶۶؍ویں منٹ میں میدان پر بھیجا گیا۔ برسوں سے ۹۰؍ہزار شائقین کی تعداد والے بارسلونا کے کیمپ ناؤ اسٹیڈیم میں کھیلنے والے لیونل میسی کو ۲۰؍ہزار کی گنجائش والے اسٹیڈیم اسٹیڈ آگسٹ ڈیلون میں کھیلنے کا موقع ملا۔ خیال رہے کہ میسی نے اپنے کریئر میں ۶؍ بیلون ڈی اورخطاب جیتے ہیں اور وہ ۴؍مرتبہ چمپئن لیگ فاتح رہے ہیں اور اتنے بڑے اسٹار کو ۲۰؍ہزار کی گنجائش والے اسٹیڈیم میں کھیلنے کا موقع ملا۔
پی ایس جی کا یہ میچ ریمس کے گھریلو میدان پر تھا اور اس وقت میزبان ٹیم کے شائقین بھی میسی میسی کے نعرے بلند کررہے تھے۔ میسی کی سحرانگیزی اتنی زیادہ تھی کہ ریمس کے گول کیپر پریڈریگ راجکووچ نے اپنے بچے کے ساتھ میسی کے ساتھ تصویر بنوائی۔دونوں ٹیموں کے شائقین کے ذریعہ میسی کے استقبال پر پی ایس جی کے منیجر موریشیو پوشیٹینو بہت خوش ہوئے ۔
منیجرموریشیو پوشینٹینو نے کہا ’’میسی کا ریمس کے میدان پر شاندار استقبال کیا گیا۔ یہ دیکھنے اور سننے لائق تھا۔ ہمارے مداحوں کے ساتھ ریمس کے مداحوں نے بھی میسی کا خیرمقدم کیا۔ ‘‘ میسی بھی شائقین کی محبت سے بہت خوش نظر آئے اور ان کے آنے سے دیگر کھلاڑیوں میں بھی زبردست جوش نظرآرہا تھا۔ اتوار کی را ت ہونے والے میچ کے پہلے ہاف میں کائلیان ایمباپے نے پہلا گول کردیا۔ انہوںنے ۱۶؍ویں منٹ میں اینجل ڈی ماریا کی مدد سے ٹیم کا پہلا گول کیا اور اسکور صفر۔ایک کردیا۔ میچ کے دوسرے ہاف کے آغاز میں ریمس کیلئے مارشل مونیٹسی نے گول کیا لیکن ان کے گول کو رد کردیا گیا۔ ۶۳؍ویں منٹ میں کائلیان ایمباپے نے ایک اور گول کر کے پی ایس جی کی فتح یقینی کردی۔ یہ گول کرنے میں ان کی مدد اشرف حکیمی نے کی۔ میچ کے آخر میں اسکور صفر۔۲؍رہا اور پی ایس جی نے ۳؍ پوائنٹس حاصل کرلئے۔ پی ایس جی نے لیگ وَن میں اپنے شروعات کے ۴؍میچ جیت لئے ہیں اور وہ ٹیبل میں ۱۲؍پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر ہے۔ دوسرے نمبرپر اینگرس کی ٹیم ہے۔